بریلی میں ہنگامہ کے بعد شہر کے تاجروں کی وی ایچ پی لیڈروں کے ساتھ ایس ایس پی سے ملاقات ،ہنگامہ آرائی کے ثبوت پیش کرنے کا دعویٰ کیا،وی ایچ پی فوری کارروائی کیلئے بضد
EPAPER
Updated: February 11, 2024, 9:09 AM IST | Bareilly
بریلی میں ہنگامہ کے بعد شہر کے تاجروں کی وی ایچ پی لیڈروں کے ساتھ ایس ایس پی سے ملاقات ،ہنگامہ آرائی کے ثبوت پیش کرنے کا دعویٰ کیا،وی ایچ پی فوری کارروائی کیلئے بضد
گزشتہ روز اتحاد ملت کونسل کے سربراہ مولانا توقیر رضا خان کے گرفتاری دینے کے اعلان پر ہونے والے ہجوم کی وجہ سےافراتفری پیداہوگئی تھی جس کے بعد وہاں حالات بھی کشیدہ ہو گئے تھے۔ اسی وجہ سے بریلی شہر کے شیام گنج کے تاجروں نے جنہوں نے ایس پی سٹی اور ایس ایس پی سے ملاقات کرکے مولانا توقیر رضا خان کے خلاف قومی سلامتی ایکٹ کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ان تاجروں نے وی ایچ پی لیڈروں کے ساتھ پولیس کے اعلیٰ افسروں سے ملاقات کرکے شیام گنج میں توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا اور ثبوت مہیا کروانے کا مطالبہ بھی کیا۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ شرپسندوں نے بازار میں لوٹ مار کی کوشش کی ۔ اسی لئے سبھی پر این ایس اے لگا کر گرفتار کیا جائے ۔ اس موقع پر وشو ہندو پریشد کے علاقائی نائب صدر راجکمار راجپوت موجود تھے اور انہوں نے ہی تاجروں کو پولیس سے ملنے کے لئے اکسایا تھا ۔
اس میٹنگ کے دوران راجکمار راجپوت نے ایس پی سٹی کو بتایا کہ اگر کوئی غنڈہ گردی کرتا ہے تو پولیس انتظامیہ اسے جیل میں ڈال دیتا ہے۔گزشتہ روز مولانا توقیر رضا کی حمایت میں جمع ہونے والے ہجوم نے غنڈہ گردی کی۔ لوگوں کو مارا پیٹااور آگ لگانے کی کوشش کی۔ موٹر سائیکل توڑ ڈالی اور بازار لوٹنے کی کوشش بھی کی۔وی ایچ پی لیڈر نے کہا کہ اب تاجر طبقہ خاموش نہیں بیٹھے گا۔ انہوں نے مولانا توقیر رضا کے خلاف این ایس اےکے تحت کارروائی کا مطالبہ بھی کیا۔اس دوران تاجروں نے ایس ایس پی سشیل چندر بھان سے بھی ملاقات کی۔ ایس ایس پی نے کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔ تاجروں کا کہنا تھا کہ انہوں نے گزشتہ روز ہونے والی ہنگامہ آرائی کے حوالے سے کچھ ثبوت فراہم کئے ہیں۔
بریلی میں مولانا توقیر رضا خان کے مظاہرے کے بعد شیام گنج میں ہنگامہ آرائی کے معاملے میں دو رپورٹیں درج کی گئی ہیں۔ اس بارے میںایس پی سٹی کا کہنا تھا کہ سی سی ٹی وی کیمروں اور موبائل فوٹیج کی بنیاد پر ملزمین کی شناخت کے بعد کارروائی کی جائے گی جبکہ مقامی تاجروں کا الزام ہے کہ کچھ دکانوں کو آگ لگانے کی کوشش کی گئی لیکن جب پولیس پہنچی توتمام شر پسند فرار ہوگئے۔پولیس نے دکانیں بند کرادیں اورایس پی سٹی راہل بھاٹی کی قیادت میں فورس نےبھیڑ کو منتشر کرنے میں کامیابی حاصل کی ۔