Inquilab Logo

دھولیہ : کرنٹ لگنے سے۱۰؍ سالہ لڑکے کی موت ،مقامیوں میں شدید برہمی

Updated: January 20, 2023, 10:07 AM IST | I Shaikh | Dhulia

غفور نگر علاقے میںبچہ اپنے گھر کے قریب کھیل رہا تھا کہ ہاتھ کھمبے سے لگتے ہی زوردار کرنٹ کی زد میں آگیا،تھوڑی دیر میں بے جان ہوگیا

Irshad Ashfaq Momin; Photo: INN
ارشاد اشفاق مومن ; تصویر:آئی این این

 شہر کے غفور نگر علاقے میں دس سال کے لڑکے کو الکٹرک کھمبے کا کرنٹ لگنے سے وہ جائے وقوع پر ہی فوت ہونے کا دل سوز واقعہ بدھ کی رات میں پیش آیا۔بجلی محکمہ کی لاپروائی کی وجہ سے ایک معصوم بچے کی جان جانے کی شکایت لواحقین کے ہمراہ مذکورہ علاقے  کے مکینوں نے بجلی محکمہ کے افسران اور ملازمین کے خلاف کی ۔ رکن اسمبلی ڈاکٹر فاروق شاہ نے مہاوترن کمپنی کے اعلیٰ افسرسے ملاقات کرتے ہوئے حادثے کی فوری تفتیش  اور اہل خانہ کی  فوری سرکاری مدد کا مطالبہ کیا  ہے نیز خاطی افسران اورملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی بھی اپیل کی ہے۔ 
                تفصیلات کے مطابق شہر کے مسلم اکثریتی علاقہ غفور نگر میں۱۸؍جنوری کی رات۹؍ بجے فوت ہونے والا ۱۰؍ سالہ ارشد اشفاق مومن چند بچوں کے ساتھ اپنے گھر کے آنگن میں کھیل رہا تھا۔قریب  ہی میں الیکٹرک کھمبے  سے اس کا ہاتھ مس ہوتے  ہی کھمبے کا زور دار کرنٹ بچے کو لگا ۔ کافی دیر تک بچہ الیکٹرک کھمبے سے چپکا رہا اور اس کے بعد وہ جائے وقوع پر ہی بے جان ہوگیا۔یہ منظر اس علاقے کے ایک سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوا ہے۔
            اس ضمن میں علاقے کے ایک مقامی شخص نے بجلی محکمہ کے ملازمین کی لاپروائی کی شکایت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایم ایس سی بی محکمہ کو کئی مرتبہ کال کیا لیکن دفتر میں کسی نے بھی فون نہیں اٹھایا۔لوگوں نے یہ بھی شکایت کی کہ ورجئی روڈ علاقے کے ایم ایس سی بی دفتر میں ملازمین موجود نہیں رہتے۔علاقے کے کارپوریٹر ڈاکٹر سرفراز نے بتایا کہ وہ بھی ایم ایس سی بی محکمہ کے افسران کو غفور نگر علاقے میں بجلی کے کھمبوں اور الیکٹرک کیبل کے یہاں وہاں لٹکنے کے مسئلے سے روشناس کر چکے ہیں۔ افسران  کے سامنے انہوں نے اس وجہ سے ناگہانی حادثہ پیش آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا تھالیکن مذکورہ محکمے کے افسران ،ملازمین کے کان پر جوں تک نہیں رینگی۔ ایم ایس سی بی محکمہ کی لاپروائی کی وجہ سے ایک معصوم بچے کی جان چلی گئی۔ڈاکٹر سرفراز نے بھی مذکورہ محکمہ کے افسران اور ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی مانگ کی ہے۔
 رکن اسمبلی ڈاکٹر فاروق شاہ نے جائے حادثہ پر پہنچ کر ایم ایس سی بی محکمہ کے افسران  پر شدید برہمی ظاہر کی ۔ایم ایس سی بی کے اعلیٰ افسر پاٹل سے لواحقین کو فوری طور پر سرکاری مدد دینے کی مانگ اور خاطی افسران، ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے بھی ایم ایس سی بی محکمہ کے افسران، ملازمین کی لاپروائی کی وجہ سے مسجد اسحاق کے عقب میں سلمان نامی ایک معصوم بچہ کھلے ٹرانسفارمر کی زد میں آنے سے فوت ہوگیا تھا۔مسلم علاقوں میں کھلے ٹرانسفارمر،الیکٹرک کے جھکے ہوئے پول، لٹکتے ہوئے تار سنگین مسئلہ بنتے جارہے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK