Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’پاکستان کتے کی دم کی طرح ہے جوکاٹے بغیر سیدھی نہیں ہوگی‘‘: ایکناتھ شندے

Updated: May 12, 2025, 12:43 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

جنگ بندی کے اعلان کے بعد بھی پاکستان کی جانب سے حملہ کرنے پر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کا شدید رد عمل۔

Maharashtra Deputy Chief Minister Eknath Shinde. Photo: INN
مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے۔ تصویر: آئی این این

گزشتہ روز ہند۔ پاک دونوں ممالک کی رضا مندی سےجنگ بندی کا اعلان کیا گیاتھا اس کے باوجود پاکستان کی جانب سے ہندوستان پر حملہ کیا گیا، اس پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئےمہاراشٹر کے نائب وزیر اعلیٰ اور شیو سینا( شندے) کے سربراہ ایکناتھ شندے نے کہا کہ ’’پاکستان کتے کی دم کی طرح ہے جو کاٹے بغیر سیدھی نہیں ہو گی اور ملک کے وزیر اعظم نریندر مود ی اس دم کو سیدھا کرنا بخوبی جانتے ہیں۔ ‘‘
  اس سلسلے میں اتوار کی صبح ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو اپنے تاثرات دیتے ہوئے ایکناتھ شندےنے کہاکہ ’’ جو جنگ بندی کا اعلان ہوا تھا اس کی پہل پاکستان کے ڈی جی ایم او نے کی تھی۔ اور انہوں نے ہندوستان کے ڈی جی ایم او سے بات چیت کی تھی۔ دونوں ملکوں کی رضامندی سے سنیچر کو جنگ روکنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ اس کے باوجود رات میں ہندوستان پر حملے کئے گئے۔ ہندوستان ہمیشہ ہی سے اپنے وعدے پر قائم رہا ہےاور ہندوستان جو بھی معاہدہ کرتا ہے اسے پورا کرتا لیکن پاکستان کی جانب سے اکثر وعدہ خلافی کی جاتی رہی ہے۔ اس سے قبل بھی پاکستان نے جنگ بندی کے خلاف ورزی کی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے جنگ بندی پر اپنی رضامندی ظاہر کر کے انہیں سدھرنے کا ایک موقع فراہم کیا تھا لیکن مجھے نہیں لگتا کہ وہ سدھریں گے۔ ‘‘
 نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کہا کہ ’’جس طرح کتے کی دم کو کتنا بھی سیدھاکرنے کی کوشش کی جائے لیکن وہ سیدھی نہیں ہوتی ہے، سیدھا کرنے کیلئے اسے کاٹنا ہی پڑتا ہے، اسی طرح اگر پاکستان سیدھا نہیں ہوتا تو ہمارے ملک کے وزیر اعظم جو ملک کے عوام کے تحفظ کو ترجیح دیتے ہیں وہ اسے کاٹ کر سیدھا کرنے کا پورا انتظام کریں گے اور بے ایمانی کرنے والے پاکستا ن کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ ‘‘
  نائب وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ ’’ جنگ بندی کا اعلان کرنے کےبعد پاکستان نے ہمارے عوام پر حملہ کرنے کی کوشش کی ہے لیکن ہندوستان نے اس کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔ پاکستان کو اس بات کا احساس ہو گیا ہوگا کہ ہماری فوج انہیں منہ توڑ جواب دینے کیلئے پوری طرح تیار ہے اور ہندوستان سے جنگ کرنا آسان نہیں ہے۔ ہماری فوج کو بھی اس کا بخوبی اندازہ تھا کہ پاکستان کی جانب سے جنگ بندی کے خلاف ورزی کی جاسکتی ہے اور اسی لئے وہ بھی پہلے ہی سے اس کیلئے پوری طرح تیار تھے۔ ‘‘
  انہوں نےمزید کہا کہ ’’بار بار اس طرح کی حرکت کرنے پر ہندوستان اسے سبق ضرور سکھائے گا۔ پاکستان کو بھی اس کا اندازہ ہے کہ اگر وہ ہندوستان سے جنگ کرتے ہیں تو ان کا نام و نشان مٹ جائے گا، اس لئے ان کی بھلائی اسی میں ہے کہ وہ جنگ بندی کے اصولوں پر عمل کریں اور ہندوستان پر حملہ کرنے کے سلسلے کو روک دیں، ورنہ انہیں سنگین نتائج کا سامنا کرنا ہوگا۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK