Inquilab Logo

وسئی ویرار میں عیدالاضحی کے ایام میں قربانی کیلئے جگہ کا مطالبہ

Updated: June 04, 2023, 11:06 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

وسئی ویرار کی متعدد تنظیموں کی جانب سے میونسپل کمشنر سے تحریری درخواست، قربانی پرسکون طریقے سےکرنے کی کوشش

People of vasai Virar are demanding a designated place for sacrifice (File Photo).
وسئی ویرار کےعوام قربانی کیلئے ایک مخصوص جگہ کا مطالبہ کررہے ہیں(فائل فوٹو)

 عیدالاضحی کے ایام میں وسئی ویرار کے علاقے میں کئی بلڈنگیں اور سوسائٹیاں ایسی ہیں جہاں بکروں کی قربانی کرنے میں دقتوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور کئی بار علاقے کے شرپسند ایسے مواقع کا فائدہ اٹھاکر ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ اس لئے وسئی ’پیس فیڈریشن آف  ا ین جی اوز ‘ کے بینر تلے علاقے کی متعدد تنظیموں کی جانب سے وسئی ویرا ر مہانگر پالیکا کے میونسپل کمشنر اور پولیس کمشنرکو تحریری درخواست دے کر مطالبہ کیا گیا ہےکہ قربانی کے ایام میں بکروں کی قربانی کیلئے میونسپل کارپوریشن عارضی طور پر جگہ فراہم کی جائے تاکہ علاقے میں پُرسکون طریقے سے ۳؍ دنوں تک قربانی کی جا سکے ۔   وسئی میں مقیم اور ’ پیس فیڈریشن آف این جی او ز ‘  کے صدر اسماعیل خان نے نمائندۂ انقلاب کو وسئی ویرار میونسپل کارپوریشن اور وسئی ویرار پولیس کمشنر کو دیئے جانے والے خطوط کی نقل دکھاتے ہوئے کہا کہ اس وقت ممبئی ، تھانے اور ملک کےدیگر حصوںمیں مٹھی بھر شرپسندوں کی جانب سے خاص طور سے مسلمانوں کو ہر طرح سے نشانہ بناکر پریشان کیا جارہا ہے ، اسی کے پیش نظر وسئی ویرار مہانگر پالیکا کے تمام علاقوں میں آئندہ عیدالاضحیٰ  میں ہونے والی بکروں کی قربانی کیلئے عارضی جگہوں کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کئی سوسائٹیوں کی جانب سے بلڈنگ کے احاطے میں کہیں کونے میں لوگ قربانی کرنے پر مجبور ہوتے ہیں اور کہیں کہیں اس کی بھی سوسائٹی کی جانب سے اجازت نہیں ہوتی  ۔ چونکہ صاحب نصاب پر قربانی کرنا فرض ہے۔  اس لئے ایسے حالات میںلوگ کسی طرح سے قربانی کے فرائض کی ادائیگی کرتے ہیں۔  ایسے حالات میں علاقے کے کچھ شرپسند  اسی کافائدہ اٹھاکر کسی نہ کسی بہانے علاقے کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ قربانی کی ادائیگی کیلئے جگہ دینا میونسپل کارپوریشن کی ذمہ داری ہے ۔ 
  وسئی ویر ار علاقے کی متعدد تنظیموں کی جانب سے ’ پیس فیڈریشن آف این جی اوز ‘ کے بینر تلے تحریری درخواست دے کر میونسپل کمشنر اورپولیس کمشنر سے بھی قربانی کی ادائیگی کیلئے عارضی  جگہ کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔  ایک سوال کے جواب میں اسماعیل خان کاکہنا ہے کہ اس سلسلے میں تنظیموں کے عہدیداران بہت جلد فیڈریشن کی جانب سے میونسپل کمشنرسے ملاقات کرکے قربانی کیلئے عارضی جگہ کا مطالبہ کریں گے ۔ اس سلسلے میں انقلاب نے وسئی ویرار میونسپل کمشنر انل پوار سے متعدد مرتبہ موبائل فون پر  رابطے کی کوشش کی ۔ اس کےعلاوہ  ان سے وہاٹس ایپ اور ایس ایم ایس کے ذریعہ  رابطہ کی کوشش کی مگر کامیابی نہیں ملی ۔ اسی طرح پولیس کمشنر مدھوکر پانڈے سے بھی رابطہ قائم کرنے کی کوشش کی مگر  نہیں  مل سکی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK