Inquilab Logo

فرضی لون ایپ سے بلیک میلنگ ، نوجوان نے ۱۷؍لاکھ روپے گنوائے

Updated: June 23, 2023, 9:50 AM IST | nashik

چاندوڑ کے نوجوان نے ایک ایپ سے۲۱۶۰؍ روپے کا ’انسٹنٹ لون‘ لیا جس کے بعد اسے۸؍ایپ سے کل ۳؍لاکھ ۸۹؍ہزار کا قرض دلایا گیا اور پھر وصولی کے نام پر بلیک میل کرکے ۱۷؍لاکھ روپے اینٹھ لئے گئے

Cases of fraud through fake loan apps are on the rise
فرضی لون ایپس کے ذریعے فریب دہی کے معاملات بڑھتے جارہے ہیں

ضلع کے چاندوڑ تعلقہ میں فرضی لون ایپ سے بلیک میلنگ کا سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے۔ یہاں رہنے والے۲۸؍سالہ نوجوان مہیش کدم کو بلیک میل کرکے۱۷؍لاکھ ۱۲؍ہزار روپے لوٹ لئے گئے۔ فریب دہی کا یہ  سلسلہ تقریباً دو ماہ تک چلتا رہا۔ 
 معاملہ یہ ہے کہ مہیش کو کچھ پیسوں کی ضرورت تھی ، اس دوران اسے ایک ’ٹیکسٹ میسیج‘ ملا جس میں قرض فراہم کرنے کا پیغام تھا۔ اس میسیج میں ’اسپیشل لون ایپ‘ ڈاؤن لوڈ کرنےکو کہا گیا۔ مہیش نے وہ ایپ ڈاؤن لوڈ کیا اور ۲۱۶۰؍ روپے کا لون حاصل کیا۔ اس کے بعد اس ایپ کے نمائندے کے ذریعہ فون پر مہیش کو بہلایا پھسلایا گیا اور  تقریباً ۸؍ ایپ سے ۳؍لاکھ ۸۹؍ ہزار روپے کا قرض دلوایا گیا۔  پولیس کے مطابق ان فرضی ایپس کے نام یہ ہیں: ’ڈیجیٹل بینک، کیش مور، کیش والیٹ، ایزی لون، فلیش کیش، ہیپی لون، لون مارکیٹ، فیملی لون‘ اس کے بعد ہر دس پندرہ دن پر مہیش سے قرض واپسی کا فوری مطالبہ کیا گیا اور وقت پر لون واپس نہ کرنے پر دھمکی دی گئی ۔ اتنا ہی نہیں اس کے بعد مہیش کےکانٹیکٹ میں موجود سبھی افراد کو مہیش کی فحش تصاویر بھیجی گئیں۔ 
 اے بی پی ماجھا کی رپورٹ کے مطابق مہیش کے ساتھ ساتھ اس کے سبھی جاننے والوں کو لون ایپ کے نمائندے کی جانب سے پریشان کیا گیا۔انٹرنیشنل نمبر سے کبھی وہاٹس ایپ اور کبھی فون پر دھمکیاں دی گئیں۔ اپنی اور اپنے خاندان کی بدنامی سے مہیش اتنا ڈر گیا تھا کہ اس نے اپنی موٹر بائیک، سونے کے زیورات اور دیگر قیمتی چیزیں گروی رکھ کر پیسے اکھٹا کئے اور بلیک میلر کو مختلف  یوپی آئی ڈی پر رقم بھیجی۔ ۴؍اپریل سے ۱۲؍جون ۲۰۲۳ء کے درمیان تقریباً دو ماہ میں مہیش نے دھوکے بازوں کو ۱۷؍لاکھ ۱۲؍ ہزار روپے ادا کئے۔ پولیس اس معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK