Inquilab Logo

حیدرآباد میں ہاتھ سے تیارکردہ سیویوں کی مانگ

Updated: April 10, 2024, 12:35 PM IST | Agency | hy

شیر خرمہ کیلئے ہاتھ سے تیار کردہ سیوی کا زیادہ تر انتخاب ہوتاہے، اب ان سیویوں کو مشین سے تیار کردہ سیویوں سے چیلنج کا سامنا ہے۔

On the occasion of Eid-ul-Fitr, the sale of savys is high. Photo: INN
عیدالفطر کے موقع پر سیویوں کی فروخت زیادہ ہوتی ہے۔ تصویر : آئی این این

رمضان المبارک میں شہر حیدرآباد کو اس بات سے بھی انفرادیت حاصل ہے کہ یہاں کے تمام پکوانوں کے ساتھ ساتھ عید الفطر کے موقع پر خاص سیویوں کے شیرخرمہ کی تیاری کی جاتی ہے جو عید کے دن ہر گھر کے دسترخوان کی شان ہوتا ہے۔ شیر خرمہ کے لئے ہاتھ سے تیار کردہ سیوی کا زیادہ تر انتخاب کیاجا تاہے تاہم اب ہاتھ سے تیار کردہ سیویوں کو مشین سے تیار کردہ سیویوں سے چیلنج کا سامنا ہے۔ عید کے قریب آنے کے ساتھ ساتھ ان سیویوں کی خریداری میں بھی اضافہ ہوتاجارہا ہے اور دکان پر یہ سیویاں عید سے پہلے ہی نظر آنے لگی ہیں۔ گھریلوخواتین ان سیویوں کے ساتھ ساتھ شیرخرمہ میں ڈالے جانے والے مغزیات کی بھی خریداری کر رہی ہیں لیکن شیرخرمہ کی جان سیویاں ہیں۔ ہاتھ کی سیویوں کی تیاری میں کئی خاندان جڑے ہیں اور وہ یہ کام کئی نسلوں سے کرتے آ رہے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ملک بھر میں عید کی خریداری شباب پر

شہر حیدرآباد کے چادر گھاٹ، املی بن، یاقوت پورہ اور دبیرپورہ کے علاقوں میں سیویوں کی تیاری کا کام زور وشور سے کیاجاتا ہے۔ یہ خاندان اب دکانوں پر ان سیویوں کی سپلائی کا کام شروع کرچکے ہیں اور اس کی فروخت میں بھی عید کے قریب آنے کے ساتھ ساتھ بتدریج اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ بعض گھریلو خواتین کا کہنا ہے کہ ہاتھ سے بنائی گئی سیویوں سے تیار کردہ شیرخرمہ کی بات کی کچھ اور ہوتی ہے کیونکہ اس طرح کی سیوئیوں سے تیارکردہ شیرخرمہ کا مزہ منفرد ہوتا ہے۔ ان ہاتھ سے سیویوں کی تیاری کرنے والے بعض خاندانوں نے بتایا کہ ریاست حیدرآباد دکن کے وقت سے ہی ان کا خاندان سیویوں کی تیاری کے کام سے منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ رمضان سے ۳؍ ماہ پہلے اس کی تیاری کی جاتی ہے جبکہ دیگر مہینوں میں وہ پھولوں کی سجاوٹ اور دیگر کام انجام دیتے ہوئے روٹی روزی کا انتظام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کے باپ دادا کی یہ نشانی ہے اور اس روایت کو وہ اب آگے بڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اچھی بات یہ ہے کہ ان کی نئی نسل بھی سیوی کی تیاری کاکام کر رہی ہے۔ 
 اس طرح کی سیوی تلنگانہ کے اضلاع کریم نگر، عادل آباد، محبوب نگر سے لوگ آکر لے جاتے ہیں۔ بسا اوقات تو طلب اتنی ہوتی ہے کہ اس کے مطابق سپلائی مشکل ہوجاتی ہے۔ چین کی سیوی سے ان کی ہاتھ سے تیار کردہ سیوی کو درپیش چیلنج سے متعلق سوال پر ان افراد نے کہاکہ تقریباً۱۵؍ سال پہلے ان کو چین کی سیوی سے کافی چیلنج تھا اور ان کے کاروبار پر اس کا اثر پڑا تھا تاہم جب لوگوں نے یہ محسوس کیا کہ اس غیر ملکی سیوی سے تیارکردہ شیرخرمہ کا مزہ بالکل الگ ہے تو پھر لوگ ان کی ہاتھ سے تیارکردہ سیوی کی طرف آگئے اور اس طرح ان کے کاروبار میں اضافہ ہوگیا۔ انہوں نے کہاکہ ہاتھ سے تیارکردہ سیوی کو دو سال تک بھی رکھا جاسکتا ہے۔ اس کے معیار میں کوئی فرق نہیں آتا اور یہ قابل استعمال ہوتی ہے۔ اس کو رکھنے پر اس میں کسی قسم کی بو بھی نہیں آتی۔ 
 جب ایسے ہی ہاتھ سے سیوی تیار کرنے والے خاندان سے پوچھا گیا کہ ایک دن میں کتنی سیوی تیار کی جاتی ہے تو اس خاندان نے کہاکہ اوسطا ایک دن میں ۱۲؍افراد تقریباً ۶۰؍کلوگرام سیوی ہاتھ سے تیار کر لیتے ہیں تاہم اس کو خشک ہونے کے لئے مکمل ایک دن درکار ہوتا ہے۔ اس کو خشک کرنے کے لئے رسی یا تار کا استعمال کیاجاتا ہے اور اس پر اس کو دھوپ میں سکھایاجاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر مطلع ابرآلود ہوتو اس کو خشک ہونے کے لئے دو دن لگتے ہیں۔ بازار میں سیوی فروخت کرنے والے تاجروں نے بتایا کہ ہاتھ سے تیارکردہ سیوی کی قیمت فی کلو ۱۸۰؍ تا۲۰۰؍ روپے ہے جبکہ مشین سے تیار کی جانے والی سیوی کی قیمت اس سے کم ہوتی ہے۔ شہر حیدرآباد کے ٹولی چوکی، مشیرآباد، ایرہ گڈہ اور ملک پیٹ میں ہاتھ سے تیار کردہ سیوی آسانی کے ساتھ دستیاب ہوتی ہیں۔ ان سیوی تیار کرنے والوں نے بتایا کہ رمضان سے پہلے ہی ان کو پیشگی طورپر سیوئیوں کی تیاری کے آرڈرس مل جاتے ہیں تاہم بعض اوقات تو وہ آرڈر کو بھی پورا کرنے سے قاصر رہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بڑھتے خاندانوں کے سبب ان کی ضروریات بھی بڑھ گئی ہیں اور بڑھتی ضروریات کے مطابق لوگ عید بھی اپنے چھوٹے خاندانوں میں منانے کو ترجیح دے رہے ہیں جس کے نتیجہ میں وہ اپنا الگ پکوان کرتے ہیں اور عید کے لئے خصوصی شیرخرمہ تو لازمی جز ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK