Inquilab Logo

سائن اسپتال میں دوائیں نہ ہونے سے مریضوں کوپریشانی کا سامنا

Updated: November 03, 2022, 9:29 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

بخار، سردی زکام ، ذیابیطس ، ٹی بی ، کیلشیم اور عام موسمی بیماریوں کی دوائیں باہر سےخریدنی پڑرہی ہیں۔بی ایم سی کے تئیں ناراضگی۔ سابق کارپوریٹر نے انتظامیہ سے تحریری شکایت کی

Patients of Sign Hospital have complained of not getting medicines and ordering them from outside. (file photo)
سائن اسپتال جہاں کے مریضوں نے دوائیں نہ ملنے اور باہرسےمنگوانے کی شکایت کی ہے ۔ (فائل فوٹو)

: یہاں لوکمانیہ تلک میونسپل  اسپتال (سائن اسپتال  ) میں  دوائیں نہ ہونے سے مریضوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔  ڈاکٹروں کے ذریعہ  مبینہ طورپرمریضوں سے  بخار ،  سردی زکام  ،ذیابیطس ، ٹی بی ، کیلشیم اور عام موسمی بیماریوں کی دوائیں   باہر  سےخریدنےکو کہا جاتا ہے جس سے لوگوں میں ناراضگی پائی جارہی ہے۔ اس تعلق سے  اسپتال انتظامیہ واضح جواب دینے سے قاصر ہے۔
 دھاراوی  میں مقیم  ڈاکٹر عبدالقدیر نےنمائندہ ٔ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ سائن اسپتال میں مریضوں کے مفت  علاج کیلئے  دوائیں نہ ہونے کی وجہ سے  ڈاکٹروں کے ذریعہ مریضوں کے رشتہ داروں سے عام بیماریوں کی دوائیں اسپتال کے  باہر کےپرائیویٹ میڈیکل اسٹور س سے منگوائی جاتی ہیں ۔ اسی طرح کرلا  ساکی ناکہ میں  رہنے والے حاجی ابوبکر چودھری نے شکایت کی کہ سائن اسپتا ل میں ڈاکٹروں کے ذریعہ سردی  زکام، بخار ، ذیابیطس اور عام بیماریوں کے مریضوں کو اسپتال سے دوائیں نہ دے کرپرائیویٹ میڈیکل اسٹورس سے دوائیں خریدنے پر مجبور کیا جاتا ہے  جس کی وجہ سے  سائن اسپتال  میں آنے والے غریب مریضوں پر مالی  پڑتا ہے۔  
 دھاراوی کی سابق کارپوریٹر خان ریشماں بانو نے اس نمائندے کو  ایک خط دیتے ہوئے کہا کہ انھیں بھی سائن اسپتال کے بارے میں مریضوں سے شکایت ملی تھی کہ اسپتال میں  موسمی امراض کے علاج کیلئے دوائیں نہیں ہیں ۔ خاص طور سے بخار ، سردی  زکام ، ٹی بی اور کیلشیم کی دوائیں موجود نہیں ہیں ۔ شکایت ملنے کے بعد ہم نے اسپتال میں  آنے والے مریضوں سے ملاقات کی  اور سائن اسپتال انتظامیہ کے متعلقہ افسروں سے  اس تعلق سے تحریری  شکایت کی   جس میں مطالبہ کیاگیا ہے کہ اگر ۱۵؍ دن میں اسپتال میں  مریضوں کومفت دوائیں دینے کا انتظام نہیں کیا گیا تو اسپتال کے سامنے ہم اپنے ورکروںخاص طور پر غریب مریضوں اور مقامی افراد کے ساتھ  احتجاج کریں گے ۔ 
 اس ضمن میں انقلاب نے سائن اسپتال کے ڈین ڈاکٹر موہن جوشی سے استفسارکیا تو انھوں نے وضاحت کی کہ اسپتال میں مریضوں کو زیادہ تر دوائیں مفت دی جاتی ہیں اور علاج بھی مفت ہوتا ہے ۔ البتہ مریضوں کے علاج میں بڑے چیک اپ کیلئے ان سے بہت ہی کفایتی   اور میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ متعین کردہ چارج  لیا جاتا ہے ۔ البتہ کبھی  ایسا ہوسکتا ہے کہ کسی وجہ سے اسپتا ل میں دوا نہ رہی ہو تو فوری طور پر مریض کو دوائیں دینے کیلئے رشتہ دار وں سے دوائیں منگوائی گئی ہوںگی ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈاکٹروں  سے کہا گیا ہے اور  تمام ڈاکٹروں کو یہ معلوم بھی  ہے کہ دوائیں زیادہ سے زیادہ اسپتال سے ہی دی  جائے  ۔  ڈین کے بقول ’’اسپتال میں اس تعلق سے خط دیا گیا ہے اور ہم اس کی تفتیش کریں گے  ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK