• Fri, 20 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

ہند-کینیڈا تعلقات میں کشیدگی کے بعد وزیراعظم اور وزیرخارجہ کی ہنگامی میٹنگ

Updated: September 21, 2023, 10:25 AM IST | New Delhi

کینیڈاسے ہندوستانی سفارت کار کو ملک بدر کرنے کے حکم پر ہندوستان نےبھی ایک کینیڈین سفارت کار کو نکال دیا، اپنے شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری کی

Prime Minister Modi and his Canadian counterpart Justin Trudeau met recently
وزیر اعظم مودی اور ان کے کینیڈیائی ہم منصب جسٹن ٹروڈو کی حال ہی میں ملاقات ہوئی تھی

 ہندوستان اور کینیڈا کے درمیان خالصتان حامی  ہردیپ سنگھ نجر کے قتل کے معاملے پرتعلقات میں تلخی اور کشیدگی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے۔ معاملہ اس قدر بڑھ گیا ہے کہ ایک طرف جہاں کینیڈا نے ہندوستانی سفارت کار کو ملک بدر کردیا ہے وہیں اس کے جواب میں ہندوستانی حکومت نے بھی کینیڈیائی  سفارت کار کو ۵؍ دن میں ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔ چونکہ یہ معاملہ بین الاقوامی تعلقات کا ہے اور اس میں اب آسٹریلیا، امریکہ اور برطانیہ بھی کود پڑے ہیں اس لئے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے وزیر اعظم مودی سے پارلیمنٹ میں خصوصی ملاقات کی۔ دونوں ہی لیڈروں کے درمیان کافی دیر تک میٹنگ ہوئی جس میں حکمت عملی طے کی گئی ہے۔ اندازہ لگایا جارہاہے کہ حکومت کی جانب سے اس معاملے میں پارلیمنٹ میںباقاعدہ بیان دیا جاسکتا ہے۔ 
    واضح رہے کہ کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے وہاں کی پارلیمنٹ میں بیان  دے کر سفارتی تلخی کو مزید بڑھادیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے ہندوستان پر کئی سنگین الزام لگائے۔ انہوں نے ہردیپ سنگھ نجر جو کینیڈا کا شہری تھا ، کی موت کے لئے ہندوستانی حکومت کو ذمہ دار قرار دیا اور بتایا کہ اسی وجہ سے انہوں نے ہندوستانی سفارت کار پون کمار رائے جو کینیڈا میں ہندوستانی خفیہ ایجنسی راء کے چیف تھے ،کو ملک بدر کردیا ہے۔ ٹروڈو کے اس اقدام کے بعد ہندوستان نے بھی کینیڈا کے اسی رینک کے سفارت کار کو ملک بدر کیا ہے لیکن اس کا نام جاری نہیں کیا ہے۔ 
   دریں اثناء بدھ کو وزارت خارجہ نے ہندوستانی شہریوں اور طلبا کیلئے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ اس میں کہا گیا ہے کہ کینیڈا میں رہنے والے ہندوستانی شہریوں اور طلبا سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ وہاں بڑھتی ہوئی ہندوستان مخالف سرگرمیوں اور مجرمانہ تشدد کے پیش نظر انتہائی   احتیاط برتیں۔ اس کے علاوہ کینیڈا جانے والے شہریوں کو بھی احتیاط کرنی چا ہئے۔ہندوستانی شہریوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ کینیڈا میں ان علاقوں اور ممکنہ مقامات کا سفر کرنے سے گریز کریں جہاں اس طرح کے واقعات ہوئے ہوں۔ واضح رہے کہ ہندوستانی ایڈوائزری بھی کینیڈا کی ایڈوائزری کے جواب میں ہے جس میں کہا گیا تھا کہ کینیڈا کے شہری ہندوستان میں احتیاط برتیں اور کشمیر اور دیگر شورش زدہ علاقوں کا  سفر خاص طور پر نہ کریں۔ 

canada Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK