• Sat, 28 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ: میورل کے ذریعے بیشکتاش کے کھلاڑی کی فلسطینیوں سے یکجہتی کو خراج تحسین پیش کیا گیا

Updated: November 28, 2026, 8:01 PM IST | Gaza

یہ فن پارہ شیخ رضوان محلے میں واقع ہے۔ اسے تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے کے درمیان کنکریٹ کی ایک ترچھی سلیب پر پینٹ کیا گیا ہے۔ اس میں واتارا کو ترک کلب بیشکتاش کے نشان کے ساتھ دکھایا گیا ہے، جبکہ پس منظر میں فلسطینی اور ترک پرچموں کے رنگ آپس میں گھل مل رہے ہیں۔ تصویر میں انہوں نے اپنا ایک ہاتھ منہ پر رکھا ہوا ہے اور دوسرے ہاتھ کی انگلیوں سے اپنے سر کے ایک طرف اشارہ کر رہے ہیں۔ یہ محصور غزہ میں فلسطینیوں کو درپیش نسل کشی پر خاموشی کو مسترد کرنے کا ایک علامتی اشارہ ہے۔

Picture: X
تصویر: ایکس

شمالی غزہ شہر میں اسرائیل کی جانب سے تباہ کی گئی ایک عمارت کے کھنڈرات پر فلسطینی فنکاروں نے ترکی کے فٹبال کلب بیشکتاش (Besiktas) کے کھلاڑی قسوم واتارا (Kassoum Ouattara) کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے ایک دیواری تصویر (میورل) بنائی ہے۔ اس کام میں انہیں ترک فلاحی ادارے شفقت ایلی (Sefkat Eli) کا تعاون حاصل رہا۔ اس تصویر کے ذریعے فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہونے اور ان کے دکھ درد پر خاموش رہنے سے انکار کرنے پر ترک کھلاڑی کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: یوروپا لیگ: فلسطینی پرچم لہرانے پر جارجیائی پولیس اور بیشکتاش کے شائقین کے درمیان تصادم

یہ فن پارہ شیخ رضوان محلے میں واقع ہے۔ اسے تباہ شدہ عمارتوں کے ملبے کے درمیان کنکریٹ کی ایک ترچھی سلیب پر پینٹ کیا گیا ہے۔ اس میں واتارا کو ترک کلب بیشکتاش کے نشان کے ساتھ دکھایا گیا ہے، جبکہ پس منظر میں فلسطینی اور ترک پرچموں کے رنگ آپس میں گھل مل رہے ہیں۔ تصویر میں انہوں نے اپنا ایک ہاتھ منہ پر رکھا ہوا ہے اور دوسرے ہاتھ کی انگلیوں سے اپنے سر کے ایک طرف اشارہ کر رہے ہیں۔ یہ محصور غزہ میں فلسطینیوں کو درپیش نسل کشی پر خاموشی کو مسترد کرنے کا ایک علامتی اشارہ ہے۔ ترک تنظیم کے رضاکار، فلسطینی بچے اور مقامی باشندے اس دیواری تصویر کے گرد جمع ہوئے۔ قریبی کھنڈرات پر فلسطینی اور ترک پرچم لہرائے گئے۔ بچوں نے ایسے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر بیشکتاش کا نشان اور واتارا کیلئے شکریہ کے پیغامات درج تھے۔

یہ بھی پڑھئے: غزہ میں اسرائیل کی نسل کشی کے خواتین اور لڑکیوں پر تباہ کن اثرات: ایمنسٹی رپورٹ

اس اقدام کی تحریک، یوروپا لیگ میں بیشکتاش اور اسرائیلی کلب ہاپوئل بیر شیوا (Hapoel Be`er Sheva) کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران واتارا کے عمل سے ملی۔ انہوں نے فلسطینی پرچم بلند کیا تھا اور یہی علامتی اشارہ کیا تھا۔ ان کے اس مؤقف نے فلسطینیوں کی بڑی توجہ حاصل کی، جنہوں نے اسے جاری اسرائیلی نسل کشی کے دوران یکجہتی کے پیغام کے طور پر دیکھا۔

غزہ میں شفقت ایلی کے ڈائریکٹر محمد یونس نے انادولو ایجنسی کو بتایا کہ اس کا مقصد بیشکتاش اور واتارا کا شکریہ ادا کرنا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ”ہم اور غزہ کے بچے ان سے کہتے ہیں: شکریہ۔ ہم آپ کے مؤقف اور آپ کی حمایت کی قدر کرتے ہیں۔“ انہوں نے بتایا کہ تنظیم نے اس پورٹریٹ اور کلب کے نشان کو پینٹ کرنے میں مقامی فنکاروں کی مدد کی۔ انہوں نے فلسطینیوں کی مسلسل حمایت پر ترکیہ، اس کی قیادت اور عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل کی غزہ میں۱۰؍ لاکھ فلسطینیوں کی نئی بے دخلی کی دھمکی

واضح رہے کہ اکتوبر ۲۰۲۳ء سے اسرائیل غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی کررہا ہے۔ اسرائیل کی وحشیانہ جنگی کارروائیوں میں ۷۴ ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ایک لاکھ ۷۶ ہزار سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔ محصور علاقے کا تقریباً ۹۰ فیصد بنیادی ڈھانچہ تباہ ہو چکا ہے۔ تجزیہ کاروں کا اندازہ ہے کہ اموات کی اصل تعداد ۲،۰۰،۰۰۰ تک پہنچ سکتی ہے، جبکہ ۶۰ سے ۷۰ فیصد علاقہ اسرائیلی قبضے میں ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK