Inquilab Logo

کھیرواڑی پولیس اسٹیشن میں آتشزدگی،اہلکار شدید زخمی

Updated: December 13, 2022, 11:23 AM IST | Kazim Shaikh | Mumbai

یہاں کھیرواڑی پولیس اسٹیشن میں اچانک آگ لگنے کی وجہ سے اس کی زد میں آکر ایک پولیس افسر بھی زخمی ہوگیا ہے اور اس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔

Kherwadi Police Station whose store room caught fire.
کھیر واڑی پولیس اسٹیشن جس کے اسٹور روم میں آگ لگ گئی تھی۔

یہاں کھیرواڑی پولیس اسٹیشن میں اچانک آگ لگنے کی وجہ سے اس کی زد میں آکر  ایک پولیس افسر بھی زخمی ہوگیا ہے اور اس کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔ پولیس نے  حادثاتی معاملہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے ۔البتہ فائربریگیڈ کا کہنا ہے کہ جس روم میں آگ لگی تھی وہ اندر سے بند تھا۔ اس لئے اس حادثے کی جانچ ہر زاویئے سے  کی جانی چاہئے۔
   باندرہ کے مشرقی جانب کھیر واڑی پولیس اسٹیشن کی بلڈنگ گراؤنڈ پلس ون ہے اور پولیس اسٹیشن کے اسٹور روم میں پیرکو دوپہر تقریباً ساڑھے ۱۲؍ بجے اچانک آگ لگ گئی ۔ اس اسٹور روم میں ۵۷؍ سالہ اسسٹنٹ سب  انسپکٹر اروند کھوت موجود تھے ۔ 
 پولیس کا کہنا ہے کہ اس آتشزدگی میںپولیس انسپکٹر کھوت ۹۵؍ فیصد جھلس گئے تھے اور روم کا دروازہ توڑ کر انھیں باہر نکال کر سائن اسپتال میں علاج کیلئے داخل کیا گیا تھا ۔ ابتدائی علاج کے  بعد  انھیں مسینا اسپتال   منتقل کیاگیا ہے ۔ 
 کھیر واڑی پولیس اسٹیشن سےملنےوالی اطلاع کے مطابق اسٹورروم میں پولیس اسٹیشن کے ذریعہ ہاکروں سے ضبط کئے گئے گیس سلنڈر  بھی رکھے ہوئے تھے اور اسی کے ساتھ کمرے میںپولیس اسٹیشن کا بھی بہت سا ریکارڈ  اور الیکٹرانک سامان رکھا ہوا تھا جو آتشزدگی میں خاکستر ہوگیا ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ آتشزدگی کے بعد شور وغل  ہونے پر پولیس اہلکاروں نے اسٹوروم کھولنے کی کوشش کی تو روم اندر سے بند تھا۔  پولیس اہلکاروں کو دروازہ توڑنا پڑا  ۔ اس کے بعد فائر بریگیڈ کے اہلکار جائے وقوعہ پر فائر انجن ، پانی ٹینکر اور ایمبولنس کے ساتھ پہنچے اور آگ پر قابو پایا ۔ 
خود کشی کا شبہ
 ایک سوال کے جواب میںپولیس کاکہنا ہے کہ زخمی ہونے والے اسسٹنٹ پولیس سب انسپکٹر اروند کھوت ۲؍ سال سے کھیرواڑی پولیس  اسٹیشن میں ڈیوٹی کررہےتھے ۔ ابھی تک آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیںہوسکی ہے لیکن ایسا شبہ بھی کیا جا رہا ہے کہ یہ معاملہ خودکشی کا بھی ہوسکتا ہے ۔ پولیس معاملے کی چھان بین کررہی ہے ۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK