گورنر کے خطاب پر ہونیوالی بحث کے جواب میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اپنی تقریر میں دعویٰ کیا کہ تمام معیاری بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کے ذریعے مہاراشٹر کی ایک الگ پہچان بنائیں گے
EPAPER
Updated: March 04, 2023, 10:58 AM IST | Iqbal Ansari | Vidhan Bhavan
گورنر کے خطاب پر ہونیوالی بحث کے جواب میں وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اپنی تقریر میں دعویٰ کیا کہ تمام معیاری بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کے ذریعے مہاراشٹر کی ایک الگ پہچان بنائیں گے
ودھان بھون:وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے جمعہ کو قانون ساز اسمبلی میں گورنر کے خطاب پر بحث کا جواب دینے کے دوران یہ یقین دہانی کرائی ہے کہ اگلے دو برسوںمیں مہاراشٹر میں اہم بنیادی ڈھانچے کے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ریاست کی ایک مختلف تصویر پیش کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ایک گھنٹہ ۱۴؍ منٹ کی تقریر میں کہا کہ وہ ان تمام معیاری بنیادی ڈھانچے کی سہولیات کے ذریعے مہاراشٹر کی ایک الگ پہچان بنائیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے گورنر کے خطاب پر بحث کرنیوالے اراکین اسمبلی کا نام لیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن لیڈر اجیت پوار، اتل بھات کھلکر، سنجے کٹے، یامنی جادھو، سریش ورپوڈکر، اشوک چوہان، چھگن بھجبل، امین پٹیل ،ابو اعظمی ، رئیس شیخ ، جتیندر اوہاڑ اور دیگر اراکین نے بحث میں حصہ لیا۔ وزیر اعلیٰ شندے نے اس موقع پر کہا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے شروع کئے گئے ترقیاتی کام جاری ہیں۔ ریاستی حکومت نے پچھلے ۷؍مہینوں میں جو فیصلے لئے ہیں وہ عام شہریوں کے بہتری کیلئے ہیں۔ سمردھی ہائی وے، ممبئی میٹرو، ایم ٹی ایچ ایل، کوسٹل روڈ اور آپلا دواخانہ وغیرہ جیسے عوامی افادیت کے منصوبوں کے ذریعے ترقی کو تیز کرنے کیلئے کام جاری ہے۔ کل۲۳؍ آبپاشی پرجیکٹوں کو نظرثانی شدہ انتظامی منظوری دی گئی ہے اور اس طرح ۵ء۲۱؍ لاکھ ہیکٹر کا رقبہ آبپاشی کے تحت آئے گا۔
؍ ۳۱مارچ تک مزید ۲۰۰؍ آپلے دواخانہ
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ’’شہریوں کو ان کے گھر کے قریب ہی مفت علاج کے لئے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن( بی ایم سی ) کی جانب سے بالا صاحب ٹھاکرے آپلا دواخانہ شروع کیا گیا ہے اور ممبئی کے ۱۶۰؍ مقامات پر یہ کلینک جاری ہے اور اب تک ۷؍لاکھ شہری علاج کروا چکے ہیں۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے کہا کہ۳۱؍ مارچ ۲۰۲۳ء تک مزید ۲۰۰؍ کلینک شروع کئے جائیں گے اور آنے والے مالیاتی سال میں ریاست میں مزید۵۰۰؍ دواخانےشروع کئے جائیں گے۔یہ دواخانے شہریوں کے گھر کے قریب ہوں گے اور وہاں انہیں مفت علاج اور معالجے کی سہولتیں مہیا کرائی جائےگی ۔ وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ ’’مختلف قدرتی آفات کے لئے کسانوں کو تقریباً۱۲؍ ہزار کروڑ روپے دیئے گئے ہیں۔ ریاستی ٹرانسپورٹ کارپوریشن نے ریاست کے۷۵؍ سال سے زیادہ عمر کے بزرگ شہریوں کیلئے مفت بس سفر کی اسکیم شروع کی ہے۔ اب تک۵؍کروڑ۶۵؍ لاکھ بزرگ شہریوں نے اس اسکیم سے استفادہ کیا ہے۔‘‘
بچوں اور ماؤں کی طبی جانچ
وزیر اعلیٰ نے بتایاکہ ’’والدہ محفوظ تو گھر محفوظ (ماتا سرکشت گھر سرکشت) یوجنا کے تحت ماؤں اور بہنوں کی صحت کی جانچ کی مہم چلائی گئی ہے۔ اس کے ذریعے تقریباً۴ء۵۰؍ کروڑ خواتین کا ہیلتھ چیک اپ کیا گیا ہے۔’بیدار سرپرست محفوظ بچہ ‘ مہم بھی شروع کی گئی ہے جس کا مقصد صفر تا ۱۸؍ سال کی عمر کے تقریباً ۲؍کروڑ بچوں کی اسکریننگ کرنا ہے۔
ممبئی میں۳۳۷؍ کلومیٹر میٹرو نیٹ ورک
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ’’ وزیر اعظم نریندر مودی نے ممبئی میں ۲؍ میٹرو لائن کا افتتاح کیا۔ ‘‘ انہوںنے مزید کہا کہ عوام کیلئے آرام دہ سفر کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں اور اب تک۶۰؍ لاکھ مسافر اس سے مستفید ہو چکے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ممبئی میں۳۳۷؍ کلومیٹر میٹرو نیٹ ورک کو مکمل کیا جائے گا۔
پبلک سروس امتحان کا نیا نصاب ۲۰۲۵ ء سے
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ’’ نوجوانوں کا نقصان نہ ہو اس کیلئے مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن کے نئے نصاب کا نفاذ ۲۰۲۵ء میں ہوگا ۔ انہوں نے یہ بھی یقین دلایا کہ تمام کمیشن میں مختلف اسامیوں پر بھرتی کا عمل جاری ہے۔ انٹرویو کے دن ہی نتیجے کا اعلان کر دیا جائے گا۔ اس بات کا خیال رکھا جا رہا ہے کہ طلبہ کو کوئی نقصان نہ پہنچے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے یقین دلایا کہ پبلک سروس کمیشن کے تمام مسائل حل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
انفراسٹرکچر پروجیکٹ میں مہاراشٹرپہلے نمبر پر
وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ’’ بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کے معاملے میں مہاراشٹر ملک میں پہلے نمبر پر ہے۔ سمردھی ہائی وے صرف کچھ شہروں کو جوڑنے والی شاہراہ نہیں ہے، اس سے ریاست اور ملک کی معاشی ترقی میں مدد ملے گی۔ مقامی لوگوں کو روزگار ملا ہے۔ شرڈی تک سمردھی ہائی وے شروع کر دی گئی ہے۔۱۰؍لاکھ مسافر گاڑیوں نے اس سے فائدہ اٹھایا ہے۔ ہم سمردھی ہائی وے کا دوسرا مرحلہ شروع کر رہے ہیں۔ایم ٹی ایچ ایل پروجیکٹ، کوسٹل روڈ، ممبئی پونے مسنگ لنک جیسے انفراسٹرکچر پروجیکٹ ریاست کو مشہور کریں گے۔‘‘
؍ ۷۵ہزار اسامیاں پر کرنے کا عزم
وزیر اعلیٰ شندے نے کہا کہ ’’آزادی کے امرت کال کے موقع پر حکومت نے ریاست کے نوجوانوں کو روزگار کے مناسب مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے حکومت کے ماتحت اداروں میں۷۵؍ ہزار اسامیوں کو پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور بھرتی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ روزگار میلے کو اچھا رسپانس مل رہا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ بھارت رتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر اور بالا صاحب ٹھاکرے کی یادگار پر کام جاری ہے۔
ممبئی میں سڑکوں کو گڑھے سے پاک کرنے کی کوشش
وزیر اعلیٰ نے کہاکہ ممبئی میں۴۵۰؍ کلومیٹر سڑکوں کو کنکریٹ کیا جا رہا ہے۔ اگلے دو سالوں میں ممبئی کی سڑکوں کو گڑھے سے پاک کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔