ممبرا اور دیوا میں محکمہ آب رسانی نے ۵۰؍ غیر قانونی کنکشن منقطع کئے، کارروائی جاری رکھنے کا اعلان۔ خاطیوں پرمقدمہ درج کرنے کا انتباہ۔
EPAPER
Updated: September 20, 2026, 12:52 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbra
ممبرا اور دیوا میں محکمہ آب رسانی نے ۵۰؍ غیر قانونی کنکشن منقطع کئے، کارروائی جاری رکھنے کا اعلان۔ خاطیوں پرمقدمہ درج کرنے کا انتباہ۔
ممبرا، کوسہ اور دیواکے کئی علاقوں میں پانی کی شدید قلت ہے جس کے سبب متعدد مرتبہ مقامی کارپوریٹروں کی جانب سے محکمہ آب رسانی کیخلاف مورچے بھی نکالے گئے۔ ان مورچوں میں غیر قانونی پانی کنکشن کے خلاف کارروائی کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا اور اسی کے مطابق محکمہ آب رسانی نے ممبرا اور دیوا میں غیر قانونی کنکشن کے خلاف جنگی پیمانے پر کارروائی کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ محکمہ آب رسانی کی جانب سے یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ۹؍ تا ۱۹؍ ستمبر ۵۰؍ غیر قانونی کنکشن کے خلاف کارروائی گئی ہے اور اس کارروائی کے دوران پائپ بھی ضبط کئے گئے ہیں۔ شہری انتظامیہ کی جانب سے انتباہ دیا گیاہے کہ جو بھی غیر قانونی کنکشن کرے گا، اس کے خلاف فوجداری مقدمہ درج کیا جائے گا۔
اس سلسلے میں ممبرا کے محکمہ آب رسانی کے ایگزیکٹیو انجینئر اتل کلکرنی سے رابطہ قائم کرنے پر انہوں نے بتایا کہ’’کلیان پھاٹا میں ایم آئی ڈی سی سے جو ممبرا، کوسہ اور دیوا کو ۶۶۰؍ ملی لیٹر کی مین پائپ سے پانی سپلائی کیاجاتا ہے، اس پر ۵۰؍ غیر قانونی پانی کنکشن کے خلاف کارروا ئی کی گئی ہے اور پائپ بھی ضبط کئے گئے ہیں۔ ‘‘
کسی پر ایف آئی آر درج کرنے سے متعلق سوا ل کرنے پر انہوں نے مزید بتایا کہ ’’ دیوا کے ایگزیکٹیو انجینئر کی جانب سے ۳؍ ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ البتہ ممبرا میں ابھی کوئی مقدمہ درج نہیں کیاگیا ہے لیکن اگر اسی طرح کنکشن کرنے کا سلسلہ جاری رہا تو یقینی طور پر ایف آئی آر درج کی جائے گی۔ ‘‘
یہ بھی پڑھئے: مہاراشٹر: ۵؍ سال میں۴۷؍ لاکھ افراد کو کتوں نے کاٹا، ریبیز سے۱۳۴؍افراد ہلاک ہوئے
ایف آئی آر درج کرنے کا انتباہ
تھانے میونسپل کارپوریشن نے واضح کیا ہے کہ جن افراد نے بغیر اجازت یا غیر قانونی طور پر پانی کے کنکشن لئے ہیں، وہ انہیں خود منقطع کر دیں، ورنہ متعلقہ افراد اور خاطیوں کے خلاف پولیس میں مقدمہ (ایف آئی آر) درج کرکے قانونی کارروائی کی جائے گی۔
پانی کی قلت پر قابو پانے کی کوشش
آب رسانی کے افسر کا کہنا ہے کہ غیر قانونی کنکشن کی وجہ سے قانونی اور ٹیکس دہندگان کو پانی کی عدم فراہمی اور کم پریشرکے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس کارروائی سے پانی کے ضیاع اور چوری کو روکنے میں مدد ملے گی۔
شہریوں سے اپیل
میونسپل کارپوریشن کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک بینر جاری کرتے ہوئے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی پانی کنکشن نہ لیں اور اگر کوئی غیر قانونی نل کنکشن لیتا ہے تو اس کے تعلق سے انہیں میونسپل کارپوریشن کے واٹر سپلائی ڈیپارٹمنٹ کو مطلع کرنا چاہئے۔
چند غیر قانونی کنکشن منقطع
دیوا وارڈ کمیٹی میں آریہنت فرنیچر کے علاقے میں پانی کی سپلائی کرنے والے۲۵۰؍ ملی میٹر اور ۳۵۰؍ملی میٹر قطر کی پائپ لائن پر غیرقانونی پائپ کنکشن کا معائنہ کیا گیا۔ ۱۷؍ ستمبر ۲۰۲۶ء کو کی گئی کارروائی میں مین پائپ لائن سے لئے گئے۳؍انچ قطر کے ۱۸؍ غیر قانونی پائپ کنکشن منقطع کئے گئے۔ اس وقت تقریباً۵۰۰؍ میٹر ایچ ڈی پی ای پائپ کے ٹکڑے اور موٹر پمپ قبضے میں لے لئےگئے۔ ایم ایم ویلی کے قریب گریس ا سکوائر کے سامنے نالے میں غیرقانونی کنکشن کے خلاف کارروائی کی گئی۔ اس دوران۲؍ انچ کے ۷؍غیر قانونی کنکشن منقطع کئے گئے۔ اس کارروائی کے دوران پی وی سی پائپ ضبط کر لئے گئے۔ محکمہ واٹر سپلائی نے اعلان کیا ہےکہ محکمہ آب رسانی کی جانب سے مذکورہ کارروائی مسلسل جاری رہے گا۔