Inquilab Logo

ملک میں چور کو چور کہنا بھی اب جرم ہو گیا ہے : ادھو ٹھاکرے

Updated: March 25, 2023, 10:15 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

راہل گاندھی کی رکنیت ختم کئے جانے کے خلاف مہاراشٹر میں اپوزیشن متحد، مہا وکاس اگھاڑی کے اراکین نے اسمبلی سے واک آؤٹ کیا،دیگر پارٹیوں کی جانب سے بھی حمایت

Members of Maha Vikas Aghadi walked out of the Assembly
مہا وکاس اگھاڑی کے اراکین نے اسمبلی سے واک آؤٹ کیا

کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی پارلیمنٹ کی رکنیت کو کالعدم کرنے  کے فیصلہ کی چہار جانب مذمت کی جارہی ہے۔ ممبئی کے ودھان بھون میں جاری بجٹ اجلاس میں بھی  مہاوکا س اگھاڑی کے لیڈروںکی جانب سے اس کی مذمت کی گئی بلکہ جمعہ کو اسی اسمبلی کی کارروائی ۲؍ مرتبہ ملتوی کرنے کے بعد اپوزیشن نے واک آؤٹ بھی کیا۔ اپوزیشن لیڈر اجیت پوار، کانگریس کے ریاستی صدر نانا پٹولے ، شیو سینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے کے لئے سربراہ ادھو ٹھاکرے  اور سماجوادی پارٹی کے ریاستی صدر ابو عاصم اعظمی نے بھی  مودی حکومت کےاس فیصلہ کی مذمت کی۔
 جیسے ہی یہ خبر آئی کہ راہل گاندھی کی لوک سبھا کی رکنیت کو منسوخ کر دیا گیا ہے، مہاراشٹر اسمبلی میں جاری بجٹ اجلاس میں ہنگامہ برپاہوگیا۔ ایم وی اے نے  اس فیصلے پر احتجاج کرتے ہوئے اسمبلی کا بائیکاٹ کیا اور ودھان بھون کی سیڑھیوں پر کالی پٹی باندھ کر احتجاج کرتے ہوئے مودی حکومت کے اس فیصلے کی مذمت کی۔اس موقع پر ریاستی صدر نانا پٹولے، کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات، سابق وزرائے اعلیٰ اشوک چوہان، پرتھوی راج چوہان، اپوزیشن لیڈر اجیت پوار، این سی پی کے ریاستی صدر جینت پاٹل، شیوسینا لیڈر ادھو بالاصاحب ٹھاکرے گروپ کے اجے چودھری اور سماج وادی پارٹی کے ریاستی صدر ابو اعظمی سمیت کئی ایم ایل ایز نے موجود رہے۔
راہل گاندھی کی رکنیت ختم کرنا جمہوریت کیلئے جھٹکا ہے: اجیت پوار
  اپوزیشن لیڈر اجیت پوار نے کہا کہ ’’راہل گاندھی کی ایم پی کی منسوخی آئین یا جمہوریت کے مطابق نہیںہے۔ جمہوریت میں سب کو اپنی رائے کے اظہار کا حق دیا ہے۔اجیت پوار نے بھی واضح رائے کا اظہار کیا کہ اگرچہ اختلاف رائے ہے لیکن ملک کی آزادی کے بعد پارلیمنٹ کی رکنیت منسوخ کرنے کا ایسا کوئی معاملہ نہیں ہوا ہے۔ایم ایل اے نانا پٹولے نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے ایم پی کی منسوخی کا معاملہ ایوان اسمبلی میں اٹھایا جس کے بعد مہاوکاس اگھاڑی کے اراکین نے مودی حکومت کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے ایوان سے واک آؤٹ کیا۔ انہوںنے کہا کہ ’’اندرا گاندھی کو۱۹۷۷ءمیں ایمرجنسی کی وجہ سے شکست ہوئی تھی اور ملک کے عوام نے۱۹۸۰ءمیں بھاری اکثریت سے انہیں ملک کا وزیر اعظم بنانے کا کام کیا تھا۔ اس فیصلہ کو بھی عوام دیکھ رہے ہیں ۔‘‘
چور کو چور کہنا اب جرم ہو گیا ہے: ادھو ٹھاکرے
  ادھو صاحب ٹھاکرے نے بھی مرکز کے اس فیصلہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’راہل گاندھی کی امیدواری آخرکار منسوخ کر دی گئی ہے۔چور کو چور کہنا ہمارے ملک میں اب جرم ہوگیا ہے۔ چور اور لٹیرے آج بھی آزاد ہیں اور راہل گاندھی کو سزا ملی۔یہ جمہوریت کا سیدھا قتل ہے۔ تمام حکومتی نظام دباؤ میں ہیں،یہ آمریت کے خاتمے کا آغاز ہے۔ صرف لڑائی کو سمت دینا ہے۔‘‘
یہ فیصلہ جمہوریت کا قتل کرنے کے مترادف: نانا پٹولے
 اس سلسلے میں کانگریس کے ریاستی صدرنانا پٹولے نے کہا کہ’’ یہ فیصلہ کرناٹک میں۲۰۱۹ءکے لوک سبھا انتخابات کے دوران دیئے گئے ایک بیان کے حوالے سے جھوٹی شکایت درج کر کے لیا گیا ہے۔ پچھلے کچھ دنوں سے بی جے پی، راہل گاندھی کی رکنیت کو منسوخ کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ مرکز کی بی جے پی حکومت نے ایک سوچی سمجھی حکمت عملی کے تحت راہل گاندھی کی رکنیت کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جوواضح طو رپر جمہوریت کا قتل ہے۔
 نانا پٹولے نے کہا کہ گزشتہ۹؍برسوں سے مرکز کی مودی حکومت صرف نیرو مودی، للت مودی، میہول چوکسی، وجے مالیا جیسے بدعنوان لوگوں کے لئے کام کر رہی ہے جب کہ راہل گاندھی ملک کو بچانے کی جنگ لڑ رہے ہیں۔نانا پٹولے نے کہا کہ انگریزوں کے دور میں سرکار کے خلاف بولنے پر سخت سزا دی جاتی تھی، آج بی جے پی حکومت بھی وہی سلوک کر رہی ہے۔ راہل گاندھی کو جانچ کے نام پر ای ڈی کے دفتر میں ۱۰؍گھنٹے تک ہراساں کیا گیا۔ آخر کار جب یہ دیکھا گیا کہ راہل گاندھی بی جے پی کے آمرانہ رویے کے سامنے نہیں جھکیں گے تو ان کی لوک سبھا کی رکنیت منسوخ کردی گئی۔ پٹولے نے کہا کہ ہم بی جے پی حکومت اور مودی حکومت کی مذمت کرتے ہیں اور آنے والے دنوں میں ہم سڑکوں پر اترکر بی جے پی کے خلاف مزید شدت کے ساتھ جدوجہد کریں گے۔
 کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر بالاصاحب تھورات نے کہا کہ راہل گاندھی کی رکنیت کو منسوخ کرنے کا فیصلہ جمہوریت پربراہ راست حملہ ہے۔ اس موقع پر سابق وزیر مہاراشٹر کانگریس کے ورکنگ صدر محمد عارف نسیم خان  نے کہاکہ’’مودی سرکار نے راہل گاندھی کی رکنیت ختم کر کے جمہوریت کا گلا گھونٹ دیا ہے۔مودی کے ظلم سے کانگریس ڈرنے والی نہیں، عوام ظالم بی جے پی کو سبق سکھائیں گے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK