Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایچ ایس سی رزلٹ: ممبئی ڈویژن کے ۹۲؍فیصد طلبہ کامیاب،کوکن سرفہرست

Updated: May 05, 2025, 11:04 PM IST | Mumbai

آج سے ری چیکنگ اور جوابی پرچہ حاصل کرنے کیلئے درخواست دی جاسکتی ہے۔اس مرتبہ بھی طالبات نے برتری برقرار رکھی، وزیر تعلیم نے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دی ، ناکام طلبہ کو مزید محنت کرنے کی مشورہ دیا

The students of Roya College expressed their happiness over their and the college`s brilliant success.
روئیا کالج کی طالبات اپنی اور کالج کی شاندار کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتی ہوئیں۔(تصویر،انقلاب:شاداب خان)

مہاراشٹراسٹیٹ بورڈ آف سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری ایجوکیشن ( ایم ایس بی ایس ایچ ایس ای) کی جانب سے فروری /مارچ ۲۰۲۵ ء میں منعقد ہونے والے بارہویں جماعت ہائر سیکنڈری اسکول سرٹیفکیٹ (ایچ ایس سی)کے امتحانات کے نتائج پیر کی دوپہر ایک بجے آن لائن جاری کر دیئے گئے۔ نتائج کا اعلان بورڈ کے چیئرمین شرد گوساوی اور سیکریٹری دیوی داس کلال نےکیا۔ایچ ایس سی بورڈ امتحانات میں کُل ۱۴؍ لاکھ ۱۷؍ ہزار ۹۶۹؍ طلبہ نے شرکت کی تھی ۔ان میں سے ۱۳؍لاکھ ۲؍ہزار ۸۷۳؍ طلبہ کامیاب ہوئے۔ اس طرح ریاست کے ۹؍ ڈویژنل بورڈ کا مجموعی نتیجہ ۹۱ء۸۸؍ فیصد رہا۔ کوکن ڈویژن (۹۶ء۷۴؍ فیصد)سر فہرست رہا جبکہ ممبئی ڈویژن (۹۲ء۹۳؍فیصد) تیسری پوزیشن پر اور لاتور ڈویژن (۸۹ء۴۶؍ فیصد) آخری پوزیشن پر رہا۔ کولہاپور(۹۳ء۶۴؍فیصد) دوسرے مقام پر، اورنگ آباد(۹۲ء۲۴؍ فیصد) چوتھے، امراؤتی(۹۱ء۴۳؍ فیصد) پانچویں مقام پر اور  پونے (۹۱ء۳۲؍ فیصد)   چھٹے  مقام پر رہا ۔اس مرتبہ بھی طالبات کا نتیجہ طلبا سے بہتر رہا ہے۔ آج (۶؍ مئی سے )ری چیکنگ اور جوابی پرچہ کی نقل حاصل کرنے کیلئے درخواستیں دی جاسکیں گی۔ریاستی ایجوکیشن بوڈر کے ذریعہ یہ امتحان ۱۱؍ فروری تا۱۸؍ مارچ۲۰۲۵ء منعقد کیا گیا تھا۔  
وزیر تعلیم کا پیغام 
 اسکولی تعلیم کے وزیر دادابھسے نےکامیاب ہونے والے طلبہ کو مبارکباد دینے کے ساتھ ساتھ ناکام ہونےو الے طلبہ کو دل برداشتہ نہ ہونے اور اگلی مرتبہ مزید بہتر تیاری کے ساتھ امتحان دینے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ۱۲؍ویں جماعت کا امتحان طلبہ کی تعلیمی زندگی کا ایک اہم مرحلہ ہے۔ اس امتحان میں کامیاب ہونے کے بعد طلبہ اپنی دلچسپی کے مطابق اگلی پڑھائی یا شعبوں کا انتخاب کریں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ امتحان آخری موقع نہیں ہے ،جو طلبہ متوقع کامیابی حاصل نہیں کر سکے انہیں نئے جوش کے ساتھ پڑھنا شروع کرنا چاہیے اور کامیابی حاصل کرنی چاہیے۔
سائنس فیکلی کا آرٹس اور کامرس سے بہتر رزلٹ 
 فیکلٹی کی بات کی جائے تو ایچ ایس سی کے امتحان میں سائنس ، کامرس اور آرٹس میں سب سے بہتر رزلٹ سائنس فیکلٹی کا رہا حالانکہ اس فیکلٹی سے سب سے زیادہ یعنی ۷؍لاکھ ۳۵؍ ہزار۳؍ طلبہ نے ایچ ایس سی کے امتحان میں شرکت کی تھی اس کے باوجود اس فیکلٹی سے ۷؍ لاکھ ۱۵؍ ہزار ۵۹۵؍ طلبہ کامیاب ہوئے اس طرح سائنس کا رزلٹ   ۹۷ء۳۵؍ فیصد رہا۔ دیگر فیکلٹی کا رزلٹ اس طرح ہے :کامرس سے ۲؍ لاکھ ۹۹؍ ہزار ۵۲۷؍ طلبہ بورڈ امتحان میں شرکت ہوئے تھے جن میں سے ۲؍ لاکھ ۷۷؍ ہزار ۶۲۹؍طلبہ کامیاب ہوئے اس طرح کامرس کا رزلٹ ۹۲ء۶۸؍ فیصد رہا۔ بزنس کورسز میں ۲۴؍  ہزار ۴۵۰؍(۸۳ء۲۶؍ فیصد) اورآئی ٹی آئی میں۳؍ ہزار ۵۹۳؍ طلبہ ( ۸۲ء۰۳؍ فیصد) کامیاب ہوئے۔
 کامیاب ہونے والے طلبہ میں سےایک لاکھ ۴۹؍ ہزار ۹۳۲؍ طلبہ نے ۷۵؍ فیصد اور اس سے زیادہ فیصد سے کامیابی درج کرائی جبکہ۴؍لاکھ ۷؍  ہزار  ۴۳۸؍طلبہ فرسٹ کلاس(۶۰؍فیصد اور زیادہ) میںکامیاب ہوئے۔ ۵؍ لاکھ ۸۰؍ ہزار ۹۰۲؍ طلبہ سیکنڈ کلاس اور ایک لاکھ ۶۴؍ ہزار ۶۰۱؍طلبہ پاس کلاس میں کامیاب ہوئے۔
طالبات پھر   آگے
 تمام ۹؍ڈویژنل بورڈ سے۶؍ لاکھ ۷۶؍ ہزار ۹۷۲؍ لڑکے اور ۶؍ لاکھ ۲۵؍ ہزار ۱۰۹؍ لڑکیوں نے کامیابی حاصل کی ۔اس طرح ریگولر لڑکوں کا کامیابی کا  فیصد۸۱ء۵۱؍ فیصد اور لڑکیوں کی کامیابی کا فیصد ۹۴ء۵۸؍ فیصد رہا۔  اس کا مطلب ہے کہ لڑکیوں کا پاس فیصد لڑکوں کے مقابلے میں۵ء۰۷؍ فیصد زیادہ ہے۔ 
چند اہم اسکیمیں اور تاریخیں 
t  ایچ ایس سی کے تنائج کے آن لائن اعلان ری چیکنگ، جوابی پرچہ کی نقل حاصل کرنے اور ری ویلویشن کیلئے درخواست کرنے کی سہولت دی گئی ہے ۔
t ری چیکنگ کیلئے:۶؍مئی تا۲۰؍جون آن لائن درخواست کی جاسکے گی ۔ فی مضمون کی ری چیکنگ کیلئے ۵۰؍ روپے فیس ادا کرنی ہوگی۔
t جوابی پرچوں کی نقل حاصل کرنے کیلئے: ایجوکیشن بورڈ کی جانب سے طلبہ کو ان کے جوابی پرچہ حاصل کرنے کی سہولت بھی مہیا کرائی گئی ہے ۔ طلبہ۶؍مئی تا۲۰؍جون آن لائن /آف لائن یا پوسٹ کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔ایک مضمون کی جوابی پرچہ کی نقل حاصل کرنے کی فیس ۴۰۰؍ روپے ادا کرنی ہوگی۔
t  ’ری۔ولیویشن‘ (جوابات کو دیئے گئے مارکس کادوبارہ جائزہ ):ریاستی ایجوکیشن بورڈ نے فروری /مارچ ۲۰۱۹ء سے جوابی پرچوں کی نقل حاصل کرنے اور اس کے ری  ویلیویشن کی سہولت دی ہے ۔ری ریلیویشن کیلئے جوابی پرچہ کی کاپی لینا لازمی قرار دیا گیا ہے اور بورڈ سے جوابی پرچہ ملنے کے بعد ۵؍دنوں  کے اندر ہی ’ری ولیویشن‘ کا فارم اور فیس ادا کرنا لازمی ہے۔ ایک سبجکٹ  کے ری ولیویشن کی فیس ۳۰۰؍ روپے ادا کرنی ہوگی۔
t رزلٹ کو مزید بہتر بنانے کیلئے ریاستی حکومت نے ’کلاس امپرومنٹ اسکیم ‘ کے تحت طلبہ اگلے۳؍ بورڈ امتحانات میں سبھی مضامین میں شرکت کر کےاپنے رزلٹ کو بہتر بنا سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK