بی جےپی کے بیانیہ کی ہوا نکالنے کی تیاری، موجودہ ۵۴۳؍ نشستوں میں ہی ۳۳؍ فیصد ریزرویشن نافذ کرنے کا مطالبہ
EPAPER
Updated: April 21, 2026, 12:05 AM IST | New Delhi
بی جےپی کے بیانیہ کی ہوا نکالنے کی تیاری، موجودہ ۵۴۳؍ نشستوں میں ہی ۳۳؍ فیصد ریزرویشن نافذ کرنے کا مطالبہ
خواتین ریزرویشن پر بی جے پی کے بیانیہ کا مقابلہ کرنے کیلئے کانگریس نے خواتین ریزرویشن کے فوری نفاذ کا مطالبہ کرتے ہوئے ملک گیر تحریک چھیڑ دی ہے۔ اس کے تحت مہیلا کانگریس کے احتجاجی پروگرام تیار کر لیا ہے جس میں دستخطی مہم کے ساتھ ہی وزیراعظم کو پوسٹ کارڈ بھیجنے کا منصوبہ شامل ہے۔ حکومت پر اس بات کیلئے دباؤ ڈالا جائےگا کہ وہ پارلیمنٹ کی نشستوں کی موجودہ تعداد جو ۵۴۳؍ ہے، میں ہی ۳۳؍ فیصد خواتین ریزرویشن کو نافذ کیا جائے۔ ریاستوں کے دارالحکومتوں میں بی جےپی کے پتلے نذر آتش کرنے کا سلسلہ پہلے ہی شروع ہوچکا ہے، اب اسے ضلعی اور بلاک سطح پر بھی لے جانے کی تیاری ہے۔
اس کے ساتھ ہی پارٹی کے سینئر لیڈر س سے کہا گیا ہے کہ وہ ’فیس بک لائیو‘ کے ذریعہ عوام سے خطاب کریں اور خواتین ریزرویشن کے فوری نفاذ کا مطالبہ تیز کردیں۔ پیرکو کانگریس کی خواتین اکائی کی سربراہ الکا لامبا نے بتایا کہ گزشتہ ۲؍ دنوں میں دہلی اور جے پور میں مظاہروں کا انعقاد کیاگیا جبکہ دیگر ریاستوں میں بھی ان کی تیاری کی جارہی ہے۔ کیرالا میں خواتین کانگریس کی سربراہ جیبی ماتھر نے خواتین ریزویشن کے فوری نفاذ کے مطالبے کے ساتھ جمعرات کو ’’لوک بھون تک مارچ‘‘ کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ مودی سرکار نے خواتین ریزرویشن کے نفاذ کو پارلیمانی سیٹوں میں اضافہ سے مشروط کردیا ہے۔اسی لئے آئینی ترمیمی بل لوک سبھا میں پیش کیا گیاتھا تاکہ ملک بھر میں پارلیمانی حلقوں کی نئی حد بندی کی جاسکے مگر یہ مسترد ہوگیا۔