Inquilab Logo

لارڈز میں پہلی بار افطار کی ضیافت اوراذان کا اہتمام

Updated: April 30, 2022, 1:04 AM IST | London

حاضرین نے براہ راست اذان سن کر روزہ کھولا۔ کرکٹ کی جائے پیدائش میں اس منفرد انعقاد کا بیشتر کھلاڑیوں کی جانب سے خیر مقدم

Attendees listen to the call to prayer with enthusiasm (Agency)
حاضرین اذان کو شوق سے سنتے ہوئے ( ایجنسی)

ایک طرف جہاں بعض مقامات پر اذان پر پابندیوں کی بات ہو رہی ہے تو  دوسری طرف انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ایک ایسا قدم اٹھایا ہے جسے دیکھ کر بیشتر مسلم کھلاڑی  اور  امن پسند افراد جھوم اٹھے۔ انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کی میزبانی میں ہوم آف کرکٹ یعنی  لارڈز میں پہلی مرتبہ افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں کئی اعلیٰ شخصیات نے شرکت کی۔ خاص بات یہ رہی کہ لوگوں نے افطار براہ راست اذان کو سن کر کیا۔ اذان دینے کیلئے خاص طور پر مولوی صاحب دعوت میں شریک تھے جنہوں نے ڈائس پر کھڑے ہو کر اللہ کے منادی کے فرائض انجام دیئے اس کےبعد لوگوں نے افطار کیا۔ 
  کہا جا رہا ہے کہ یارکشائر کرکٹ کلب میں عظیم رفیق (کرکٹ کھلاڑی) کے ساتھ پیش آئےنسل پرستی کے واقعے کے بعد انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے مثبت ثقافت کو فروغ دینے کیلئے ایک اہم اقدام کیا ۔اس تقریب میں عظیم رفیق کی موجودگی کے علاوہ جارج ڈوبیل جیسی مشہور شخصیات کی شرکت بھی خاص بات تھی  جس نے اس تقریب کو چار چاند لگادیئے۔پاکستانی کرکٹر شعیب ملک نے اس اقدام کی تعریف کی اور لکھا کہ’’  لارڈز میں ایک تاریخی لمحہ، ان تمام لوگوں کیلئے خصوصی تعریف جنہوں نے رمضان المبارک کے دوران لارڈز میں افطاری کی۔‘‘حاضرین نے انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی) اور لارڈز کرکٹ اسٹیڈیم کی انتظامیہ کی جانب سے مسلم کمیونٹی کو متحد کرنے اور بین الاقوامی سطح ہر ایک مثبت چہرہ دکھانے پر ان کی تعریف بھی کی۔
 اسکائی اسپورٹس کے ایسوسی ایٹ پروڈیوسر نکول پانڈے نے لارڈز کے میدان میں لانگ روم سے مغرب کی اذان کی ویڈیو بھی شیئر کی اور اسے خوبصورت لمحہ قرار دیا۔علاوہ ازیں افطار پارٹی میں انگلینڈ کے سابق کپتان نے بھی شرکت کی اور اس طرح کے اقدام کی خوب تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ’’ ہوم آف کرکٹ پر رمضان کریم کی پہلی افطاری کی میزبانی میں ایک خوشگوار شام گزری۔‘‘ پاکستان کے تیز گیند باز شاہین شاہ آفریدی نے ٹویٹ کیا ’’ یہ ایک ناقابل یقین اور  پوری طرح قابل تعریف اقدام ہے۔  انگلینڈ کرکٹ بورڈ کا بصد شکریہ جس نے مسلم کمیونٹی کو کرکٹ سے جوڑنے کی کوشش کی۔‘‘
  خود عظیم رفیق جنہوں نے گزشتہ دنوں انگلینڈ کرکٹ میں نسل پرستی کا الزام لگایا تھا،انہوں نے بھی ٹویٹ کرکے اسے اقدام کی تعریف کی۔  انہوں نے لکھا ’’ میرے لئے ای سی بی کی اولین افطار پارٹی میں شریک ہونا اعزاز کی بات تھی۔  ‘‘ آگے انہوں نے لکھا ’’ تہمینہ حسین (منتظم) اور ان کی ٹیم کا بےحد شکریہ جنہوں نے اس یادگار پروگرام کا انعقاد کیا اور وہاں موجود تمام لوگوں کیلئے اس دعوت کو یادگار بنایا۔‘‘  واضح رہے کہ لارڈز دنیائے کرکٹ کے سب سے قدیم میدانوں میں سے ایک ہے اور انگلینڈ کو کرکٹ کی جائے پیدائش کہا جاتا ہے۔کرکٹ میں مذہب کا کبھی عمل ودخل نہیں رہا  لیکن گزشتہ کچھ عرصے میں پیش آنے والے واقعات کے بعد مسلمانوں سے قربت کے اظہار کے طور پر اس طرح کے انعقادکئے جا رہے ہیں۔  اہم بات یہ ہے کہ اس کا ہر طرف خیر مقدم ہو رہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK