سرحد پر قافلہ روک کر کھانا کھانا کھایا گیا، جگہ جگہ مقامی لوگوں سے ملاقاتیں، تیلگوزبان میں بینر اور بی آر ایس کے جھنڈے لگائے گئے، آج کسان سبھا میں شرکت، اور مقامی کارکنان کی پارٹی میں شمولیت
EPAPER
Updated: June 27, 2023, 11:16 AM IST | Solapur
سرحد پر قافلہ روک کر کھانا کھانا کھایا گیا، جگہ جگہ مقامی لوگوں سے ملاقاتیں، تیلگوزبان میں بینر اور بی آر ایس کے جھنڈے لگائے گئے، آج کسان سبھا میں شرکت، اور مقامی کارکنان کی پارٹی میں شمولیت
تلنگانہ کے وزیراعلیٰ چندر شیکھر رائو کی ان دنوں مہاراشٹر پر نظر ہے۔ وہ کسی نہ کسی بہانے ریاست کے دورے کر رہے ہیں۔ آج وہ پنڈھر پور کے تاریخی وٹھل مندر میں وارکری سماج کی روایتی پوجا میں حصہ لیں گے۔ اس کیلئے وہ اپنے پورے لائو لشکر کے ساتھ پیر کو مہاراشٹر میں داخل ہوئے۔ ان کی مہاراشٹر میں مسلسل آمدو رفت کے سبب سیاسی حلقوں میں ہلچل مچی ہوئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے بھی پیر کو پہلی بار ان کے دوروں کے تعلق سے زبان کھولی ہے۔
یاد رہے کہ چندر شیکھر رائو نے پہلے ہی اعلان کر دیا تھا کہ وہ وارکری سماج کی جانب سے منعقد کی جانے والی روایتی مذہبی تقریب میں شریک ہوں گے۔ کچھ لوگ اسے ان کے سیاسی مقاصد کیلئے مقامی عوام سے رابطہ بڑھانے کا ایک ذریعہ بھی قرار دے رہے ہیں کیونکہ اس تقریب میں بے پناہ ہجوم ہوتا ہے۔ اعلان کے مطابق پیر کی دوپہر چندر شیکھر رائو اپنی کابینہ کے تمام وزراء، اور کئی اراکین اسمبلی اور اراکین پارلیمان کیساتھ حیدرآباد کے پرگتی بھون سے شولاپور کیلئے روانہ ہوئے۔ کل ۶۰۰؍ گاڑیوں پر یہ مشتمل ان کا یہ قافلہ شام ہوتے ہوتے مہاراشٹر کی سرحد میں داخل ہوا۔ سرحد ہی پر واقع عثمان آباد ضلع کے مروڈ علاقے میں واقع ایک شادی کے ہال میں کے سی آر کے قافلے کیلئے کھانے کا انتظام کیا گیا تھا۔ یہاں ان کے تمام ساتھیوں نے کھاناکھایا اور آگے کیلئے روانہ ہوئے ۔ خبر لکھے جانے تک بی آر ایس کا یہ قافلہ شولاپور پہنچ چکا تھا۔
۲۲۵؍ کمرے بک کروائے گئے
اطلاع کے مطابق تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ کا رات میں شولاپور میں قیام کرنے کا ارادہ تھا جس کیلئے شہر کے مختلف ہوٹلوں میں کے سی آر اور ان کے ساتھیوں کیلئے مختلف ہوٹلوں میں ۲۲۵؍ کمرے بک کروائے گئے تھے۔ ان کے استقبال کیلئے جگہ جگہ تیلگو زبان میں بینر لگائے گئے تھے جبکہ بی آر ایس کے گلابی جھنڈے بھی نظر آ رہے تھے۔ یاد رہے کہ آج کے سی آر پنڈھر پور کے تاریخی وٹھل مندر میں ہونے والی پوجا میں شرکت کریں گے۔ اس کے بعد واپسی میں وہ ناسک کے تلجا بھوانی مندر کے درشن بھی کریں گے۔ ان کے اس پروگرام کو سیاسی نقطۂ نظر سے دیکھا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ تلنگانہ سے متصل مہاراشٹر کے سرحدی علاقوں میں تیلگو بولنے والے بھی خاصی تعداد میں موجود ہیں۔
این سی پی لیڈر کی بی آر ایس میں شمولیت
چندر شیکھر رائو جتنی مرتبہ مہاراشٹر آئے، ان کی موجودگی میں دیگر پارٹیوں کے سابق اراکین اسمبلی یا مقامی کارکنان نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی ہے۔ آج این سی پی کے سابق رکن اسمبلی بھارت بھالکے کے بیٹے بھاگیرتھ بھالکے کسانوں کے ایک پروگرام کے دوران کے سی آر کی پارٹی میں شامل ہوں گے ۔ بھاگیرتھ کے گائوں سرکولی میں آج ایک کسان سبھا ہونے والی ہے جس میں خود کے سی آر بھی شریک ہوں گے۔ اسی پروگرام میں بھاگیرتھ اپنے سیکڑوںکارکنان کیساتھ پارٹی میں شامل ہوں گے۔
ہندو تنظیموں کی جانب سے مخالفت
چندر شیکھر رائو کے اس دورے کی مقامی ہندوتوا وادی تنظیمیں مخالفت کر رہی ہیں۔ پیر کو ہندو سینا کے ایک وفدنے شولاپور میں ضلع کلکٹر پہنچ کر کلکٹر کو ایک مکتوب دیا جس میں کہا گیا ہے کہ کبھی گرمی ، کبھی بارش کے سبب وارکری سماج کو اس مذہبی تقریب کے جلوس میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس پر ہجوم کی وجہ سے تقریب میں اور بھی دشواریاں پیش آئیں گی۔ ایسی صورت میں چندر شیکھر رائو کو اگر وی آئی پی کی حیثیت سے تقریب میں شرکت کی اجازت دی گئی تو یہاں مزید دقتوں کے پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔ انہیں وٹھل مندر میں درشن کی اجازت دینا وارکری سما ج کیساتھ نا انصافی ہے۔ ان کے مطالبے پر مقامی انتظامیہ نے خبر لکھے جانے تک توکوئی توجہ نہیں دی تھی۔