Inquilab Logo

ہند ماتا اور پریل کو سیلابی صورتحال سے بچانے کی کوشش

Updated: May 10, 2023, 9:26 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

برسات کا پانی جمع ہونے سے روکنے کےلئے دادر میں تالاب تیار کیا جا رہا ہے،شہر کے متعدد علاقوں میں چھوٹے پمپنگ اسٹیشنوں کا بھی قیام

BMC has almost prepared a pond to collect the rainwater.
برسات کے پانی کو جمع کرنے کیلئے بی ایم سی نے تالاب تقریباً تیارکر لیاہے۔(تصویر،انقلاب:شاداب خان)

 مرکزی ممبئی کے ہند ماتا اور پریل علاقوں میں  بارش  کے موسم دوران سڑکوں پر پانی جمع نہ ہو اس کے لئے بی ایم سی دادر(مغرب) میں برسات کا پانی جمع کرنے کے لئے ایک تالاب بنا رہی ہےجس کا کام برسات سے قبل مکمل ہونے کا امکان ہے۔ شہری انتظامیہ کے مطابق اس تالاب میں دیڑھ کروڑ لیٹر سے زیادہ پانی جمع کیا جاسکے گا۔ 
 یہ تالاب دادر میں واقع ’پرمود مہاجن کلا پارک‘ میں تعمیر کیا جارہا ہے۔ بی ایم سی کا دعویٰ ہے کہ یہاں پہلے مرحلے میں ۱ء۸۱؍ کروڑ لیٹر برسات کا پانی جمع کرنے کی طاقت رکھنے والے تالاب کا کام مکمل ہوچکا ہے اور دوسرے مرحلے میں جو تالاب تعمیر کیا جارہا ہے اس میں ۱ء۶۲؍ کروڑ لیٹر پانی جمع کیا جاسکے گا۔
 بی ایم سی کے مطابق ہند ماتا فلائی اوور سے دادر میں واقع پرمود مہاجن کلا پارک تک پانی پہنچانے کا سسٹم پہلے ہی تیار کیا جاچکا ہے۔بی ایم سی کے ایک افسر کے مطابق ہند ماتا فلائی اوور سے برسات کا پانی دادر کے تالاب تک لے جانے کیلئے ’کھشابا جادھو‘ پر ایک ’سمپ پِٹ‘ (زمین میں کیا جانے والا ایسا سراخ جس کے ذریعہ پانی کو دیگر جگہ منتقل کرنے کے لئے جمع کیا جا سکے)  سےسینٹ زیویئرس اسکول کے سمپ پٹ تک راستہ بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کھلی سڑک کے کنارے بھی ایسے ’چینل‘ تیار کئے گئے ہیں جن سے پانی ان دونوں سمپ پٹ تک پہنچایا جائے گا اور ان کے ذریعہ تالاب تک جائے گا۔ اس پروجیکٹ کا کافی کام ۲۰۲۱ء تک مکمل کیا جاچکا تھا اور باقی کا کام اس سال مانسون سے قبل مکمل ہونے کا امکان ہے۔اس پورے پروجیکٹ پر بی ایم سی نے ۷۵ء۵۱؍ کروڑ روپے خرچ کئے ہیں۔
 اس دوران بی ایم سی اندھیری سب وے میں برسات کا پانی بھرنے سے بچانے کیلئے موگرا نالا پر ۲؍ چھوٹے پمپنگ اسٹیشن بھی قائم کررہی ہے۔اگرچہ ممبئی میں جون میں بارش شروع ہوجاتی ہے اور بی ایم سی کو اب تک مذکورہ پمپنگ اسٹیشن کیلئے شہری انتظامیہ سے اجازت نہیں ملی ہے اس کے باوجود بی ایم سی افسران کو یقین ہے کہ ایک ماہ میں یہ کام مکمل ہوجائے گا۔ ان میں سے ایک پمپنگ اسٹیشن اندھیری بازار کے قریب تو دوسرا آزاد نگر میں لگایا جائے گا۔
 بی ایم سی افسران کے مطابق یہ چھوٹے پمپنگ اسٹیشن ہوں گے اس لئے انہیں لگانے کیلئے زیادہ وقت درکار نہیں ہوگا۔ انہیں نالے پر ’فلڈگیٹ‘ لگاکر پمپ لگانا ہے اس لئے یہ کام مانسون قبل ہوجانے کا امکان ہے۔ منصوبے کے مطابق ہر پمپنگ اسٹیشن پر ۳؍ پمپ لگائے جائیں گے اور ہر پمپ ایک گھنٹے میں ۳؍ہزار کیوبک میٹر پانی کی نکاسی کی طاقت رکھنے والا ہوگا۔ واضح رہے کہ پریل، ہند ماتا اور اندھیری سب وے ایسے علاقے ہیں جہاں ہرسال بارش کے موسم میں اتنا زیادہ پانی بھرتا ہے کہ یہاں سے گاڑیوں کی آمدورفت بند کردی جاتی ہے۔
 بی ایم سی کے ریکارڈ کے مطابق ہند ماتا، گاندھی مارکیٹ، چونا بھٹی اور ملن سب وے پر پہلے ہی چھوٹے پمپنگ اسٹیشن قائم کئے جاچکے ہیں جبکہ اس سال برسات شروع ہونے سے قبل یلو گیٹ، وڈالا فائر اسٹیشن، وڈالا میں واقع ’ودیا لنکر کالج‘ دھاراوی ٹی جنکشن اور اندھیری سب وے پر بھی مِنی پمپنگ اسٹیشن قائم کردیئے جائیں گے۔
 یاد رہے کہ اندھیری مشرق کو اندھیری مغرب سے جوڑنے والے گوکھلے بریج کے بند ہوجانے سے اس علاقے کے مکینوں اور یہاں سے گزرنے والے مسافروں کو اس بات کا خدشہ لاحق ہے کہ گوکھلے بریج کے متبادل راستے، اندھیری سب وے میں بھی اگر پانی جمع ہوگیا اور اسے گاڑیوں کی آمدورفت کے لئے بند کر دیا گیا تو عوام کو بہت پریشانی ہوگی۔اگرچہ بی ایم سی نے مانسون سے قبل گوکھلے بریج کی تعمیر مکمل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن یہ ممکن نہیں ہوسکا اور اب یہ بریج نومبر میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔

parel Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK