Inquilab Logo

اُترپردیش میں کسانوں کے مشن کاآغاز

Updated: February 05, 2022, 10:05 AM IST | Agency | New Delhi

سنیکت کسان مورچہ نے ٹکیت کی قیادت میں گھر گھر جاکر پرچے تقسیم کرنے اور بی جے پی کو سزا دلانے کا اعلان کیا ، ۵۷؍ تنظیمیں میدان میں

Farmer leaders at a press conference showing the leaflets that will be distributed to UP voters. Picture: PTI
کسان لیڈران پریس کانفرنس میں وہ پرچے دکھاتے ہوئے جو یوپی کے ووٹرس میں تقسیم کئے جائیں گے۔ تصویر: پی ٹی آئی

 کسانوں کی حکومت سے ناراضگی کے درمیان سنیکت کسان مورچہ نےاتر پردیش انتخاب کو مدنظر رکھتے ہوئے ’مشن یوپی‘ کی شروعات کر دی ہے۔ کسانوں نے صاف لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ وہ گھر گھر جا کر پرچے تقسیم کریں گے اور ’بی جے پی کو سزا دو‘ سلوگن کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔سنیکت کسان مورچہ نے جمعرات کو دہلی میں منعقدہ  پریس کانفرنس میں ’مشن یوپی‘ کی شروعات کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں کا حکومت کے ساتھ  ۵؍ نکات پر اتفاق قائم ہوا تھاجس پر حکومت نے خط بھی جاری کیا تھا۔ اسی کے بعد کسان تحریک ملتوی کی گئی تھی لیکن اب تک ان ۵؍ نکات میں سے ایک بھی نکتے پرسرکار نے کوئی پیش رفت نہیں دکھائی ہے۔  اسی وجہ سے ہمیں میدان میں اترنا پڑ رہا ہے۔
کسانوں نے کیا کہا ؟
  کسان لیڈران نے پریس کانفرنس منعقد کرتے ہوئے کئی باتوں کی طرف توجہ دلائی ۔ اس پریس کانفرنس میں راکیش ٹکیت نے کہا کہ بدقسمتی سے ایم ایس پی پر کمیٹی آج تک نہیں بنی ہے ۔ کسانوں کے خلاف درج مقدمات واپس  لینے کی بات پر بھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے، پرالی پر جرمانے کا معاملہ بھی تھا، اور بجلی بل پر بھی کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ ایسے میں ہم سرکار کی یقین دہانی کے بھروسے کب تک رہیں۔ اسی لئے ضروری ہے کہ بی جے پی کے ہوش ٹھکانے لائے جائیں اور انہیں بتایا جائے کہ کسانوں کی ناراضگی مول لے کر وہ اقتدار میں نہیں رہ سکتی ۔ 
؍۵۷؍ تنظیمیں میدان میں ہیں
 کسانوں نے اعلان کیا ہے کہ سنیکت کسان مورچہ کے ’مشن یوپی‘ کے سلسلے میں اتر پردیش کی ۵۷؍کسان تنظیمیں مدد کریں گی اور گھر گھر جا کر یوپی کے ووٹرس سے اپیل کریں گی کہ وہ خاص طور پر بی جے پی کے لیڈروں سے سوال پوچھیں۔ ہم ان پرچوں میں اپنی طرف سے کچھ سوال دیں گے جنہیں عوام اپنے اپنے نمائندوں اور بی جے پی لیڈران سے پوچھ سکتے ہیں۔
؍ ۹؍ مقامات پر پریس کانفرنس 
 کسان لیڈروں کا کہنا ہے کہ انتخاب کے دوران کسان ۹؍مقامات پر پریس کانفرنس منعقد کریں گے جن میں میرٹھ، مراد آباد، لکھنؤ، کانپور، الٰہ آباد، سدھارتھ نگر، گورکھپور اور بنارس شامل ہیں۔ پریس کانفرنس میں موجود سینئر کسان لیڈر یوگیندر یادو نے ایک بار پھر اس بات کو واضح کر دیا کہ وہ کسی بھی پارٹی کے لئے ووٹ نہیں مانگیں گے۔  انہوں  نے کہا کہ ان کا مقصد صرف بی جے پی کوسبق سکھانا ہے۔یادو کے مطابق بی جے پی کے خلاف میدان میں اترنا بہت ضروری ہے کیوں کہ اگر ایسا نہیں کیا گیا تو یہ لوگ اپنی من مانی کرتے رہیں گے اور کسانوں کے ساتھ ساتھ پورے ملک کو نقصان پہنچائیں گے ۔ 
کسانوں کو بجٹ سے بھی امیدیں تھیں
 پریس کانفرنس میں راکیش ٹکیت نے بتایا کہ کسانوں کو بجٹ سے بہت امید تھیں۔ ہمیں لگتا تھا کہ اب سرکار کو ہوش آگیا ہے اور وہ کسانوں کے مفاد میں کچھ اعلانات کرے گی لیکن یہ بجٹ تو ٹائیں ٹائیں فش ہو گیا۔ ہم ایم ایس پی  کے سلسلے میں بھی بہت پر امید تھے لیکن سرکار نے مایوس ہی کیا ۔ ٹکیت کے مطابق  اتر پردیش اوراتراکھنڈ میں انتخابات ہیں اور وہاں بھی کسان لیڈران پریس کانفرنس کریں گے۔ راکیش ٹکیت نے کہا کہ ہماری عوام سے یہی اپیل ہوگی کہ وہ  ان سے سوال پوچھیں، کیونکہ حکومت کسی سے ملتی نہیں ہے۔ ہم ایک سال تک دہلی میں بیٹھے رہے وہ ہم سے بھی نہیں  ملے۔ ہم نے کچھ سوال  تیار کئے ہیں،وہ سوال حکومت سے ضرور پوچھیں۔ اپنی زبان میں حکومت  تک  بات پہنچانے کا کام کریں پھر دیکھیں کہ کیسے حالات تبدیل ہوتے ہیں۔ 
راجستھان کی مثال دی 
 راکیش ٹکیت نے کہا کہ راجستھان میں کسانوں کے سامنے مسئلہ پیدا ہوا تو ہم وہاں گئے اور وہ مسئلہ حل کروایا۔ یوپی میں گنے کی قیمت کی  ادائیگی ۱۴؍ دن میں کرنے کا وزیر اعظم   نے وعدہ کیا تھا لیکن ایسا  اب تک نہیں ہوا ہےبلکہ کسانوں کو ۱۱؍مہینے میں  ایک مرتبہ ادائیگی ہو رہی ہے۔ ایم ایس پی پر فصل کی خریداری بھی نہیں ہو رہی ہے۔ اسی لئے  ہم اس ’مشن یوپی‘ کے تحت سوشل میڈیا کے ذریعہ یوپی کے نوجوانوں کو پیغام بھیجیں گے اور دیگر ووٹرس سے بھی جڑیں گے تاکہ بی جے پی کو ہرایا جاسکے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK