Inquilab Logo Happiest Places to Work

پوتر پورٹل پر درخواست دینے کی تاریخ میں توسیع

Updated: August 11, 2026, 9:37 AM IST | Mumbai

حکام نے تعلیمی تنظیم کے وفد کو یقین دلایا کہ جلد ہی اردو میڈیم کے اسکولوں کی بھرتی کے تعلق سے بھی تفصیلات اپ لوڈ کی جائیں گی۔

A delegation of an educational organization presenting a letter to Deputy Commissioner Sangeeta Bangar. Photo: INN
تعلیمی تنظیم کا وفد ڈپٹی کمشنر سنگیتا بانگر کو مکتوب دیتے ہوئے۔ تصویر: آئی این این

پوتر پورٹل پر اساتذہ کی بھرتی کا عمل جاری ہے لیکن اس میں اردو میڈیم اسکولوں میں خالی اسامیوں کو پُر کرنے کے تعلق سے تفصیلات موجود نہیں ہے۔ ساتھ ہی دیگر زبان کے امیدواروں کو ویب سائٹ کی سست رفتاری کے سبب دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایسے مختلف مسائل کو حل کروانے کی غرض سےپیر کوتعلیمی تنظیم اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ کے وفدنے مہاراشٹر اسٹیٹ ایگزامنیشن کونسل ( ایم ایس ای سی ) پونےکے کمشنرمہیش چوتھے ،ڈپٹی کمشنرسنگیتا بانگر اوردیگر اعلیٰ افسران سے ملاقات کی۔اس اہم میٹنگ میں اردو میڈیم کی خالی اسامیوں کا معاملہ خصوصی طور پر پیش کیا گیا۔دریں اثناء ویب سائٹ کی سست رفتاری اور دیگر مسائل کو دیکھتے ہوئے محکمہ تعلیم نے درخواست دینے کی مدت ۱۱؍ سے بڑھا کر ۱۳؍ اگست کر دی ہے۔ 

ایم ایس ای سی کےافسران نے بتایا کہ جن ضلع پریشد، میونسپل کارپوریشن اور میونسپلٹی نے اب تک اردو میڈیم کی خالی اسامیوں کو پوتر پورٹل پر اپ لوڈ نہیں کیا ہے، ان سے براہِ راست فون پر رابطہ کر کے خالی اسامیوں کی معلومات حاصل کرنے اور ضروری کارروائی پوری کرنےکی ہدایت دی گئی ہے، دیگر مسائل بھی جلد حل کئے جائیں گے۔ اس میٹنگ میں پوتر پورٹل پر درپیش تکنیکی دشواریوں ، ترجیحات درج کرنے اور انہیں حتمی طور پر محفوظ کرنے کیلئے مہلت میں توسیع، اردو میڈیم کی خالی اسامیوں کو پورٹل پر شامل نہ کئے جانے اور معذور امیدواروں کے ترجیحی حق جیسے اہم مسائل اُجاگر کئے گئے۔

اکھل بھارتیہ اردو شکشک سنگھ کے وفد میں جنرل سیکریٹری ساجد نثار ، ریاستی جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر معین الدین منیار، منیر کابل، انس شیخ سمیت تنظیم کے دیگر عہدیداران اور مختلف میڈیم، بالخصوص اردو میڈیم کے اُمیدوار شامل تھے۔

 درخواست دینےکی مدت میں توسیع 

 دریں اثناء مہاراشٹر بھر میں ایک ہی وقت میں بڑی تعداد میں اُمیدواروں کے پورٹل میں لاگ ان ہونے کی وجہ سے تکنیکی مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ اس پس منظر میں ، محکمہ تعلیم نے امیدواروں کی سہولت کیلئے درخواست دینے کی مدت میں ۱۳؍اگست ۲۰۲۶ء تک کی توسیع کی ہے۔ اس سے قبل ۱۱؍ اگست آخری تاریخ تھی۔

اطلاع کے مطابق پوتر پورٹل پر ترجیحات کا اندراج کرتے وقت، کچھ امیدواروں کو بتایا جا رہا ہے کہ ان کی اہلیت کے مطابق مضمون اور پوسٹ دستیاب نہیں ہیں۔ کچھ امیدواروں کے معاملے میں پورٹل پر معلومات صحیح طریقے سے ظاہر نہیں ہونے کی بھی شکایات ہیں ، ساتھ ہی بہت سے امیدواروں کو پورٹل پر بھاری بوجھ کی وجہ سے او ٹی پی حاصل کرنے میں تاخیر کا مسئلہ درپیش ہے۔

اس دوران اساتذہ کی بھرتی کے امیدواروں سمیت مختلف اساتذہ کی تنظیموں کا مطالبہ ہے کہ ۲؍ دن کی توسیع کافی نہیں ہے۔کم از کم ایک ہفتے کی توسیع کی جائے۔ محکمہ تعلیم نے اعتراف کیا ہے کہ پوتر پورٹل پر ترجیحی فہرست بھرنے کے دوران اُمیدواروں کو تکنیکی مسائل کا سامنا ہے۔ محکمہ تعلیم نے اس سلسلے میں ایک کتابچہ جاری کر دیا ہے اور بتایا ہےکہ امیدواروں کو او ٹی پی نہ ملنے پر کیا کرنا چاہئے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق اب تک ۷۶؍ ہزار ۳۹۴؍ امیدواروں کی ترجیحی فہرستیں بغیر انٹرویو اور ۵۶؍ ہزار ۲۰۶؍ امیدواروں کی ترجیحی فہرستیں انٹرویو کے ساتھ تیار کی جا چکی ہیں جس سے یہ واضح ہوتا ہے کہ امیدواروں کی ایک بڑی تعداد نے اساتذہ کی بھرتی کے عمل کی کارروائی میں حصہ لیا ہے۔محکمہ تعلیم نے امیدواروں سے گزارش کی ہے کہ پورٹل پر تکنیکی مسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے، دستیاب وقت کے اندر اندراج اور ترجیحی فہرست کو لاک کرنے کا خیال رکھیں اور دی گئی ہدایات پر عمل کریں تاکہ وقت پر کارروائی پوری ہوسکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK