Inquilab Logo

پربھا دیوی اور ورلی سے جنوبی ممبئی جانے کیلئے کوسٹل روڈ پروجیکٹ کے تحت زیر زمین راستہ بنے گا

Updated: April 08, 2024, 11:41 AM IST | Mumbai

یہ ممبئی کوسٹل روڈ کا دوسرا زیر زمین راستہ ہوگا۔ کوسٹل روڈ کا پہلا زیر زمین راستہ مرین ڈرائیو سے پریہ درشنی پارک کے درمیان ہے۔

Coastal Road Project work is in progress. Photo: INN
کوسٹل رو ڈ پروجیکٹ کا کام جاری ہے۔تصویر:آئی این این

پربھا دیوی اور ورلی سے جنوبی ممبئی میں نریمن پوائنٹ کی طرف جانے والی گاڑیوں کیلئے بی ایم سی کوسٹل روڈ پروجیکٹ کے تحت زیر زمین راستہ تیار کر رہی ہے۔ یہ راستہ ورلی سی فیس اور ورلی انٹرچینج کے درمیان ۵۵۰؍ میٹر طویل ہوگا۔
منصوبہ بندی کے حساب سے اس ’اَنڈر پاس‘ میں داخلہ ورلی میں واقع جے کے کپور چوک سے دیا جائے گا جبکہ اس سے باہر نکلنے کی سہولت بندو مہادیو ٹھاکرے چوک (ورلی سی فیس) پر ہوگی جہاں پر ورلی سی فیس کیلئے انٹر چینج بھی دیا گیا ہے۔ تقریباً ۵۵۰؍ میٹر طویل اس راستے پر سے صرف جنوبی ممبئی کی طرف جانے والی گاڑیوں کو گزرنے کی اجازت ہوگی۔
یہ ممبئی کوسٹل روڈ کا دوسرا زیر زمین راستہ ہوگا۔ کوسٹل روڈ کا پہلا زیر زمین راستہ مرین ڈرائیو سے پریہ درشنی پارک کے درمیان ہے۔
بی ایم سی کے مطابق جو افراد پربھا دیوی سے ورلی کی طرف سفر کررہے ہوں گے وہ جے کے کپور چوک پر شروع ہونے والے اس زیر زمین راستہ سے کوسٹل روڈ میں داخل ہوسکیں گے۔ یہاں سے داخلے کے بعد آگے جاکر یہ سڑک ۲؍ راستوں میں تبدیل ہو جائے گی جس میں سے ایک راستہ گاڑیوں کو ’باندرہ ورلی سی لنک‘ پر لے جائے گا جبکہ دوسرے راستے سے کوسٹل روڈ کے اصل راستے پر پہنچا جاسکے گا جس کے ذریعہ نریمن پوائنٹ تک پہنچا جاسکتا ہے۔
بی ایم سی افسران کے مطابق یہ راستہ ابھی زیر تعمیر ہے اور امید کی جارہی ہے کہ اکتوبر کے اخیر تک اس کی تعمیر مکمل ہوجائے گی۔
افسران کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس زیر زمین راستے کا ایک فائدہ یہ ہوگا کہ جو گاڑیاں ’سیوڑی۔ورلی‘ کنکٹر سے نیچے آئیں گی وہ آسانی سے اس ’اَنڈر پاس‘ میں داخل ہوسکیں گی جو انہیں مغربی مضافات میں جانے والے راستے پر بھی لے جاسکتا ہے یا پھر کوسٹل روڈ کے جنوب کی طرف جانے والے راستہ پر لے جاسکتا ہے جس سے سفر کا کافی وقت بچ جائے گا۔ یہ زیر زمین راستہ سرنگ بنانے کے روایتی طریقہ سےبنایا جارہا ہے اور یہ سرنگ ’خان عبدالغفار خان روڈ‘ کے نیچے اور ورلی سی فیس کے متوازی چلے گی۔
یاد رہے کہ کوسٹل روڈ کو مارچ میں جنوب کی طرف جانے والی گاڑیوں کیلئے جزوی طور پر شروع کیا گیا ہے جو ہفتہ میں ۵؍ دن صبح ۸؍ سے شام ۸؍ بجے تک کھلا رہتا ہے۔بی ایم سی کے مطابق اس کا دوسرا مرحلہ مئی ۲۰۲۴ء میں شروع ہونے کا امکان ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK