جسٹن ٹروڈو نےبھی نئی دہلی سے بہتر تعلقات کی خواہش ظاہر کی، وزیر خارجہ نے رابطہ میں ہونے کا دعویٰ کیا
EPAPER
Updated: October 05, 2023, 9:34 AM IST
جسٹن ٹروڈو نےبھی نئی دہلی سے بہتر تعلقات کی خواہش ظاہر کی، وزیر خارجہ نے رابطہ میں ہونے کا دعویٰ کیا
ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے معاملے میں کنیڈا کی جانب سے ہندوستان پر الزام عائد کئے جانے کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے بیچ کنیڈا کو اپنا رویہ نرم کرنا پڑ گیاہے۔ ہندوستان نے منگل کو سخت قدم اٹھاتے ہوئے کنیڈا کے ۶۲؍ میں سے ۴۰؍ سفارتکاروں کو ۱۰؍ اکتوبر تک ہندوستان سے نکل جانے کی ہدایت دی ہے۔اس ہدایت کے بعد اوٹاوا نے ہندوستان کے ساتھ ’نجی بات چیت‘ کے ذریعہ مسئلہ حل کرنے کی وکالت کی ہے۔
کنیڈا کے وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کے اس بیان کے بعد کہ ان کی حکومت ہندوستان کو اشتعال نہیں دلانا چاہتی بلکہ ہندوستان کےساتھ مل کر کام کرنا چاہتی ہے، وہاں کی وزیر خارجہ میلانی جولی نے اعلان کیا ہے کہ نئی دہلی کے ساتھ سفارتی روابط قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ہم نجی طور پر بات چیت کاسلسلہ جاری رکھیں گے کیوں کہ ہماری نظر میں سفارتی بات چیت خفیہ رہے تو سب سے بہتر ہوتی ہے۔‘‘ اس بیچ ذرائع کے حوالے سے کنیڈا کی جانب سے یہ دعویٰ بھی کیا جارہاہے کہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں ہندوستانی خفیہ ایجنسیوں کے ملوث ہونے کا ثبوت نئی دہلی کو دیا گیا ہے مگر نئی دہلی نے اس پر تعاون سے انکار کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ ہندوستان کنیڈا کے الزام کو روز اول سے خارج کررہاہے۔اس نے جسٹن ٹروڈو حکومت کو خالصتان حامی دہشت گردوں کو محفوظ پناگاہ فراہم کرنے پر بھی برہمی ظاہر کی ہے۔