Inquilab Logo

ڈومبیولی:کووڈ سینٹر میں شراب پینے سے منع کر نے پر نوجوان کی پٹائی

Updated: March 30, 2021, 6:24 AM IST | Ejaz Abdul Ghani | Dombivali

ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ملازمین کو برطرف کردیا

KDMC - Pic : MidDay
کے ڈی ایم سی ۔ تصویر : مڈ ڈے

ایک جانب کلیان ڈومبیولی میونسپل کارپوریشن( کے ڈی ایم سی) کی حدود میں کووڈ ۱۹؍ سے متاثر ہو نے والے افراد کی تعداد کو دیکھتے ہوئے انتظامیہ نے بند کر دیئے گئے کووڈ سینٹرز کو دوبارہ شروع کردیا ہے ۔ دوسری جانب سرکاری کووڈ سینٹر میں تعینات ملازمین کا ایک ویڈیو منظر عام پر آیا ہے جس میں وہ کووڈ سینٹر میں بلا خوف  شراب اور گانجا کی پارٹی کر رہے ہیں۔ یہاں قابل ِ مذمت بات یہ ہے کہ جب ایک نوجوان نے ملازمین کوشراب پینے سے منع کرتے ہوئے ویڈیو بنایا تو انہوں نے اُسے بری طر ح سے زد وکوب کیا۔ 
 عیاں رہے کہ ریاست کے مختلف کووڈ سینٹروں میں چھیڑ چھاڑ ، عصمت دری اور چوری کے متعدد واقعات رونما ہوچکے ہیں۔ اب ڈومبیولی میں کے ڈی ایم سی کے ساولا رام اسپورٹس کمپلیکس میں واقع کووڈ سینٹر کے احاطے میں شراب اور گانجے کی پارٹی منعقد کر نے کا ایک ویڈیو سامنے آیا ہے۔ اس ویڈیو میں کووڈ سینٹر میں کام کر نے والے ۳؍ سے ۴؍ افرا دشراب پیتے ہوئے واضح طور پر نظر آرہے ہیں۔ اس در میان جب ایک نوجوان نے ملازمین کو شراب پینے سے منع کیا تو انہوں نے شراب پینا چھوڑنے کے بجائے اُسی نوجوان کی بے رحمی سے پٹائی کردی۔
  اس ضمن میں متاثر نوجوان راجو عالم نے بتایا کہ کووڈ سینٹر کے باہر تکنیکی عملہ اور اسٹاف کیلئے بنائے گئے عارضی شیڈ میں ۳؍ سے ۴؍ ملازمین شراب اور گانجا پی رہے تھے جب میں نے منع کیا تو انہوں نے میری بے رحمی سے پٹائی کردی اور موبائل بھی چھین لیا۔
    دریں اثناء کووڈ سینٹر میں کام کر نے والے ملازمین کا ویڈ یو منظر ِ عام پر آنے کے بعد میونسپل انتظامیہ نے سخت ایکشن لیتے ہوئے خاطی ملازمین کو باہر کا راستہ دکھا دیا ہے۔ کے ڈی ایم سی کے مطابق کووڈ سینٹر میں کام کرنے والے ملازمین ایک ایجنسی کے معرفت تعینات کئے گئے تھے لہٰذا خاطی افراد کو ایجنسی نے فوری طور پر نکال دیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK