شہری علاقوں میں زیادہ درخواستیں ملی ہیں،سب سے زیادہ عرضیاں پونے میں موصول ہوئی ہیں، جلد قرعہ اندازی کی جائے گی
EPAPER
Updated: April 01, 2026, 11:29 PM IST | Mumbai
شہری علاقوں میں زیادہ درخواستیں ملی ہیں،سب سے زیادہ عرضیاں پونے میں موصول ہوئی ہیں، جلد قرعہ اندازی کی جائے گی
مہاراشٹر کے اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کو رائٹ ٹو ایجوکیشن (آر ٹی ای) ایکٹ کے تحت تعلیمی سال ۲۷۔۲۰۲۶ءکے داخلوں کیلئے غیر معمولی ردعمل ملا ہے، ریاست بھر کے ۸؍ ہزار ۷۰۱؍ نجی غیر امدادی اسکولوں میں ۲۵؍ فیصد محفوظ نشستوں کیلئے ۲؍ لاکھ ۸۷؍ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ دستیاب نشستیں صرف ایک لاکھ ۱۴؍ ہزار ۸۳۳؍ ہیں، جس کے باعث داخلہ عمل میں سخت مقابلہ پیدا ہو گیا ہے۔
حکام کے مطابق درخواست جمع کروانے کی مدت میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی، جبکہ آن لائن قرعہ اندازی اور داخلہ کے اگلے مراحل کا شیڈول الگ سے جاری کیا جائے گا۔ یہ پورا عمل ڈائریکٹوریٹ آف پرائمری ایجوکیشن کی جانب سے آن لائن نظام کے ذریعے شفاف طریقے سے انجام دیا جا رہا ہے۔ آر ٹی ای ایکٹ ۲۰۰۹ءکے تحت نجی اسکولوں کو ابتدائی جماعتوں، عموماً پہلی جماعت میں، ۲۵؍ فیصد نشستیں معاشی طور پر کمزور طبقات اور پسماندہ گروہوں کے بچوں کیلئے مختص کرنا لازمی ہے، جبکہ ان طلبہ کی فیس حکومت ادا کرتی ہے۔ اس کیلئے مہاراشٹر کی رہائش اور آدھار کارڈ، پیدائش کا سرٹیفکیٹ، آمدنی کا ثبوت اور ذات کا سرٹیفکیٹ جیسے دستاویزات ضروری ہیں۔ درخواست کا عمل ۱۷؍ فروری ۲۰۲۶ء سے شروع ہوا تھا، جس میں ابتدا میں والدین کو اپنے گھر کے ایک کلومیٹر کے دائرے میں اسکول منتخب کرنے کی شرط عائد کی گئی تھی، تاہم اس پابندی پر اعتراضات کے بعد درخواستوں کی تعداد کم ہو کر تقریباً ایک لاکھ ۸۶؍ ہزار رہ گئی تھی۔ بعد ازاں بامبے ہائی کورٹ نے ایک کلومیٹر کی حد ختم کر دی، جس کے بعد والدین کو وسیع دائرے میں اسکول منتخب کرنے کی اجازت دی گئی، اور فاصلے کے لحاظ سے ۰؍ تا ایک کلو میٹر اور ایک تا ۳؍ کلومیٹر،اور اس سے زائد کے اختیارات فراہم کئے گئے۔ عدالت کے حکم کے بعد درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ، ۲۵؍ مارچ سے بڑھا کر ۳۱؍ مارچ ۲۰۲۶ء کر دی گئی، اور پہلے سے درخواست دینے والے والدین کو نئے ضوابط کے تحت دوبارہ درخواست دینا ضروری قرار دیا گیا، جس کے نتیجے میں درخواستوں میں تیزی سے اضافہ ہوا اور تعداد ۲؍ لاکھ ۷۶؍ ہزار لاکھ سے بڑھ کر ۲؍ لاکھ ۸۷؍ ہزار تک پہنچ گئی۔
ضلعی سطح پر اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ شہری علاقوں میں زیادہ رجحان رہا، جہاں پونے میں ۵۲؍ ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جبکہ ناگپور اور تھانے میں ۲۴؍ ہزار سے زیادہ اور ناسک میں ۱۶؍ ہزار سے زائد درخواستیں درج کی گئیں۔ ممبئی مضافات میں شہری نشستوں کیلئے ۹؍ ہزار ۷۹۷؍ درخواستیں موصول ہوئیں۔ نشستوں کی تقسیم کے مطابق پونے میں ۹۵۱؍اسکولوں میں ۱۸؍ ہزار ۴۵۲؍ نشستیں دستیاب ہیں، جبکہ ناگپور میں ۶۴۶؍ اسکولوں میں ۷۵۰۰؍ نشستیں فراہم کی گئی ہیں۔ یکم اپریل ے داخلہ عمل جاری ہے اور پہلی قرعہ اندازی کی فہرست جلد جاری ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد منتخب امیدواروں کی دستاویزات کی جانچ کے بعد عارضی داخلہ دیا جائے گا، جبکہ جون تک مختلف مراحل میں انتخابی عمل جاری رہے گا اور ویٹنگ لسٹ میں شامل امیدواروں کو ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دی جائے گی۔ حکام نے والدین کو ہدایت دی ہے کہ درخواست جمع کرتے وقت مقام کی درست تفصیلات فراہم کریں، کیونکہ غلط معلومات یا دہری درخواستیں مسترد کی جا سکتی ہیں، جبکہ حالیہ جائزے کے بعد تقریباً ۲۰؍ نئے اسکول بھی اس عمل میں شامل کیے گئے ہیں۔ حکام کے مطابق اگرچہ آر ٹی ای اسکیم کے تحت شہری علاقوں میں طلب بہت زیادہ ہے، تاہم گزشتہ تعلیمی سال میں تقریباً ۲۰؍ ہزار نشستیں خالی رہ گئی تھیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ داخلہ کے عمل میں عملی سطح پر کچھ چیلنج بدستور موجود ہیں۔