• Wed, 04 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شہر ومضافات کے کئی علاقوں میں انہدامی کارروائی

Updated: February 04, 2026, 1:04 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

جنوبی ممبئی میں محمد علی روڈ،ابراہیم مرچنٹ روڈ اورمسجد اسٹیشن پر جبکہ مضافات میں کاندیولی، گوریگائوں اور کرلامیں غیر قانونی ہاکرس اور تعمیرات کو ہٹایاگیا۔

BMC squad conducting demolition operations in Muhammad Ali Road and other areas. Picture: Inquilab
محمدعلی روڈ اور دیگر علاقوں میں بی ایم سی دستہ انہدامی کارروائی کرتے ہوئے۔ تصویر: انقلاب
شہر و مضافات میں برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن (بی ایم سی)  غیر قانونی تعمیرات اور ہاکرس کے خلاف بڑے پیمانےپر انہدامی کارروائی کررہی ہے۔جنوبی ممبئی کےمتعدد علاقوں  اور مغربی مضافات کےگوریگائوں اور کاندیولی جبکہ مشرقی مضافات کےکرلاعلاقے  میں کارروائی کی گئی ۔جمعہ اور سنیچر کو نل بازارمیں ہونےوالی انہدامی کارروائی کے بعد پیر سے محمدعلی روڈ ،   ابراہیم مرچنٹ روڈ اور مسجد اسٹیشن کے علاقوں میں انہدامی کارروائی جاری ہے۔ اس دوران غیر قانونی ہاکرس کے علاوہ ۷؍غیر قانونی دکانیں، ۱۲؍اوٹے ، ۱۰؍ لوہےکے شیڈاور ۲؍ لاوارث گاڑیوں کو ہٹایا گیا ۔
جنوبی ممبئی میں پولیس بندوبست میں کارروائی
بی ایم سی کے مطابق انہدامی کارروائی کے دوران محمد علی روڈ اور ابراہیم مرچنٹ روڈ پر فٹ پاتھوں سے غیر قانونی ہاکرس اور تعمیرات کو ہٹایا گیا۔ یہ کارروائی بی وارڈ کے انتظامی محکمہ نے کی ۔ مذکورہ دونوں سڑکیں شہر کے مصروف ترین تجارتی راستوں میں سے ہیں  جو کہ بھنڈی بازار، مسجد بندر، بائیکلہ، ناگ دیوی اسٹریٹ اور مانڈوی جیسے علاقوں کو جوڑتی ہیں۔ ان علاقوںکی فٹ پاتھوں پر غیر قانونی قبضہ ہونے سے راہگیروں اور گاڑی  والوں کو شدید پریشانی ہوتی ہے۔
محمدعلی روڈ کےسماجی کارکن امین پاریکھ نے اس نمائندے کو بتایاکہ ’’ان دنوں شہر ومضافات کےبیشتر علاقوںمیں انہدامی کارروائی جاری ہے  جس کےتحت محمد علی روڈاور ابراہیم مرچنٹ روڈ   علاقوں میں پیرکو زبردست کارروائی کی گئی ۔ یہاں سےغیر قانونی پھیری والوںاور غیر قانونی تعمیرات کو ہٹایاگیاجبکہ منگل کو مسجد اسٹیشن کے علاقہ میں بھی اس طرح کی کارروائی کی گئی جس سے ہاکرس اور دکانداروںمیں ناراضگی پائی جارہی ہےلیکن اس کی وجہ سے راہگیروںاور گاڑی  والوںکو آسانی ہوئی ہے۔‘‘
یہ کارروائی ایڈیشنل میونسپل کمشنر (سٹی) ڈاکٹر اشونی جوشی کی ہدایات اور ڈپٹی کمشنر (زون ون) چندا جادھو کی رہنمائی اور بی وارڈ کے اسسٹنٹ میونسپل کمشنر یوگیش دیسائی کی قیادت میں کی گئی جس کیلئے ۴؍ گاڑیاں، ۲؍ جے سی بی مشینوں اور دیگر آلات کا استعمال کیاگیا۔ پولیس بندوبست میں تقریباً ۴۰؍افسران اور عملےکی موجودگی میں کارروائی کی گئی۔
بی ایم سی حکام کےمطابق غیر قانونی ہاکرس اور تعمیرات کوہٹائے جانےپرمقامی لوگوںنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئےکہا ہےکہ اب پیدل چلنے   اور ٹریفک کی روانی میں بہتری آئےگی۔ بی ایم سی   نے غیر قانونی پھیری کرنے والوں اور تعمیرات کےخلاف باقاعدہ کارروائی جاری رکھنے کا یقین دلایا ہے تاکہ شہر بھر میں   قبضوں سے پاک فٹ پاتھ اور سڑکوں کو یقینی بنایا جا سکے۔
مغربی مضافات میں کاررو ائی 
دریں اثناء  بی ایم سی اور ممبئی پولیس نے گوریگاؤں اور بوریولی کے درمیان میٹرو اسٹیشنوں اور بھیڑ والی سڑکوں کے قریب روڈ کو صاف کرنے کیلئے بڑے پیمانے پر انہدامی کارروائی شروع کی ہے۔ یہاںغیر قانونی ہاکرس کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیاگیا جس سے شہر کی سب سے زیادہ مصروف سڑکوں اور ٹرانزٹ زونز کو کلیئر کرنےمیں مدد ملی ہے ۔ مہم کے دوران کاندیولی میٹرو اسٹیشن، نیو لنک روڈ، دھانو کرواڑی ، ایم جی روڈ، لنک روڈ، ایس وی روڈ، موتی لال نگر، رام مندر اور آس پاس کے  ریلوے اسٹیشن کے علاقےشامل ہیں۔ان علاقوں سے فٹ پاتھوں پر غیر قانونی طور پر قابض ہاکرس کو ہٹایا گیا  جس سے راہ گیروں کوراحت ملی ہے۔ پلوں کے نیچے قائم غیر قانونی بستیوں کو بھی صاف کیاگیاہے۔
کرلامیں ایک ہفتہ سے انہدامی کارروائی جاری
کرلامیں بھی گزشتہ ایک ہفتہ سے انہدامی کارروائی جاری ہے۔ کرلا مغرب کے ہلائو پل، ایل آئی جی کالونی اور پائپ روڈ پر ہونےوالی کارروائی کے دوران بالخصوص دکانوں کےغیر قانونی اوٹے ،پترےاور چھجوں کو منہدم کیاگیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK