ا ن میں ۲؍ ماہ کا بچہ بھی شامل ، اتوار کی صبح یہ حادثہ ہوا تھا جس میںکئی ا فراد بلڈنگ میں پھنس گئے تھے،مقامی نوجوانوں کی مدد سے فائر بریگیڈ نے انہیںباہر نکالا
EPAPER
Updated: June 13, 2023, 7:42 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai
ا ن میں ۲؍ ماہ کا بچہ بھی شامل ، اتوار کی صبح یہ حادثہ ہوا تھا جس میںکئی ا فراد بلڈنگ میں پھنس گئے تھے،مقامی نوجوانوں کی مدد سے فائر بریگیڈ نے انہیںباہر نکالا
یہاں ایک رہائشی عمارت میں اچانک آگ لگ جانے پر کئی افراد بلڈنگ میں پھنس گئے اور افراتفری کی وجہ سے کئی لوگ سیڑھیوں پر گر پڑے ۔ فائر بریگیڈ کے جوانوں نے مقامی نوجوانوں کی مدد سے انھیں بلڈنگ سے باہر نکال کر محفوظ مقامات پر پہنچایا ۔ ۳۲ ؍افراد کودَم گھٹنے کی شکایت پر اسپتال داخل کیا گیا ہے جن میں ۷؍بچے شامل ہیں اور ۳؍ افراد کی حالت کو دیکھتے ہوئے انھیں انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں بھیج دیا گیا ہے ۔
دھاراوی کے ۹۰؍ فٹ روڈ پر واقع شمع بلڈنگ میں اتوار کی صبح تقریباً ساڑھے ۱۰؍بجے لفٹ کے بغل میں واقع ایک بجلی کے کیبل میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگ گئی تھی۔دیکھتے ہی دیکھتے آگ بلڈنگ میں پھیل گئی ۔ اس آگ میں ایک شخص معمولی طور پر جھلس گیا اور گھروں میں دھواں بھرجانے کی۳۲؍ افراد کو دم گھٹنے کی شکایت ہوئی جنہیں سائن اسپتال میں اور ۳؍ افراد کو ایک دوسرے اسپتال میں علاج کیلئے داخل کیا گیا ہے۔ ان میں ایک ۲؍ مہینہ کا بچہ بھی شامل ہے۔ فائر بریگیڈ ذرائع کے مطابق آگ گراؤنڈ فلور سے چھٹے منزلےتک کیبل وائر کے ذریعہ پہنچ گئی تھی اور بلڈنگ کے کئی مکین اس میں پھنس گئے تھے ۔ البتہ بلڈنگ اور آس پاس کے نوجوانوں کی مدد سے فائر بریگیڈ کے اہلکاروں نےپھنسے ہوئے لوگوں کو باہر نکال لیا ۔
ممبئی فائر بریگیڈ کنٹرول روم کے مطابق عمارت میں دھوا ں بھرجانے سے مکین چیخنے لگے تھے اور پوری بلڈنگ میں افراتفری مچ گئی تھی ۔ اسی دوران بلڈنگ کے زینے سے بھاگتےہوئے کئی مکین گر پڑے اور انھیں چوٹ بھی لگی ۔ فائر افسر کا کہنا ہے کہ مقامی نوجوانوں نے بلڈنگ میں پھنسے ہوئے لوگوں کے بارے میں پولیس اور فائر بریگیڈ کے جوانوں کو آگاہ کیا۔فائربریگیڈ کے اہلکاروں نے پھنسے ہوئے مکینوں کو عمارت سے باہر نکا ل لیا ۔بلڈنگ میں دھواں بھرجانے کی وجہ سے اہلکاروں کو بھی آگ بجھانے میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا ۔ فائر بریگیڈ کے جوانوں نے ۴؍ فائر انجن اور ۲؍ پانی کے ٹینکر اور ایک بڑے فائر فائٹر کی مدد سے ایک گھنٹے میں آگ پر قابو پایا ۔
اس سلسلے میں پولیس کا کہنا ہے کہ آتشزدگی میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے ۔ البتہ ایک شخص معمولی جھلس گیا ہے اور۳۲؍افرادکو بلڈنگ میں دھواں بھرجانے سے سانس لینے میں تکلیف محسوس ہوئی جنہیں علاج کیلئے سائن اسپتال میں داخل کیا گیا ۔