Inquilab Logo

بی ایم سی کا منافع کا بجٹ پیش،بال ٹھاکرے سے منسوب ۱۰۰؍ ہیلتھ سینٹروں کااعلان

Updated: February 04, 2022, 9:30 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

۵۰۰؍مربع فٹ تک کے مکانات کا پراپرٹی ٹیکس معاف کرنے سے ہونے والے خسارے کو پورا کرنے کیلئے متعدد اعلانات،۵۰۰؍فٹ سے بڑے مکان کا پراپرٹی ٹیکس ۳؍سال تک بڑھایا جائے گا

Municipal Commissioner Iqbal Singh Chahal can be seen presenting a copy of the budget
میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل بجٹ کی کاپی پیش کرتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں

 ملک کی امیر ترین شہری انتظامیہ برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن(بی ایم سی)کاسالانہ مجوزہ بجٹ برائے سال  ۲۳۔۲۰۲۲ء  میونسپل کمشنرڈاکٹر اقبال سنگھ چہل نےجمعرات کو پیش کیا۔یہ بجٹ ۴۵۹۴۹ء۲۱؍ کروڑ روپےکا ہے جو۸ء۴۳؍ کروڑ روپے منافع کا بجٹ قرار دیا گیا ہے۔ کورونا کی مندی اور ۵۰۰؍ اسکوائر فٹ تک کے گھرو ں کو پراپرٹی ٹیکس سے صد فیصد راحت دینے  کے باوجود منافع کا بجٹ پیش کیا گیاہے اور پراپرٹی ٹیکس کے خسارے کی بھرپائی کرنےکیلئے بی ایم سی نے متعدد اعلانات بھی کئے ہیں۔ ان میں غیر قانونی تعمیرات سے د گنا پراپرٹی ٹیکس وصول کرنا ، ۵۰۰؍ مربع فٹ سے زیادہ رقبے والے مکانات کے پراپرٹی ٹیکس میں ۳؍ سال تک کیلئے اضافہ کرنا اور کوڑا کرکٹ پیدا کرنے والے ہوٹل اور دیگر کاروباریوں سےنئی ’ یوزر فیس ‘ وصول کرنا شامل ہے۔    بجٹ میں میونسپل الیکشن کا اثر بھی نظر آیا اور میونسپل کمشنر نے بالا صاحب ٹھاکرے سے منسوب ۱۰۰؍ ہیلتھ سینٹر شروع کرنے کا اعلان کیا جہاں متعدد سہولتیںمفت مہیا کرائی جائیں گی۔مجوزہ بجٹ گزشتہ برس کے ۳۹۰۳۸ء۸۳؍  کروڑ روپے  سے۶؍  ہزار  ۹۱۰؍ کروڑ ۳۸؍ لاکھ روپے  یعنی  ۱۷ء۷۹؍ فیصد زیادہ رقم کا  ہے۔
 بجٹ میں معیاری سڑکیں، فٹ پاتھ، پل، صحت اور علاج کی سہولیات، گارڈن، الیکٹرک بس سروس، معیاری تعلیم، ساحلی سڑکیں، فلڈ کنٹرول، ندیوں کی بحالی، اسپتالوں، ڈسپنسریوں کی تزئین کاری، معذور بچوں کے علاج کی سہولتیں، ویسٹ مینجمنٹ، فضلہ اور پانی سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے شامل ہیں۔ بنیادی شہری سہولیات جیسے بازار کی ترقی، آکسیجن پلانٹ اور  اسکولوں کی مرمت وغیرہ پر زور دیا گیا ہے۔
نئی اسکیمیں
  بجٹ پیش کرنے کے بعدمیونسپل کمشنر نے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور بی ایم سی کے ذریعے متعدد اسکیموں کی وضاحت کی جو درج ذیل ہیں:
ہیلتھ سینٹر: بی ایم سی کی جانب سے متعدد علاقوں میں ۲۰۰؍ نئے ’ بالا صاحب ٹھاکرے ہیلتھ سینٹر ‘ شروع کئے جائیں گے ۔ ان کیلئے ۴۰۰؍ کروڑ روپے مختص کئے جارہے ہیں۔۱۰۰؍ سینٹر امسال جبکہ ۱۰۰؍ سینٹر اگلے سال شروع کئے جائیں گے ۔ کمشنر نے بتایا کہ ان ہیلتھ سینٹروں میں پیتھالوجی کے ۱۰۱؍ ٹیسٹ اور مختلف قسم کے۳۸؍ ریڈیو لوجی ٹیسٹ کئے جاسکیں گے۔یہ انقلابی قدم ہے اور بی ایم سی ملک کی پہلی بلدیہ ہوگی جو یہ سہولت مہیا کرا رہی ہے۔ اس سے میونسپل کارپوریشن کے تحت چلائے جانے والےبڑے اسپتالوں سے مریضوں کا بوجھ کم ہوگا۔جب کمشنر سے یہ پوچھا گیا کہ بی ایم سی ۱۸۷؍ میونسپل ڈسپنسریوں میں ان میں ہی علاج کی سہولتیں نہیں تو ۲۰۰؍ نئی ڈسپنسریوںمیں یہ نظم کیسے کیا جائے گا؟ میونسپل کمشنر نے کہاکہ ان ہی ڈسپنسریو ںکو جدید سہولتوں سےآراستہ کیا جائے گا۔
۲۰۰؍ شیو یوگ کیندر : شہری اگر ان کے علاقے میں کسی ہال یا مکان کانظم کریں گے تو بی ایم سی وہاں جاکر شیو  یوگ کیندرشروع کرے گی اور یوگا گرو کا نظم بھی بی ایم سی  ہی کرے گی۔بی ایم سی نے ۲۰۰؍ شیو یوگ کیندر شروع کرنے کیلئے ۳۰؍ کروڑ روپے مختص کئے ہیں۔
 ۱۲۰۰؍الیکٹرک بسیں: میونسپل کمشنر نے کہا کہ وزیر ماحولیات  نے ماحولیات کے تحفظ کیلئے الیکٹرک  گاڑیوں متعارف کرنے پر زور دیا ہے اسی لئے بی ایم سی بیسٹ کی ۱۲۰۰؍ بسوں کو الیکٹرک بسوں میں منتقل کرے گا۔
پارکنگ: شہر میں گاڑیوں کی پارکنگ کے مسائل کو ختم کرنے کیلئے ہاؤسنگ سوسائٹیوںسے مل کر پارکنگ سلاٹس مہیاکرانے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔جو سائٹی کچھ وقت کےلئے بھی ان کی پارکنگ کی جگہ دینا چاہیں گی وہ ’ممبئی پارکنگ اتھاریٹی ‘ سے رابطہ کریں گی۔ سوسائٹی کو کچھ معاوضہ دےکر بی ایم سی ان پارکنگ سلاٹس کو آن لائن کرایہ پر دے گی۔ بی ایم سی کا دعویٰ ہے کہ اس سے بی ایم سی کو ۵۰؍ لاکھ تک پارکنگ سلاٹس مل سکیں گے۔
ٹنل لانڈری:اسپتالوں کے کپڑوں کو دھونے کیلئے ٹنل لائنڈری شروع کی جائے گی جس پر بیک وقت ۳۰؍  ہزار کپڑے دھوئے جاسکیں گے ۔
  جھوپڑ پٹیاں نظر انداز 
 ممبئی کی کل آبادی کا تقریباً  ۵۵؍ فیصد جھوپڑپٹیو ں  میں  رہ رہے ہیں۔ بجٹ میں پارکنگ کی سہولتیںمہیا کرانےاور پارکنگ لاٹس کی تزئین کاری کاتو اعلان کیا گیا لیکن جھوپڑپٹیوںکی ترقی کیلئے کوئی اسکیم یا اعلان نہیںکیا گیاہے۔ جب اس ضمن میں نمائندۂ  انقلاب نےمیونسپل کمشنر سے سوال کیا تو انہوں نے بتایا کہ جو ۱۰۰؍ مفت ہیلتھ سینٹرز شروع کئے جارہے ہیں وہ جھوپڑا واسیوں کی سہولت کیلئے تو ہے اس لئے آپ یہ نہیں کہہ سکتے کہ جھوپڑا واسیوں کو بجٹ میں نظر انداز کیا گیا ہے۔اس سلسلےمیںگوونڈی کےسابق کارپوریٹر اور موجودہ رکن اسمبلی رئیس شیخ (جو بی ایم سی میں سماجوادی کے گروپ لیڈربھی ہیں ) نے کہا کہ ’’ یہ امیروں کا بجٹ ہے اور غریبوں کو پوری طرح نظر انداز کیا گیا ہے۔ یہ بی ایم سی کا نہیںبلکہ شیو سینا کا بجٹ معلوم ہوتا ہے ۔ ‘‘
ایجوکیشن بجٹ 
  جنرل بجٹ سے قبل جمعرات کی صبح ۱۰؍ بجکر ۱۸؍ منٹ پر ایجوکیشن کا بجٹ ایڈیشنل میونسپل کمشنر اجیت کمبھارنےایجو کیشن کمیٹی میں پیش کیا۔ ۳؍ہزار  ۳۷۰؍کروڑ ۲۴؍ لاکھ روپے کےاس بجٹ میں طلبہ کو ڈیجیٹل طریقہ سےتعلیم دینے پر زور دیا گیا ہے۔  کیمبریج یونیورسٹی سے ملحق ایک انٹرنیشنل جنرل سرٹیفکیٹ آف سیکنڈری ایجوکیشن ( آئی جی سی ایس ای) اور ایک انٹر نیشنل بیکیلریٹ ( آئی بی ) شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ 
 میونسپل اسکولوں میں ۲۵؍ ایسٹرو نومیکل لیباریٹری شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ۲۵؍ بی ایم سی سیکنڈری اسکولوں میں ای لائبریری جاری ہے اسی طرز پر تجرباتی طور پر ۵۰؍  پرائمری اسکولوں میں ای لابریری شروع کی جائے گی۔ اس کیلئے ۱۰؍ لاکھ روپے مختص۔ 

bmc budget Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK