Inquilab Logo

کوکن کا معروف جنجیرہ قلعہ سیاحوں کیلئے کھول دیا گیا

Updated: January 18, 2021, 11:35 AM IST | Siraj Shaikh | Murud

ضلع ا نتظامیہ کے فیصلے سے قلعہ سے وابستہ لوگوںمیں خوشی کی لہر،اب کوئی بھی قلعہ کی سیر سے محروم نہیں ہوگا، سینی ٹائزر،ماسک اور سماجی دوری کی پاسداری لازمی،راجپوری، کھورا بندر اور دیگھی سے قلعہ کے لئے کشتیاں چلائی جارہی ہیں

Janjira Fort - Pic : INN
جنجیرہ قلعہ ۔ تصویر : آئی این این

رائے گڑھ ضلع انتظامیہ نے یہاں کے تاریخی جنجیرہ قلعہ میں محدود افراد کے داخلے کی شرط ختم کردی ہے جس کی وجہ سے قلعہ کی سیر کے لئے آنے والے سیاحوںاور بوٹ والوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ گزشتہ دنوں ضلع کلکٹر نیدھی چودھری نے ایک حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں جنجیرہ قلعہ میں صرف ۴۰۰ ؍افراد کو ہی داخلہ د ینے کی اجازت دی گئی تھی جس کے سبب بوٹ مالکان ، ملازمین اور دور دراز سے سیر و تفریح کے لئے آنے والے سیاحوں میں ناراضگی دیکھی گئی تھی اور بوٹ والوں کو مالی دقتوں کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ ان تمام مسائل  کے پیش نظر ضلع انتظامیہ نے جنجیرہ قلعہ کو سب کے لئے کھول دیا ہے۔اب بیرون اضلاع اور دیگر مقامات سے راجپوری آنے والے تمام لوگوںکو جنجیرہ قلعہ میں داخلہ مل جائے گا۔اس معاملے میں مروڈ جنجیرہ کے تحصیلدار گمن گاوت نے راجپوری اور کھورا بندر کا دورہ کیا  اور جل واہتک سوسائٹیوں کے ذمہ داروں سے بات چیت کی اور انہیں ہدایت دی کہ قلعہ میں جانے والے ہر فرد کیلئےسینی ٹائزراور ماسک کا استعمال ضروری  ہوگا،اسی طرح سماجی دوری رکھنا بھی لازمی  ہے۔ اب معمول کے مطابق جنجیرہ قلعہ میں لوگوں کا آنا جانا شروع ہو گیا ہے۔
 واضح  رہے کہ مروڈ جنجیرہ میں واقع راجپوری کے سمندر میں واقع جنجیرہ قلعہ ایک تاریخی عمارت ہے جو محکمہ آثار قدیمہ کے زیر اختیار ہے۔یہاں ریاست مہاراشٹر کے مختلف اضلاع سے بڑی تعداد میں لوگ اپنے اہل و عیال کے ساتھ سیر وتفریح کے لئے آتے ہیں اور کشتیوں سے سمندری سفر کا لطف اٹھاتے ہوئے قلعہ کی سیرکرتے ہیں۔باہر سے آنے والے افراد کی وجہ سے مقامی افراد کو روزگار تو ملتا  ہی ہے، ساتھ ساتھ حکومت کی تجوری  میں بھی اچھی خاصی رقم جمع ہوتی ہے۔اب قلعہ کا دروازہ سب کے لئے کھل گیا ہے۔ راجپوری، دیگھی اور کھورا بندر سے بادبانی اور مشینی کشتیاں قلعہ کے لئے چلائی جارہی  ہیں۔ قلعہ میں داخلے کے لئے فی کس۲۵؍ روپے ادا کرنا پڑتا ہے جبکہ کشتیوں اور لانچ کا کرایہ الگ سے ادا کرنا پڑتا ہے۔سب کچھ کھل جانے سے مروڈ جنجیرہ اور راجپوری میں پہلے جیسی چہل پہل نظر آنے لگی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK