Inquilab Logo

بجٹ ۲۰۲۴ءمیں ’ملازمت ‘سب سے بڑا چیلنج

Updated: December 14, 2023, 11:35 AM IST | New Delhi

رگھورام راجن نے کہاکہ ملک میں ملازمتیں پیدا کرنا سب سے بڑا چیلنج ہے

Former Governor Raghu Ram Rajan
سابق گورنر رگھو رام راجن

ریزرو بینک آف انڈیا کے سابق گورنر رگھورام راجن نے کہا ہے کہ ہندوستان دنیا میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والی معیشت ہے۔ لیکن اس کیلئے ملازمتیں پیدا کرنا سب سے بڑا چیلنج ہے۔ مرکزی بجٹ۲۰۲۴ء سے عین قبل راجن کا یہ بیان حکومت کیلئےآنکھ کھولنے والا ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن یکم  فروری۲۰۲۴ء کو پیش کئے  جانے والے عبوری بجٹ میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا روڈ میپ پیش کریں گی۔
  خیال رہے کہ وزیر مالیات پہلے ہی بتا چکی ہیں کہ حکومت عبوری بجٹ میں بڑے اعلانات نہیں کرے گی۔ بڑے اعلان کیلئے  ہمیں جولائی میں مکمل بجٹ آنے کا انتظار کرنا پڑے گا  لیکن، حکومت لوک سبھا انتخابات سے پہلے پیش کئے جانے والے عبوری بجٹ میں ان مسائل کو حل کرنے کیلئے ایک روڈ میپ پیش کر سکتی ہے جو ہندوستانی معیشت کیلئے ایک بڑا چیلنج ہیں۔ ۲۰۲۴ء کے لوک سبھا انتخابات کے بعد اگر مرکز میں وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت تیسری بار بنتی ہے تو حکومت اس روڈ میپ کو نافذ کر سکتی ہے۔
آبادی ہندوستان کی سب سے بڑی طاقت ہے
 رگھورام راجن نے روہت لامبا کے ساتھ ایک کتاب لکھی ہے۔ اس کا نام ’بریکنگ دی مولڈ:ری امیجننگ انڈیاز اکنامک فیوچر‘ ہے۔  اپنی کتاب کے بارے میں بحث کے دوران راجن نے کہا کہ ہندوستان کی سب سے بڑی طاقت اس کی۱ء۴؍ بلین کی آبادی ہے۔ سوال یہ ہے کہ اسے کیسے مضبوط کیا جا سکتا ہے؟ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کو ترقی کے ہر مرحلے پر روزگار کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دینی ہوگی۔ راجن شکاگو بوتھ یونیورسٹی، امریکہ میں فائنانس کے پروفیسر ہیں۔ روہت لامبا یونیورسٹی آف پنسلوانیا میں اسسٹنٹ پروفیسر ہیں۔
ریاستوں کیلئے ملازمت کو ریزرو کرنا درست نہیں 
 آربی آئی  کے سابق گورنر نے کہاکہ ’’  ملازمت ہی سب سے بڑا دباؤ ہے... اگر ہمارے پاس پرائیویٹ سیکٹر میں زیادہ نوکریاں ہوتیں، تو کیا لوگ ریزرویشن کیلئے اتنا مطالبہ کرتے؟  راجن نے کہا کہ یہ افسوسناک ہے کہ ریاستی حکومتیں اپنی ریاست کے افراد کیلئے ملازمتیں محفوظ کر رہی ہیں۔ یہ ایک تشویشناک رجحان ہے۔
نوجوانوں کی تعلیم پر توجہ دینی ہوگی 
 راجن نے کہا کہ ’’یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہم کافی ملازمتیں پیدا نہیں کر رہے ہیں۔ میں یہ کہنا چاہوں گا کہ یہ بہت تشویشناک بات ہے۔ ہم ایک متحد ملک ہیں۔ آپ صرف اپنی ریاست میں ملازمتیں پیدا کرنے سے اپنی ریاست میں نوکریاں نہیں پیدا کر سکتے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK