Inquilab Logo

ملک بھر میں عید کی خریداری شباب پر

Updated: April 09, 2024, 10:19 AM IST | Agency | New Delhi

ملک بھر کے تمام چھوٹے اور بڑے بازاروں میں غیرمعمولی بھیڑ۔مٹن ، چکن ، ملبوسات اورچوڑیوں کی خریدو فروخت۔

A scene of buying and selling bangles in a market in Mur Shadabad. Photo: PTI
مر شدآباد کے ایک مارکیٹ میں چوڑیوں کی خریدوفروخت کا ایک منظر۔ تصویر : پی ٹی آئی

پیر کو ملک بھر میں عید کی خریداری شباب پررہی۔ سری نگر سے لے کر نئی دہلی تک کے بازاروں میں چہل پہل رہی۔ پیر کو عید کی خریداری کیلئے ملک بھر کے تمام چھوٹے اور بڑے بازاروں میں غیرمعمولی بھیڑ رہی۔ پیر کو ایک بڑی تعداد مغرب کی نماز کے بعد سے کرانہ، پھل، سبزی، ڈرائی فروٹ، جوتا چپل اور ریڈیمیڈ گارمنٹس کی دکانوں پر خریداری میں مصروف نظر آئی۔ پیر کو کچھ بازاروں میں بیکری، مٹھائی، مٹن، چکن اور دودھ دہی کی دکانوں پر لوگ قطاروں میں کھڑے ہوکر اپنی باری کا انتظار کرتے ہوئے نظر آئے۔ پیر کو دیررات تک قومی دارالحکومت دہلی کے اہم بازاروں میں  بھی مر دو ں سے زیادہ خواتین ملبوسات اور چوڑیوں کی خریداری کرتی رہیں۔ اسی طرح حیدرآباد میں چار مینا ر کے قریب کے بازاروں میں تل دھر نے کی جگہ نہیں تھی۔ چاروں طرف خریدار ہی نظر آرہے تھے۔ 
 ان علاوہ پیر کی شب ملک کےتمام بڑے شہروں بنگلور، بھوپال، لکھنؤ، کولکاتا، مرشدآباد، مرادآباد، پٹنہ، گیا، فریدآباد، چندی گڑھ اور گورکھپور وغیرہ کے اہم بازاروں  میں  بھی بڑے پیمانے ملبوسات اور چوڑیاں کی خریدار ی ہوتی رہی۔ 

یہ بھی پڑھئے: چھ ؍ماہ میں سونے کے دام میں ۲۵؍فیصد اضافہ

 ممبئی کے رمضان کے اہم اورقدیم بازاروں میں ناخدا محلہ، محمد علی روڈاور بھنڈی بازار کے علاوہ کرلا، گھاٹکوپر، بھانڈوپ، دھاراوی، سائن، ساکی ناکہ، اندھیری، جوگیشوری، بائیکلہ، مدنپورہ اور ملاڈ وغیرہ میں  دکانوں  پر غیر معمولی بھیڑ رہی۔ مضافات میں ممبرا، بھیونڈی، میر اروڈ اور تلوجہ وغیرہ میں رات بھر عید کی مناسبت سے خریدوفروخت ہوتی رہی۔ کشمیر میں کئی گنا مہنگائی کی شکایت کی گئی۔ سری نگر کے ایک بازار میں خریداری میں   مصروف گاہکوں نے بتایا کہ ایک سادہ کیک جو ۵-۴؍ برس قبل ۶۰؍روپے میں فروخت کیا جاتا تھا، وہی اب ۱۵۰؍ سے ۳؍سوروپے تک میں فروخت ہوتا ہے جبکہ سبزی فروشوں نے بھی گاہکوں  سے من مانی کی۔ رپورٹس کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران وادی میں مختلف بینکوں کے اے ٹی ایم سے کروڑوں روپے نقد نکالئے گئے۔ سب سے زیادہ بھیڑ سری نگر کی بیکری اور مٹھائی کی دکانوں میں دیکھی گئی۔ رپورٹس کے مطابق وادی میں گزشتہ چند دنوں کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی بیکری مصنوعات خریدیں گئیں۔ پیر کی شب سری نگر کے بازاروں گونی کھن، جامع مسجد، ریگل چوک اور زینہ کدل میں بڑی تعداد میں  لوگ ملبوسات کی خریداری میں مصروف رہے۔ اس دوران گاہکوں نے الزام لگایا کہ گاہکوں کی بھیڑ کو دیکھتے ہوئے دکانداروں نے من مانی بھی کی۔ گاہکو ں  کاکہناتھا کہ مٹن، چکن اور پھل فروش گاہکوں سے اپنی مرضی کے مطابق قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔ گاہکوں نے الزام لگایا کہ عیدالفطر کے پیش نظر بیکری والوں نے بیکری مصنوعات کی قیمتوں میں بھاری اضافہ کردیا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK