Inquilab Logo

فلوریڈا : طوفانی بارش اور ہواؤں سے خوف

Updated: October 04, 2022, 11:56 AM IST | Agency | Washington

 سمندری طوفان کے بعد تباہ کن بارش اور طوفانی ہوائیں چلنے سے متاثرین ایک بار پھر اپنے گھروں میں قید ہوگئےہیں طوفان کے نتیجے میں  ہلاک ہونے والوں کی تعداد ۸۷؍ ہوگئی ۔ اب بھی فلوریڈا میں۷؍ لاکھ سے زائدگھر بجلی سے محروم ہیں

A couple in Florida amid stormy winds.Picture:AP/PTI
فلوریڈا میں  طوفانی ہواؤں کے درمیان ایک جوڑا۔ تصویر:اےپی / پی ٹی آئی

 امریکی ریاست فلوریڈ ا میں سمندری طوفان ایان کے بعد تباہ کن بارش اور  طوفانی ہواؤں سےسمندری طوفان کے متاثرین خوفزدہ ہوگئےہیں۔ اسی دوران طوفان کے سبب امریکہ  کے مختلف حصوں میں مختلف حادثات کے نتیجے میں ہلاک  ہونے والوں کی تعداد ۸۷؍ ہوگئی۔اس طوفان کے سبب اب تک کے  بڑے پیمانے پر مالی نقصان بھی ہوا ہے۔سمندری طوفان  ایان کیو با میں تباہی مچانے کے بعد گزشتہ بدھ کو فلوریڈا اور جمعہ کو جنوبی کیرولینا سے ٹکرایا تھا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق  امریکی ریاست فلوریڈا میں  پیر کو  طوفان سے متاثر ہونے والے لوگ اپنے گھروںسے باہر نکلنے لگے تھے ۔ اسی دوران  اچانک  طوفانی ہواؤں کے ساتھ تیز بار ش ہونے لگی جس سے لوگ ایک با ر  پھر اپنے گھروں میں قید ہوگئے۔  دوسری  جانب حکام کا کہنا ہےکہ  فلوریڈا میں ایان سے۸۳؍اور  شمالی کیرولینا میں۴؍ اموات ہوئی ۔ ان کے مطابق صرف فلوریڈا کی لی کاؤنٹی میں طوفان کے  سبب ۴۲؍افراد ہلاک ہوئے۔ کاؤنٹی شیرف کارمین مارسینو نے ایک سوال کے جواب میں صحافیوں کو بتایا کہ مرنے والوں کی تعداد کا اندازہ لگانا مشکل ہے کیونکہ کاؤنٹی میں بھاری نقصان ہوا ہے، یہ تعداد بڑھ سکتی ہے۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ مرنےوالوں کی تعداد سو کے قریب ہے؟ا س کے جواب میں ان کاکہنا تھا :’’  مجھے نہیں معلوم۔ میں امید کرتا ہوں اور دعا کرتا ہوں کہ ایسا نہ ہو۔‘‘  گورنر رون ڈی اسینٹیس کے دفتر کے مطابق بدھ کی سہ پہر ایان کے پہنچنے کے بعد سے فلوریڈا میں ایک ہزار ۶؍ سو سے زیادہ افراد کو بچایا جا چکا ہے۔ ادھرفلوریڈا میں اب بھی۷؍ لاکھ سے زائد گھروں کی بجلی معطل ہے۔ طوفان کے سبب ورجینیا میں بارش سے ساحلی علاقوں میں سیلاب کا خطرہ ہے جہاں پیر سےایان  تباہ کن طوفان کے سبب تیز بارش اور ہوا بھی چل رہی ہے  ۔ایان  جمعہ کی سہ پہر کو کیٹگری  ۱؍کے سمندری طوفان کے طور پر جنوبی کیرولینا  سے ٹکرایا اور کمزور ہو کر بعد میں جمعہ کو جنوبی ورجینیا میں پہنچ گیا۔  دریں اثناءامریکی صدر جو بائیڈن  نے ایان کی تباہی دیکھنے  فلوریڈا جانے  کے بعد سمندری طوفان فیونا سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے پیر کو پورٹو ریکو کا  دورہ کیا۔ سمندری طوفان فیونا گزشتہ ماہ امریکہ پر شدید بارش، تباہ کن سیلاب  اور جزیرے بھر میں بلیک آؤٹ کا  سبب بنا  ہے۔ قبل ازیں بائیڈن نے جمعہ کو کہا  تھاکہ سمندری طوفان ایان ملک کی تاریخ کے مہلک ترین طوفانوں میں سے ایک ہوسکتا ہے۔
 قدرتی آفات سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے والی ایک امریکی ریسرچ فرم کور لوجک کے مطابق ایان کے دوران تیز ہوا اور سمندری طوفان سے ہونے والے نقصان کا تخمینہ۲۸؍ بلین  سے ۴۷؍ بلین امریکی ڈالر کے درمیان ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK