• Sat, 10 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایلون مسک کی دولت پھر ایک ٹریلین ڈالر سے نیچے آگئی

Updated: October 09, 2026, 10:02 PM IST | New York

دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل ایلون مسک کی مجموعی دولت ایک بار پھر ایک ٹریلین ڈالر کی سطح سے نیچے آگئی ہے۔ اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے حصص میں تیز گراوٹ کے باعث ایک ہی کاروباری دن میں ان کی دولت میں ۴ء۳۶؍ارب ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔

Elon Musk.Photo:INN
ایلون مسک۔ تصویر:آئی این این

دنیا کے امیر ترین افراد میں شامل ایلون مسک کی مجموعی دولت ایک بار پھر ایک ٹریلین ڈالر کی سطح سے نیچے آگئی ہے۔ اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے حصص میں تیز گراوٹ کے باعث ایک ہی کاروباری دن میں ان کی دولت میں  ۴ء۳۶؍ارب ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ فوربس کی رپورٹ کے مطابق، جمعرات ۸؍ اکتوبر کو ایلون مسک کی مجموعی دولت گھٹ کر۶ء۹۹۱؍ ارب ڈالر رہ گئی، جبکہ وہ صرف تین دن پہلے ہی دوبارہ ایک ٹریلین ڈالر کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھئے:امیتابھ بچن نے’’کون بنے گا کروڑ پتی ۱۸ ‘‘ میں نانا پاٹیکر کو جذباتی خراجِ عقیدت پیش کیا

رپورٹ کے مطابق، اسپیس ایکس کے حصص میں تقریباً  ۵ء۳؍ فیصد کی گراوٹ آئی۔ سرمایہ کاروں میں اس خبر کے باعث تشویش بڑھ گئی کہ کمپنی مصنوعی ذہانت کے شعبے میں استعمال ہونے والی این ویڈیا کی چِپس خریدنے کے لیے ۴۰؍ ارب ڈالر جمع کرنے کا منصوبہ بنا سکتی ہے۔ دوسری جانب، ٹیسلا کے حصص بھی دو فیصد سے زیادہ گر گئے، جس سے ایلون مسک کی دولت پر مزید دباؤ پڑا۔ مسک کی دولت کا بڑا حصہ ان کی کمپنیوں میں حصص کی قدر سے وابستہ ہے، اس لیے بازار میں حصص کی قیمتوں میں تبدیلی براہ راست ان کی مجموعی دولت کے تخمینے کو متاثر کرتی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ورلڈ چیمپئن شپ آف لیجنڈز: پاکستان چیمپئن کے متبادل ٹیم کا اعلان

ایلون مسک نے پہلی مرتبہ جون میں ایک ٹریلین ڈالر کی دولت کا ہندسہ عبور کیا تھا۔ اس وقت ان کی دولت تقریباً ۴۵ء۱؍ ٹریلین ڈالر تک پہنچنے کا اندازہ لگایا گیا تھا۔ تاہم، ٹیکنالوجی کمپنیوں کے حصص میں حالیہ گراوٹ نے ان کی دولت کو دوبارہ اس اہم سطح سے نیچے پہنچا دیا۔ اس دوران دیگر ارب پتی کاروباری شخصیات کی دولت میں بھی نمایاں کمی دیکھی گئی۔ این ویڈیا کے چیف ایگزیکٹیو جینسن ہوانگ کی دولت ۱ء۶؍ ارب ڈالر گھٹ کر۳ء۱۹۹؍  ارب ڈالر رہ گئی، جس کے بعد وہ ۲۰۰؍ ارب ڈالر کی سطح سے نیچے آگئے۔ اسی طرح اوریکل کے شریک بانی لیری ایلیسن کی دولت میں ۹ء۸؍ ارب ڈالر کی کمی ہوئی اور ان کی مجموعی دولت ۸ء۱۷۶؍ ارب ڈالر رہ گئی۔ فوربس کی حقیقی وقت کی ارب پتی فہرست میں جینسن ہوانگ ساتویں اور لیری ایلیسن آٹھویں مقام پر برقرار رہے۔
ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے وابستہ کمپنیوں کے حصص میں فروخت کے دباؤ کا اثر امریکی حصص بازاروں پر بھی پڑا۔ نیسڈیک ۱۰۰؍ اشاریہ۴ء۱؍ فیصد گر گیا، جو گزشتہ سات ہفتوں کے دوران ایک دن کی سب سے بڑی گراوٹ بتائی گئی، جبکہ ایس اینڈ پی  ۵۰۰؍ اشاریہ بھی ۵ء۰؍ فیصد کمزور ہوا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق، ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت سے متعلق حصص میں بڑھتی ہوئی فروخت نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو متاثر کیا۔ تاہم،  ہندوستانی بازار میں جمعہ کے روز آئی ٹی کمپنیوں کے حصص میں مضبوطی دیکھی گئی اور ابتدائی کاروبار کے دوران نفٹی آئی ٹی اشاریہ تین فیصد سے زیادہ چڑھ کر۲۸۶۰۰؍  کی سطح سے اوپر پہنچ گیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK