Inquilab Logo

بی کے سی: اُردوکتاب میلہ میں محبانِ اردو کی بھیڑ میں اضافہ

Updated: January 12, 2024, 9:50 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

کوکن ٹیلنٹ فورم اور آئیڈیل فائونڈیشن کے بیت بازی مقابلہ میں ۷؍اسکولوںکے طلبہ نے حصہ لیا۔

ool students can be seen at the Urdu Book Fair. Photo: Inquilab
اردوکتاب میلہ میں اسکولی طلبہ کو دیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: انقلاب

قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان ( این سی پی یوایل) نئی دہلی اور انجمن اسلام ، ممبئی کے  اشتراک سے باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی )میں جاری قومی اُردو کتاب میلہ میں جمعرا ت کو بھی شہر ومضافات کے اسکولوں کے طلبہ کے علاوہ مہاڈ، تلوجہ، پڑگھا، تھانے ، بھیونڈی اور ممبرا کے طلبہ ، اساتذہ او رمحبان ِاُردو نےکثیر تعداد میں شرکت کی۔ میلہ کی میزبانی کوکن کےاُردو اسکولوں نے کیا۔ کوکن ٹیلنٹ فورم اور آئیڈیل فائونڈیشن کی سرپرستی میں بیت بازی مقابلہ، شعبہ اُردو فارسی اورعربی ، ممبئی یونیورسٹی کے زیر نگرانی’ اُردو، فارسی اورعربی تدریس کی صورت حال‘  اور اُردو ڈی ایڈ کالجوں کے زیر اہتمام انٹر کالجیٹ غزل خوانی کا پروگرام منعقد کیا گیا۔
 گزشتہ۶؍ دنوں سے کتاب میلہ میں متواتر آنے والےمدنپورہ کے سماجی کارکن پرویز انصاری (۵۵) نے بتایاکہ ’’میں روزمیلہ میں آرہاہوں ۔ یہاںممبئی  کے علاوہ مہاراشٹر کے مختلف اضلاع اور ملک کےدیگر شہروں سے آئے کتب فروشوںاور پبلشروں کے اسٹالوں پر سیکڑوں موضوعات پر لاکھوں کتابیں دستیاب ہیں جنہیںخریدنےکیلئے   طلبہ اور اساتذہ توبڑی تعدادمیں آرہےہیں لیکن   دیگر طبقے کے اُردو داں برائے نام نظر آرہےہیں جس سے دکانداروںمیںمایوسی پائی جارہی ہے۔  ایسےلوگوںکو میلہ میں آکر کتابیں خریدنی چاہئے لیکن افسوس کے ایسا نہیں ہورہا ہے۔ ‘‘ آگری پاڑہ کے۶۵؍سالہ محمد شفیع احمد کے مطابق ’’ میری کوشش ہوتی ہےکہ میںہردن میلہ میںشرکت کروں۔ یہاں آنے  پر اُردو زبان سے محبت کاالگ احساس ہوتاہے۔ میں نے یہاں سے متعدد کتابیں مطالعہ کیلئے اورچند اصلاحی کتابیں تقسیم کرنے کیلئے خریدی ہیں۔کتابوں کی خریداری سے قطع نظر یہاں کچھ ایسے لوگوں سےملاقات کاشرف حاصل ہواجو اپنی ذات میں انجمن ہیں۔ ان کی علمی اورادبی خدمات سےمیں بے حد متاثر ہوا ہوں۔ میرے نزدیک یہ میلہ اس تعلق سے بہت اہم رہا ہے۔‘‘
’’یہاں آنے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے‘‘
 ایک اسٹال والے نے بتایاکہ ’’جیسے جیسے میلے کے اختتام کاوقت قریب آرہاہے ،یہاں آنے والوںکی تعدادمیں اضافہ ہورہاہے۔ بدھ کی شام کو یہاں آنے والوںکی تعداد میلے کے دیگر ۴؍دنوں کے مقابلے زیادہ تھی۔ ‘‘
بیت بازی مقابلہ میں آمنہ اُسامہ شیخ کو اوّل انعام
 مذکورہ ثقافتی پروگراموں میں کوکن ٹیلنٹ فورم اور آئیڈیل فائونڈیشن کا بیت بازی مقابلہ کافی دلچسپ رہا۔ پروگرام میں کوکن اور تھانے ضلع کے ۷؍ اسکول ، کالسیکر انجمن دردمندانِ تعلیم وترقی (مہاڈ)، واونجے اُردو  (تلوجہ)، کے ای ایم ایس ( پڑگھا)، ایچ کے دیشمکھ پی خطیب  (مہاڈ) اورممبرا وغیرہ کے اسکولوں کے تقریباً ۳۰۰؍ طلبہ نے شرکت کی۔بیت  بازی مقابلہ میں اوّل انعام کے ایم ای ایس ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج کی طالبہ آمنہ اُسامہ شیخ کو ملا۔ دُوم اور سوم انعام بالترتیب ایچ کے دیشمکھ اور کے ای ایم ایس اسکول کے حافظ محمد آصف خان اور آفرین شیخ ملک کودیاگیا۔ حوصلہ افزائی کا چوتھا انعام رئیس ہائی اسکول بھیونڈی کے عاطف عبارت خان کےحصہ میں آیا۔ آئیڈیل فائونڈیشن کےجنرل سیکریٹری دائود عبدالکریم کے مطابق اس پروگرام میں طلبہ کےساتھ ان کے سرپرستوںنے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ طلبہ نے پروگرام کیلئے بڑی محنت کی تھی جس کانتیجہ پروگرام کی کامیابی کی صورت میں سامنے آیاہے۔‘‘
 بیت بازی مقابلہ کےعلاوہ ’ اُردو، فارسی اورعربی تدریس کی صورت حال‘  اور انٹر کالجیٹ غزل خوانی کے پروگرام بھی کامیابی سے ہمکنار ہوئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK