Inquilab Logo

گوہاٹی ہائی کورٹ کی سرزنش کے باوجود آسام میں چائلڈ میرج کے خلاف کارروائی میں شدت کا فیصلہ

Updated: February 19, 2023, 11:08 AM IST | guwahati

وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا شرما نے تمام اضلاع کے اعلیٰ پولیس افسران کے ساتھ میٹنگ میں کریک ڈاؤن کو مزید شدت کے ساتھ جاری رکھنے کی ہدایت دی، کارروائی کے نام پر اقلیتوں کو نشانہ بنانے کے الزام کو بے بنیاد قرار دیا

Chief Minister Hemant Biswa Sharma in a meeting with police officers
وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا شرما پولیس افسران کےساتھ میٹنگ میں

آسام ہائی کورٹ کی شدید برہمی اور جواب طلب کرنے  کے باوجود ریاست کے وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا شرما نے جمعہ کو پولیس افسران کےساتھ ایک میٹنگ میں کہا ہے کہ ریاست میں چائلڈ میرج کے خلاف کارروائی میں اضافہ کیا جائےگا۔  یاد رہے کہ ۳؍ فروری سے شروع کی گئی اس کارروائی میں۱۷؍ فروری تک  اب تک ۳؍ ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کیا جا چکاہے۔ یہ کارروائیاں ریاست میں چائلڈ میرج  کے خلاف درج کئے گئے۴؍ ہزار ۳۷؍ معاملوں میں ہوئی ہیں۔ آسام جہاں کم عمری میں بچوں کی شادی کر دینا عام ہے، ملزم شوہروں اور شادی کرانے والے دیگر افراد پر پوکسو جیسے سخت قانون کے اطلاق کافیصلہ کیاگیاہے ۔ریاستی حکومت کی اس کارروائی کی وجہ سے ہزاروں  خاندان  تباہ ہورہے ہیں۔ 
 ریاستی حکومت کے اس طرز عمل پر سیاسی ا ور سماجی حلقوں سے تنقیدوں  کے بعد گزشتہ ہفتہ گوہاٹی ہائی کورٹ نے بھی برہمی کااظہار کیا۔ کورٹ نے ملزمین پر پوکسو کے اطلاق پر حیرت کااظہار کرتے ہوئے حکومت کو متنبہ کیا کہ اس کی کارروائی کی وجہ سے ریاست میں ہنگامہ مچ گیا ہے۔ عدالت نے یہ تبصرہ چائلڈ میرج کے نام پر درج ۴؍ مقدموں  میں ملزمین کو ضمانت پر رہا کرنے کا فیصلہ سناتے ہوئے کیا۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ اس معاملے میں پوکسو کے اطلاق کا جواز نہیں ہے۔ 
 ہائی کورٹ ان کے مشاہدات کے باوجود ریاست کے وزیراعلیٰ ہیمنت بسوا شرما نے جمعہ کو تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں اورسپرنٹنڈنٹس آف پولیس    کے ساتھ میٹنگ کی اور چائلڈ میرج کے خلاف کریک ڈاؤن میں شدت کی ہدایت دی۔ خبررساں ایجنسی پی ٹی آئی سے گفتگو کرتےہوئے انہوں نے کہا کہ ’’اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ریاست میں ایک بھی چائلڈ میرج نہ ہو۔ ۲۰۲۶ء تک ہم اسے ختم کردیں گے۔‘‘ آسام پولیس پر الزام لگ رہاہے کہ چائلڈ میرج کے نام پر بطور خاص مسلمانوں کی گرفتاریاں کی جارہی ہیں تاہم بسوا شرما نے اس الزام کی تردید کی۔  وزیراعلیٰ نے نشاندہی کی کہ عدالتوں نے صرف ۲۵۱؍ یعنی  ۸ء۲۳؍ فیصد معاملوں  میں  ضمانت دی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ مقدمات گھڑے ہوئے نہیں ہیں۔ 
 دوسری طرف آسام سرکار کی کارروائی پر تنقید کرنے والے سماجی کارکنان اور انصاف پسند افراد کا کہنا ہے کہ چائلڈ میرج کو روکنے کیلئے پہلے ہی ہو چکی  شادیوں  کے خلاف کارروائی کرکے  ایسے خاندانوں کو تباہ کرنے کے بجائے جہاں کئی برسوں قبل  شادی ہوئی تھی اور میاں بیوی اپنے بچوں  کے ساتھ خوشحال زندگی گزاررہے ہیں،   بہتر  یہ ہے کہ آئندہ ایسی شادیوں کوروکنے کیلئے اقدامات ہوں۔ 

assam Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK