Inquilab Logo

من سکھ ہیرین کیس میں پولیس افسرسچن وازےکی گرفتاری کا مطالبہ

Updated: March 10, 2021, 9:25 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

اسمبلی میں اپوزیشن کے شدید ہنگامہ کے سبب کارروائی ۷؍ مرتبہ ملتوی کرنی پڑی ، سابق وزیر اعلیٰ فرنویس کے جارحانہ تیور

Devendra Fadnavis - Pic : INN
دیویندر فرنویس ۔ تصویر : آئی این این

ودھان بھون میں جاری بجٹ اجلا س کے دوران  بدھ کو اپوزیشن اور بر سر اقتدار پارٹیوں  کے اراکین  آمنے سامنے آگئے تھے۔اسمبلی میں مسلسل ہنگاموں کے سبب اسمبلی کی کارروائی  ۶؍مرتبہ ملتوی اور ساتویں مرتبہ پورے دن کیلئے ملتوی کرنی پڑی۔ اپوزیشن لیڈر دیویندر فرنویس کا مطالبہ تھا کہ چونکہ امبانی کے گھر کے پاس ملنے والی گاڑی کے مالک منسکھ ہیرین قتل کے معاملے میں منسکھ کی بیوی نے خط لکھ کر پولیس آفیسر سچن وازے پر قتل میں ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے اسی لئے سچن وازے کو فوراً معطل کرتے ہوئے گرفتار کیا جائے۔دوسری جانب وزیر داخلہ انل دیشمکھ نے موہن دیلکر معاملے کو اٹھا تے ہوئے کہا کہ ان کے  سوسائڈ نوٹ میں جن کے بھی نام درج کئے گئے ہیں انہیں بخشا نہیں جائے گا۔
 ڈپٹی اسپیکر نرہری زروال نے فریقین سے خاموش رہنے کی درخواست کی لیکن  دونوں جانب سے چاہ ایوان  میں ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی  جاری رہی  جس کے بعد ہاؤس کی کارروائی وقفہ وقفہ سے ملتوی ہوتی رہی ۔ اسی دوران متعدد بل بھی پیش کئے گئے۔ 
 اپوزیشن لیڈر فرنویس نے ہیرین کی بیوی کا خط اسمبلی میں پڑھ کر سنایا جس میں انہوںنے الزام لگایا ہےکہ وازے نے متعدد مرتبہ منسکھ کو ملنے بلایا تھااور اس کے بعد گرفتار ہونے کیلئے کہا تھا اور ۲؍ تا ۳؍ دن میں ضمانت دلانے کی بات بھی کہی تھی۔ جس سے منسکھ شدید پریشان تھے اور انہوںنے اپنے بھائی سے ضمانت قبل از گرفتاری کیلئےمشورہ بھی کیا تھا۔ اتنا ہی نہیں یہ بھی الزام لگایا گیا ہےکہ منسکھ کی جس گاڑی میں دھماکہ خیز  اشیاءملی تھیں اس اسکارپیو کو وازے نے ۴؍ ماہ تک استعمال بھی کیا تھا۔  فرنویس کے مطابق سچن نے ہی ان کا قتل کیا ہے اور لاش یہ سوچ کر کھاڑی میں پھینک دی کہ وہ بہہ جائے گی لیکن  پانی اترنے  لاش کنارے پر آگئی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK