Inquilab Logo

سمندری طوفان ’موکا‘ میانمار اور بنگلہ دیش کے ساحلوں سے ٹکراگیا

Updated: May 15, 2023, 3:57 PM IST | Yangon/Dhaka

روہنگیا کے پناہ گزیں کیمپ کاکس بازار اور چٹوگرام کے ساحلی علاقوں سے ۴؍ لاکھ سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا

Aid workers removing trees in which market. (AP/PTI)
کا کس بازار میں امدادی کارکن درخت ہٹاتےہوئے۔ ( اےپی / پی ٹی آئی)

انتہائی شدید سمندری طوفان `موکا اتوار کو میانماربنگلہ دیش کی ساحلی لائن سے ٹکرایا جس کی زیادہ سے زیادہ مستقل ہوا کی رفتار۲؍سو کلومیٹر فی گھنٹہ سے زیادہ تھی۔ مقامی انتظامیہ کے مطابق۲۵۰؍ سے زائد میڈیکل ٹیمیں طوفان  سے پیدا ہونے والی کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ کاکس بازار اور چٹوگرام کے ساحلی علاقوں سے اب تک ۴؍ لاکھ سے زیادہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔ مقامی انتظامیہ کاکس بازار اور چٹوگرام عارضی پناہ گاہوں  میں سر چھپانے والوں کو کھانا فراہم کر رہی ہے۔
  مقامی میڈیا کے مطابق اتوار کو صبح ساڑھے ۱۰؍  بجے سے طوفان نے خطرنا ک شکل اختیار کرلی۔ بنگلہ دیش کے محکمہ موسمیات کے تازہ ترین  بلیٹن کے مطابق اتوار کی صبح سے انتہائی شدید سمندری طوفان `مو کا  بنگلہ دیش کے کاکس بازار کے علاقے اور شمالی میانمار کے ساحلی علاقوں سے ٹکرانے  لگا ۔
 اس بلیٹن کے مطابق یہ طوفان  اتوار کو  دوپہر تک بنگلہ دیش میں کاکس بازار اور سیتوے کے نزدیک شمالی میانمار کے ساحل کو مکمل طور پر عبور کر لے گا۔ اس بلیٹن میں یہ بھی کہا گیا  کہ کاکس بازار، چٹوگرام اور دیگر ساحلی علاقوں میں طوفان کے زیر اثر۶۰۔۵۰؍کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے وقفے وقفے سے بارش  ہورہی ہےاور لگاتار تیز ہوائیں چل رہی ہیں۔
 بنگلہ دیش کے محکمہ موسمیات نے  بتایا کہ اتوار کی صبح۹؍ بجے طوفان کا مرکز کاکس بازار سے۲۵۰؍ کلومیٹر، چٹوگرام سے۳۳۵؍ کلومیٹر، مونگلا سے۴۳۵؍کلومیٹر اور پائرا بندرگاہ سے ۳۵۰؍ کلومیٹر کے فاصلے پر تھااو رشام ہوتے ہوتے یہ فاصلہ کم ہوتا گیا ۔پیر تک بڑے پیمانے پر تباہی کا اندیشہ ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK