Inquilab Logo

عتیق احمد کے ۲؍ نابالغ بیٹو ں کی تلاش کیلئے عدالت کی پولیس اور چلڈرن ہوم کو ہدایت

Updated: March 08, 2023, 11:23 AM IST | Lucknow

سابق رکن پارلیمان کی اہلیہ شائستہ پروین کی اپیل پر سی جے ایم کورٹ کی ہدایت، ان دونوں بچوں کو پولیس اٹھا کر لے گئی تھی، تبھی سے وہ دونوں لا پتہ ہیں

Former Member of Parliament Atiq Ahmed
سابق رکن پارلیمان عتیق احمد

امیش پال قتل معاملے میں کلیدی ملزم بنائے گئے سابق رکن پارلیمان عتیق احمد اور ان کا کنبہ اب عدالت سے امید لگارہا ہے۔عتیق کی اہلیہ شائستہ پروین نے سی جے ایم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹا کر اپنے دو نابالغ بیٹوں کی تلاش کرنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے اپنے بیٹوں کیلئے جان کا خطرہ بتایا ہے۔ان کی درخواست پر سی جے ایم نے پریاگ راج پولیس اور چلڈرن ہوم کو ہدایت دی ہے کہ وہ ۱۰؍مارچ تک اپنا جواب کورٹ میں پیش کریں۔
  ادھر، ضلع پروبیشن افسر نےاپنے بیان سے پولیس کو مزید مشکلوں میں ڈال دیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ جووینائل مجسٹریٹ کی ہدایت  کے بغیر کسی بھی بچے کو چلڈرن ہوم میں رکھا ہی نہیں جاسکتا تو عتیق احمد کے بیٹے یہاں کیسے رکھے جاسکتے ہیںکیونکہ ایسی کوئی ہدایت ان کے پاس نہیں ہے۔وہیں، دھومن گنج تھانہ انچارج کا کہنا ہے کہ افسر غلط بیانی کررہے ہیں اور دونوں بچے خلد آباد چلڈرن ہوم میں ہی ہیں۔ 
 عتیق احمد کی اہلیہ شائستہ پروین نے پریاگ راج چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ کورٹ میں عرضی داخل کرکے اپنے دو نابالغ بیٹوں کو تلاش کرنے کی اپیل کی ہے۔عرضی گزارکا کہنا ہے کہ ان کے دونوں نابالغ بیٹوں کی جان کوخطرہ ہے کیونکہ پولیس جب سے انہیں اٹھا کر لے گئی تھی تب سے ابھی تک ان کا کوئی اتا پتا نہیں چلا ہے۔ شائستہ نےکہا ہے کہ ان کے وکیل اس چلڈرن ہوم میں بھی گئے تھے جہاں پولیس نےا نہیں رکھنے کا دعویٰ کیا ہےمگر، دونوں ہی بچے وہاں نہیں ہیں۔انہوں نےسوال اٹھایا ہے کہ ان کے بچےچلڈرن ہوم میں نہیں ہیں تو آخرانہیں کہاں رکھاگیا ہے؟ ان کی اس اپیل پر سی جے ایم نے پریاگ راج پولیس اور چلڈرن ہوم کو ہدایت دی ہے ۔  
 خیال رہے کہ عتیق احمد کے اہل خانہ بی جے پی لیڈروں کے مسلسل دھمکی آمیز بیانات سے خوفزدہ  ہیں۔ قنوج کے رکن پارلیمان سبرت پاٹھک اور ریاستی وزیر جے پی ایس راٹھور یہ کہہ چکے ہیں کہ وکاس دوبے کی طرح عتیق احمد کی گاڑی بھی پلٹ جائے تو حیرانی نہیں ہونی چاہئے۔عتیق احمد سپریم کورٹ سے اپیل بھی کرچکے ہیں کہ انہیں یوپی کی جیل نہ بھیجا جائےاور عدالت میں پیشی کیلئے سنٹرل فورس کے ساتھ ہی احمد آباد جیل سےیوپی بھیجا جائے۔
 واضح رہے کہ دھومن گنج تھانہ انچارج نے۴؍مارچ کوکورٹ میں تحریری رپورٹ پیش کی تھی کہ عتیق احمد کے دونوں نابالغ بیٹے خلد آباد علاقہ میں گھومتے ہوئے پائے گئے تھے، جس کے بعد انہیں خلد آباد واقع چلڈرن ہوم میں رکھا گیا ہے۔

lucknow Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK