Inquilab Logo

عید قرباں پر شرارت کرنے والوں پر سخت کارروائی کیلئے میٹنگیں

Updated: June 17, 2023, 9:30 AM IST | saeed Ahmed | Mumbai

بی ایم سی ہیڈ آفس ، کاندیولی اور مالونی میں ٹرسٹیان کے ہمراہ میٹنگیں کی گئیں۔ شہری انتظامیہ اورپولیس نے یقین دلایا کہ نظم ونسق خراب کرنے والوںکیخلاف سخت کارروائی کی جائےگی

In this regard, meetings were held at BMC headquarters and Maloney police station to ensure that there is no trouble and mischief during Eid-ul-Adha.
عید قرباں کے دوران کسی قسم کی پریشانی اور شرانگیزی نہ ہو اس سلسلے میں بی ایم سی ہیڈ کوارٹرز اور مالونی پولیس اسٹیشن میں میٹنگیں کی گئیں۔

عید قرباں میں نظم ونسق اور قربانی میں گائیڈ لائن کو پیش نظر رکھنے کے ساتھ دیگر متعلقہ مسائل پر میونسپل کمشنر  اور مضافات کے مالونی اور کاندیولی علاقوں میں پولیس کے ہمراہ میٹنگوں کا انعقاد کیا گیا۔ اس میں ٹرسٹیان مساجد، علماء اور ملی تنظیموں کے ذمہ داران کو بلایا گیا۔
 قربانی میں کوئی مسئلہ نہ  ہو 
 میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل اور ڈی سی پی پال سنگھ راجپوت کے ہمراہ ہونے والی میٹنگ میں ایم‌اے خالد، وزیر قا دری، شاکر باٹلی والا، سلیم سارنگ، عبدالمتین، شاہنواز تھانہ والا اور ایوب قریشی وغیرہ نے شرکت کی۔ دوران میٹنگ شرکاء کی جانب سے جانوروں کو روکنے کی شکایت کی گئی اور خریداری کے لئے آن لائن رقم ٹرانسفر کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ اسی کے ساتھ سوسائٹیوں میں کی جانے  والی قربانی کے تعلق سے اگر کوئی مسئلہ ہو تو اس کو فوراً دور کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا تاکہ سنت ابراہیمی کی ادائیگی میں خلل واقع نہ ہو۔‌ اسی طرح دیونار سے جانور خرید کر گھر لانے میں بھی کوئی دقت نہ ہو، اس جانب بھی توجہ دی جائے۔میونسپل کمشنر اقبال سنگھ چہل نے کہا کہ اس کے لئے دیونار میں بہتر انتظام کیا گیا ہے۔ اسی طرح جانور لانے کے لئے بی ایم سی کی رسید ساتھ رکھیں تاکہ کوئی رکاوٹ نہ ہو۔
  شہر ومضافات میں ہونے والی میٹنگوں کے دوران خاص طور پر اس جانب توجہ دلائی گئی کہ قربانی کرنے والے تمام لوگ بی ایم‌ سی ایپ لوڈ کرکے آن لائن‌ درخواست دے دیں تاکہ ایک سند ہوجائے، اس سے ثبوت بھی رہے گا اور یہ لازمی بھی قرار دیا گیا ہے۔
   کاندیولی میں میٹنگ
 کاندیولی پولیس اسٹیشن میں میٹنگ کے دوران دیگر باتوں کے ساتھ بطور خاص لوگوں نے اپنی جا‌نب سے ہر ممکن تعاون کی یقین‌ دہانی کروائی اور یہ مطالبہ کیا گیا قانون ہاتھ میں لینے والوں اور قربانی میں روڑا اٹکانے والوں‌ کے ساتھ سختی کی جائے تاکہ ماحول خراب نہ ہو۔ اس پر سینئر انسپکٹر نے کہا کہ آپ لوگ اطمینان رکھیں پولیس نے اپنی تیاری شروع کردی ہے۔ میٹنگ میں شامل منور انصاری نے یہ تفصیل بتائی۔
مالونی پولیس اسٹیشن میں علماء سے گزارش
  یہاں میٹنگ میں انجمن جامع مسجد کے ذمہ داران جمیل تعلقدار، اجمل خان، جامعہ منہاج السنہ کے سربراہ مولانانوشاد صدیقی، کریم پٹیل (نوری مسجد) اے سی مسجد کے ذمہ دار اعجاز احمد کے علاوہ  انبوز واڑی کی اعلیٰ حضرت مسجد، نور ی مسجد، طیبہ مسجد اور اقراء مسجد وغیرہ کے ذمہ داران نے مالونی پولیس اسٹیشن میں‌ ہونے وا لی میٹنگ میں شرکت کی۔ٹرسٹیان مساجد کی جانب سے کہا گیا کہ قربانی کے دوران جانور کے جسم سے نکلنے والی آلائش رکھنے کیلئے بی ایم سی کی جانب سے خصوصی نظم کیا جائے تاکہ گندگی نہ ہو، قربانی کے دوران پردے کا اہتمام رکھا جائے اور دیونار سے بڑے جانور کا گوشت لانے میں بھی احتیاط برتی جائے۔
  انجمن جامع مسجد کے صدر اجمل خان نے کہا کہ جامع مسجد لب سڑک ہے ، یہاں ایک جماعت ہوتی ہے اور کچھ دیر ٹریفک روک دیا جاتا ہے اس لئے پولیس، ٹریفک ڈپارٹمنٹ اور دیگر شعبوں تک پہلے پیغام پہنچادیا جائے تاکہ عین وقت پر کوئی مسئلہ نہ ہو،یہ اہتمام پچاسوں برس سے کیا جاتا ہے۔اس پر سینئر انسپکٹر چیما جی بڑھاؤ نے کہا کہ اس کا خیال رکھا جائے گا۔سینئر انسپکٹر اڑھاؤ نے علماء سے اور ائمہ سے  درخواست کی آپ حضرات خاص طور پر توجہ دلائیں کیونکہ آپ کی بات زیادہ غور سے سنی جاتی ہے۔ جہاں تک پولیس کی بات ہے تو آپ کو جہاں بھی ایسا محسوس ہو کہ کوئی گڑبڑ کررہا ہے یا بدنظمی ہوسکتی ہے، فوراً خبر دیں تاکہ بات بڑھنے نہ پائے اور ماحول خراب نہ ہو۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK