Inquilab Logo

مہاڈمیں سیلاب متاثرین حکومت اور انتظامیہ سےناراض، ممبئی گوا شاہراہ پر’راستہ روکو‘مظاہرہ

Updated: May 03, 2022, 8:59 AM IST | Siraj Shaikh | Murud-Janjira Fort

گھنٹوں ٹریفک جام رہا، شیوسینا کے رکن اسمبلی اور مقامی صدر بلدیہ کا اپنی ہی حکومت کے خلاف مظاہرہ، مطالبہ منظور نہ ہونے پر آئندہ’ریل روکو آندولن‘ کا انتباہ

The people of Mahad were badly affected by the floods last year.Picture:INN
گزشتہ سال سیلاب کی وجہ سے مہاڈ کے لوگوں کا بہت نقصان ہوا تھا۔ تصویر: آئی این این

جولائی۲۰۲۱ء میں مہاڈ میں موسلا دھار بارش کے سبب جو سیلاب آیا تھا،اس کی وجہ سے کافی تباہی مچی تھی۔اس قیامت صغریٰ کے ۹؍ ماہ گزر جانے کے بعد بھی ساوتری ندی کی مٹی مکمل طور پر نکالی نہیں گئی  اور ندی  کے چھوٹے چھوٹے ٹیلوں کو ہٹایا نہیں گیا۔   ندی کے ٹیلوں کو ہٹانے کیلئے سی آر زیڈ کی منظوری ضروری ہوتی ہے۔ کہا جاتا ہے کہ اس معاملے میں متعلقہ محکمہ ٹال مٹول کررہا ہے ۔ اس مطالبے کے ساتھ  اہالیان مہاڈ نے ممبئی گوا شاہراہ پر ’راستہ روکو‘ آندولن کیا جس کی وجہ سے شاہراہ پر گھنٹوں ٹریفک جام رہا۔ مسافروں کو دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔اس مسئلہ  پر بڑی تعداد میں سیلاب متاثرین ممبئی گوا شاہراہ پر شام کے وقت جمع ہوگئے اور اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے ریاستی حکومت اور انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کرنے لگے۔   شیو سینا کے رکن اسمبلی بھرت گوگائولے اور صدر بلدیہ اسنہل جگتاپ کی قیادت میں، مہاڈ سیلاب بچائو سمیتی کے  بینر تلے یہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ بعد ازاں رکن اسمبلی بھرت گوگائولے، صدر بلدیہ اسنیہل جگتاپ سمیت سیکڑوں مظاہرین کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔ مہاڈ سیلاب سے بچاؤ کمیٹی کے نتن پاولے، روی ورنیکر، دھننجے دیشمکھ اور سمیر مہتا نے بھی انتظامیہ کے خلاف ناراضگی ظاہر کی اور احتجاج میں شامل ہوئے۔اس موقع پر پولیس  اہلکار بڑی تعداد میں موقع پر موجود تھے۔رکن سمبلی بھارت گوگائولے نے کہا کہ اس سے قبل ہم نے ساوتری ندی کی مٹی اور کائی نکالنے کیلئے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا جس کے بعد انتظامیہ بیدار ہوئی اور ندی سے مٹی نکالنے کا کام شروع کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مہاڈ شہر کو سیلاب سے بچانا ہو تو ساوتری ندی کے ٹیلوں کو نکالنا بے حد ضروری ہے، اسی طرح گوٹھے کے علاقے میں ریلوے کی جانب سے مٹی کا جو بھرائو کیا گیا ہے اسے بھی نکالنا بے حد ضروری ہے۔
  انہوں نے انتظامیہ کو متنبہ کیا کہ اگر ان معاملات پر توجہ نہیں دی گئی تو وہ اس کے بعد ریل روکو آندولن کریں گے۔ انہوں کہا کہ ریاست میں ہم اقتدار میں  ہیں لیکن پہلے میں عوام کا خادم ہوں عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنا میرا اولین فرض ہے۔ دو دنوں میں ساوتری ندی کے ٹیلوں کو ہٹانے کیلئے انتظامیہ نے سی آر زیڈ کی منظوری نہیں دی تو پرائیویٹ کمپنی کی مشینوں سے ندی کے ٹیلے ہٹانے کا کام شروع کردیا جائے گا۔ صدر بلدیہ اسنیہل جگتاپ نے حکومت کو انتباہ دیا کہ اگر  آئندہ دو دنوں میں سی آر زیڈ کی اجازت پر کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تو اپنے رضاکاروں کے ساتھ منترالیہ تک مورچہ نکا ل کر احتجاج کریں گے۔  خیال رہے کہ یہاں گزشتہ سال سیلاب کی وجہ سے کافی نقصان کا سامنا کرناپڑاتھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK