Inquilab Logo

جونیئر کالج کے ٹیچروں کا بورڈ کے پرچے جانچنے کا بائیکاٹ

Updated: February 28, 2023, 12:16 AM IST | saadat khan | Mumbai

مہاراشٹر اسٹیٹ فیڈریشن آف دی جونیئر کالج ٹیچرس آرگنائزیشن کے احتجاج سےایچ ایس سی کے ۴۰؍لاکھ پرچوںکی جانچ نہیں ہوسکی ۔ نتائج ظاہر کرنےمیں تاخیر کااندیشہ

HSC exam papers have not been checked so far. (file photo)
ایچ ایس سی امتحان کے اب تک کے پرچوں کی جانچ نہیں کی گئی ہے۔ (فائل فوٹو)

امسال  ایچ ایس سی امتحان  کے نتائج ظاہر ہونے  میںتاخیر کا اندیشہ  ہےکیونکہ جونیئر کالج کے جن اساتذہ کے ذریعے  پرچوں کی جانچ کی جانی ہے ،انہوں نے پیپر جانچنے کابائیکاٹ کردیا ہے جس کی وجہ سے اب تک تقریباً ۴۰؍لاکھ پرچوںکی جانچ نہیں ہوسکی ہے جس سے طلبہ اور والدین میں بےچینی پائی جارہی ہے۔  واضح رہےکہ ایچ ایس سی امتحان کا آغاز ۲۱؍فروری سے ہواتھا۔ اس وقت سے طلبہ کے  جوابی پرچے امتحانی مراکز پر ہی پڑے ہیں۔ ٹیچروں کے بائیکاٹ   سے ان پرچوں کی جانچ نہیں ہوسکی ہے۔جب تک اساتذہ بائیکاٹ کافیصلہ واپس نہیں لیں گے، اس وقت تک پرچوںکی جانچ نہیں ہوسکتی ہے۔
 مہاراشٹر اسٹیٹ فیڈریشن آف دی جونیئر کالج ٹیچرس آرگنائزیشن ( ایم ایس ایف جی سی ٹی او) کے رابطہ کار پروفیسر مُکند اندھالکر نے بتایاکہ ’’ ابھی تک ایچ ایس سی کے جوپرچے ہوئےہیں ، ان میں سے کسی ایک پرچے کی بھی جانچ نہیں کی گئی ہے۔ہرپرچےکیلئے اوسطاً ۸؍لاکھ طلبہ امتحان میں شریک ہورہےہیں۔اگر ۵؍پرچوںکا اوسط نکالا جائے تو تقریباً ۴۰؍لاکھ پرچے ایگزام سینٹروںپر جمع ہیں۔ جن کی جانچ کا کام ٹیچروںکی بائیکاٹ سے رکاہے۔ ‘‘ انہوں  نے یہ بھی بتایاکہ ’’ عموماً ایک پرچہ کے ختم ہونے کےبعد بورڈ آفس میں ماڈیٹروں کی میٹنگ طلب کی جاتی ہے لیکن امسال میٹنگ سے متعلق کسی طرح کی پیش رفت نہیں کی گئی ہے ا ور پرچوں کی جانچنے والوںکو کوئی ہدایت بھی نہیں دی گئی ہے۔ پیپر نہ جانچنےکی یہ ایک اور وجہ بھی ہے جو ابھی تک ماڈیٹروںکو  کسی طرح کی ہدایت نہیں ملی ہے۔ یہ ضرور ہےکہ سبھی ماڈیٹروں نے بورڈ کے سیکریٹری کو مکتوب روانہ کرکے اس  بائیکاٹ میں شامل ہونے کی اطلاع   دی ہے۔ خالی اسامیوں کو  پُرکرنے، ریٹائرمنٹ کی عمر ۶۰؍سال اور پرانی پنشن اسکیم نافذ کرنے جیسے مطالبات منظور نہ کئے سے  ایم ایس ایف جی سی ٹی او نے پرچوں کی جانچ کابائیکاٹ کیاہے۔‘‘
 واضح رہےکہ امسال ایچ ایس سی امتحان میں ریاست بھر سے تقریباً  ساڑھے ۱۴؍لاکھ طلبہ شریک ہورہےہیں۔ اگر  جلد ہی پرچوں کی جانچ سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیاگیاتو رزلٹ کی تیاری میں تاخیرہوسکتی ہے۔
  اکھل بھارتیہ اُردو شکشک سنگھ کے جنرل سیکریٹری ساجد نثار نےاس بارے میں  بتایاکہ ’’ ایچ ایس سی کےساتھ آئندہ ۲؍ دن بعد ایس ایس سی کا امتحان بھی شروع ہونےوالا ہے۔ ایسےمیں اگر پیپروںکی جانچ کا بائیکاٹ جاری رہاتو بارہویں کےساتھ دسویں کا امتحان دینےوالے طلبہ کےرزلٹ میں بھی تاخیر ہوسکتی ہے۔ ابھی تو جونیئر کالجو ںکے ٹیچروںنے پیپر جانچنےکابائیکاٹ کیاہے جبکہ ۱۴؍فروری سے پرانی پنشن اسکیم نافذ کرنےکیلئے ریاستی سطح پر ہونےوالے احتجاج سے بھی بورڈ امتحان اور ان کے رزلٹ کی تیاری کےکاموںمیں دشواری اوررکاوٹ پیداہوسکتی ہے۔ ‘‘
 ریاستی وزیر تعلیم دیپک کیسر کر اورایم ایس ایف جی سی ٹی او کےوفد کی اسـ ضمن میں گزشتہ بدھ کو میٹنگ ہوئی تھی جس میں وزیر تعلیم نے چند مطالبات منظورکر نے کی یقین دہانی کرائی تھی لیکن ابھی تک  ان کی منظوری سے متعلق کوئی تحریری کاپی فراہم نہیں کی گئی ہے ۔ ایم ایس ایف جی سی ٹی او کا کہناہےکہ منظوری سے متعلق کاپی   موصول ہونےکےبعد   احتجاج ختم کرنے کےبارےمیں فیصلہ کیاجائے گا۔ 
 ایم ایس بی ایس ایچ ایس ای کے چیئر مین شرد گوساوی نے کہاہےکہ ’’ ایم ایس ایف جے سی ٹی او کے وفد سے مثبت گفتگو ہوئی ہے۔ جلد ہی مذکورہ کاپی بھی ان کے حوالے کی جائے گی۔ ‘‘

board exam Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK