Inquilab Logo Happiest Places to Work

برج بھوشن کا بیان درج، ایس آئی ٹی تشکیل، اسٹیٹس رپورٹ پیش

Updated: May 13, 2023, 10:21 AM IST | new Delhi

پہلوانوں کی ایف آئی آر کے ۲؍ ہفتوں بعد کہیں جاکر بیان ریکارڈ کیاگیا مگر گرفتاری پر خاموشی، ثبوت اکٹھا کرنے کیلئے ۴؍ ٹیمیں یوپی، جھارکھنڈ، کرناٹک اور ہریانہ بھیجنے کا دعویٰ 

Women arriving at Jantar Mantar offer prayers and clap their hands to Bajrang Punia, who joined the protest. (PTI)
جنتر منتر پر پہنچنے والی خواتین احتجاج میں شامل بجرنگ پونیا کو دعائیں دیتے اور سر پر ہاتھ پھیرتے ہوئے۔(پی ٹی آئی)

پہلوانوں   کے احتجاج کے  ۲۰؍ دنوں بعد اور ایف آئی آر کے اندراج کو بھی  کم وبیش  ۲؍ ہفتہ گزر جانے کے بعد دہلی پولیس  نے  بالآخر رسلنگ فیڈریشن آف انڈیا  کے سربراہ اور بی جےپی کے رکن پارلیمنٹ برج بھوشن  شرن سنگھ کا بیان ریکارڈ کرنے کی اطلاع دی ہے۔ برج بھوشن  نے  اپنے اوپر عائدتمام الزامات خارج کر دیئے ہیں۔  اس کے ساتھ ہی پولیس نے دہلی کی مقامی عدالت میں اس معاملے میں اسٹیٹس رپورٹ  پیش کردی  جس میں  ایس آئی ٹی کی تشکیل کی اطلاع دی گئی ہے۔ جانچ ایجنسی کی طرف سے یہ بھی دعویٰ  کیاگیاہے کہ جانچ اور ثبوت اکٹھا کرنے کیلئے  ۴؍ ٹیمیں اتر پردیش،   جھارکھنڈ، کرناٹک اور ہریانہ روانہ کردی گئی ہیں۔ 
برج بھوشن اور سیکریٹری کا بیان درج
 برج بھوشن شرن سنگھ نے دہلی پولیس کو دیئے گئے بیان میں اپنے  اوپر عائد کئے گئے پہلوانوں  کے تمام الزامات کی تردید کی ہے۔دہلی پولیس نے بتایا کہ رسلنگ فیڈریشن کے اسسٹنٹ سیکریٹری  ونود تومر کا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ونود تومر   بھی اس معاملے میں ملزم ہیں۔ برج بھوشن شرن نے اپنی وضاحت میں کچھ ویڈیو ثبوت اور موبائل ڈیٹا اکٹھا کرنے کو کہا ہے۔ دہلی پولیس نے یہ نہیں  بتایا کہ  برج بھوشن سے یہ پوچھ تاچھ کب ہوئی۔ ایک  افسر کے مطابق کچھ دن قبل برج بھوشن کو جان میں شامل ہونے کیلئے کہاگیاتھا اور ان سے ۳؍ گھنٹے پوچھ تاچھ کی گئی۔ 
گرفتاری پر خاموشی
  ایف آئی آر کے اندراج کے باوجود پہلوانوں  نے  اپنا دھرنا اس لئے ختم نہیں کیا کہ پولیس نے  ملزم کو گرفتار نہیں کیا تاہم دہلی پولیس اس سلسلے میں  خاموش ہے۔  اہم بات یہ ہے کہ برج بھوشن پر  جنسی ہراسانی اور زیادتی کا الزام عائد کرنے والوں   میں ایک نابالغ کھلاڑی بھی شامل ہے جس کی وجہ سے معاملہ پوسکو کے تحت درج ہے۔ عام طورپر پوسکو کے تحت درج معاملات میں ملزمین کی فوری گرفتاری ہوتی ہے مگر اس معاملے میں دہلی پولیس گرفتاری سے گریز کررہی ہے۔ 
برج بھوشن کو شواہد پیش کرنے کی ہدایت
 دہلی پولیس کے ایک افسر  کے مطابق برج بھوشن سے ۲؍ مرتبہ پوچھ تاچھ کی گئی ہے اور دونوں  ہی مرتبہ انہوں نے الزامات کو جھوٹ پر مبنی قرار دیا جس کے بعد پولیس نے انہیں اپنی بے گناہی کے ثبوت پیش کرنے کی ہدایت دی  ہے۔ افسر کے مطابق’’تومر سے پوچھ تاچھ کی گئی ہے اورہم نے ان سے دستاویز پیش کرنے کیلئے کہا ہے۔ انہیں  مزید طلب کیا جاسکتاہے۔
اسٹیٹس رپورٹ، ایس آئی ٹی
 ا س بیچ  دہلی پولیس نے خاتون پہلوانوں  کے مقدمے میں جمعہ کو مہر بند لفافے میں  اسٹیٹس رپورٹ پیش کی ۔ اس نے بتایا کہ جانچ کیلئے بنائی گئی ایس آئی ٹی کو۶؍ ٹیموں  میں تقسیم کیا گیا ہے  جس میں ۴؍خواتین پولیس افسر بھی شامل ہیں۔ ایک خاتون ڈی سی پی کی نگرانی میں ۱۰؍ افراد پر مشتمل ٹیم تشکیل دی گئی ہے۔  پہلوانوں کی شکایت پر ثبوت جمع کرنے کیلئے  اتر پردیش، جھارکھنڈ، کرناٹک اور ہریانہ کیلئے ٹیمیں روانہ کی گئی  ہیں۔
 حصار سے۵۰؍ گاڑیوں اور بسوں  
کا قافلوں  جنتر منتر کیلئے روانہ ہوا
 حصار (ایجنسی):پہلوانوں کا احتجاج تحریک کی شکل اختیار کرتا جارہاہے۔ جمعہ کو ۵۰؍ گاڑیوں  اور بسوں پر مشتمل کسانوں کا ایک قافلہ نعرہ بازی کرتے ہوئےجنتر منتر کیلئے نکل پڑا ۔ روانگی سے قبل ضلع کے کسان میڈ ٹول اور ہانسی  بائی پاس پر اکٹھا ہوئے تھےجہاں سے وہ گاڑیوں میں بیٹھ کر دہلی کیلئے روانہ ہوگئے۔ مقامی لیڈر ہرش دیپ سنگھ نے بتایا کہ پیر کو ہی فیصلہ کیاگیا تھا کہ حصار کے کسان جمعہ کو دہلی کیلئے نکلیں گے۔  ۱۵؍ مئی کو حصار میں ذیلی سیکریٹریٹ میں دھرنا بھی دیا جائے گا۔  جنتر منتر پر پہلوانوں کی حمایت میں  کسانوں  اور کھاپوں کی مہا پنچایت میں ہی فیصلہ کرلیاگیاتھا کہ پہلوانوں کو اکیلا نہ محسوس ہونے دینےکیلئے ہرروز لوگ مظاہرہ گاہ پہنچتے رہیں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK