اسے ویسٹرن ریلوے نے ’پروجیکٹ ممبئی ‘کے تعاون سےشروع کیا ہے۔ اسے’ لائبریری جنکشن کا نام دیا گیا ہے۔ جمعہ کواس کاافتتاح عمل میں آیا۔
EPAPER
Updated: June 06, 2026, 3:49 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
اسے ویسٹرن ریلوے نے ’پروجیکٹ ممبئی ‘کے تعاون سےشروع کیا ہے۔ اسے’ لائبریری جنکشن کا نام دیا گیا ہے۔ جمعہ کواس کاافتتاح عمل میں آیا۔
چرچ گیٹ ریلوے اسٹیشن پر مسافروں کے لئے ملک کی پہلی مفت لائبریری کا قیام عمل میں آیا۔ ویسٹرن ریلوے نےاسے ’پروجیکٹ ممبئی ‘ کے تعاون سےشروع کیا ہےجبکہ اس میں لارسن اینڈ ٹوبرو کی بھی شراکت ہے۔ اسے’ لائبریری جنکشن ‘کا نام دیا گیا ہے۔ عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر ۵؍جون جمعہ کو اس کا افتتاح سابق افریقی کپتان اے بی ڈی ویلیئرز نے کیا۔ یہ ’پروجیکٹ ممبئی‘ کے’’ریڈ ممبئی ‘‘ کا حصہ ہے۔
اس کا بنیادی مقصدمطالعے کے کلچر کو فروغ دینا ہے اور یہ کمیونٹی کی شرکت کی حوصلہ افزائی کے لئے ایک اختراعی قدم ہے۔ اس موقع پر ڈویژنل ریلوے منیجر پنکج سنگھ اور پروجیکٹ ممبئی کے سی ای او اور بانی ششیر جوشی موجود تھے۔
افتتاحی تقریب چرچ گیٹ اسٹیشن کے شمالی کنکورس ایریا میں منعقد کی گئی۔ اس اقدام کا مقصد مسافروں اور شہریوں کو کتابوں تک آسان رسائی فراہم کرنا اور ان میں پڑھنے کی عادت کو فروغ دینا ہے۔ یہ اقدام اب ممبئی کے مصروف ترین ریلوے اسٹیشنوں میں سے ایک چرچ گیٹ پر مسافروں کو یومیہ سفر کے دوران کتابوں سے دوبارہ رابطے کا موقع فراہم کرے گا۔
اس لائبریری میں مختلف موضوعات پر مشتمل مزاحیہ، بچوں کی کہانیاں، افسانہ، خود نوشت، یوگا اور میگزین جیسے نیشنل جیوگرافک وغیرہ کتابیں شامل ہیں۔ اس لائبریری میں مجموعی طور پر ۱۲۰۰؍ کتابیں ہیں۔ یہاں ایک لائبریرین روزانہ صبح۸؍بجے سے شام ۸؍بجے تک مسافروں اور قارئین کی مدد کے لئے دستیاب ہوگا۔ اس لائبریری سے مسافروں کو کتابیں لینے اور جاری ہونے کے دو ہفتوں کے اندر واپس کرنے کی اجازت ہوگی۔ اس سے مطالعے کے عمل کو مزید قابل رسائی، آسان اور حوصلہ افزا بنایا جا سکتا ہے۔
اس لائبریری کے لئےعروس البلاد کے شہریوں، کمیونٹیز اور اسکولوں کی طرف سے کتابیں عطیہ کی گئی ہیں۔ شہری بھی کتابیں عطیہ کر کے اس اقدام میں اپنا حصہ شامل کر سکتے ہیں اور موجود کتابوں کے ذخیرے کوبڑھانے میں معاون ہوسکتے ہیں۔
نمائندۂ انقلاب کے استفسار پر یہ تفصیلات ویسٹرن ریلوے کے چیف پی آر او ونیت ابھیشیک نےبتائیں۔