• Fri, 24 October, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شہرومضافات میں۴؍ مختلف حادثات ، ایک خاتون ہلاک

Updated: October 24, 2025, 6:45 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

مدنپورہ میں زیر مرمت عمارت کا حصہ گرنے سے ۷؍مزدورزخمی۔ گرگاؤں کےحادثہ میں بھی ۲؍معمرافراد زخمی ہوگئے۔

Accident In City.photo:INN
شہر میں حادثہ۔ تصویر:آئی این این

بدھ کو شہرومضافات کے۴؍ مقامات پرپیش آنے والے مختلف حادثات میں ایک خاتون ہلاک اور ۸؍ افراد زخمی ہوگئے ۔ زخمیوںمیں مدنپورہ کے سالویشن آرمی میں زیر مرمت عمارت کاحصہ گرنے سے ۷؍ مزدور بھی شامل ہیں جن میں ۲؍زیر علاج ہیں جبکہ ۵؍کو علاج کےبعد اسپتال سے رخصت کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح گرگاؤں علاقے میں ایک عمارت کا کچھ حصہ منہدم ہوگیا جبکہ بوریولی اور ملاڈ میں آگ لگنے کے حادثات ہوئے ۔ 
مدنپورہ میں واقع سالویشن آرمی کی ایک منزلہ عمارت کا جزوی حصہ دوپہر میں پونے ایک بجے اچانک منہدم ہوگیا۔ حادثے میں ۷؍ افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کوبی ایم سی کے نائر اسپتال اور تاڑدیو میں واقع پرائیویٹ بھاٹیہ اسپتال میں  داخل کرایا گیا ہے۔ غلام رسول (۲۴) اور محمد سید (۵۹) اب بھی زیر علاج ہیں جبکہ ۵؍دیگر مزدوروںکو علاج کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔
بوریولی (مغرب) میں گورائی علاقےمیں واقع نالندہ ہاؤسنگ سوسائٹی میںصبح ساڑھے ۱۱؍بجے اچانک آگ لگ گئی۔ آگ بیٹھی چال میں لگی۔اس حادثہ میں سجاوٹ کا سامان، لکڑی کا سامان اور کپڑے   خاکستر ہو گئے۔ آگ ساتھ والی ایک منزلہ عمارت تک پھیل گئی تھی۔ فائر بریگیڈ نے ۲؍بجے کے قریب آگ پر قابو پالیا۔ حادثے میں ۲؍ افراد کو فائر بریگیڈ نے پہلی منزل سے بحفاظت بچا لیا جبکہ پہلی منزل پر ایک خاتون باتھ روم میں پھنس گئی۔ پوجا چندر پاریکھ(۳۷)۵۰؍فیصد جھلس گئی تھی ۔ اسے اسپتال پہنچانےپر ڈاکٹروں نےاسے  مردہ قرار دے دیا۔
گرگاؤں ،چیرا بازار علاقےمیں مہاڈاکی عمارت کا ایک حصہ صبح تقریباً سوا ۶؍بجے منہدم ہوگیا۔ آتمارمن جگناتھ شنکر شیٹ مارگ پر مہاڈا کی ایک پرانی عمارت واقع ہےجس کی پہلی منزل پر ایک کمرے کا کچن کا حصہ گر گیا۔ اس میں ٹھاکر جی گالا (۷۵) اور گنونتی گالا (۷۱) زخمی ہوگئے۔ گنونتی گالا کوتاڑدیو میں واقع بھاٹیہ اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔ ان کی حالت مستحکم ہے۔
ملاڈ مغرب کے لنک روڈ علاقے میں واقع بھومی کلاسک بلڈنگ میں صبح ۵؍بجے آگ لگ گئی۔ آگ ان آربٹ مال کے قریب کی ۷؍ منزلہ عمارت کی چھٹی منزل پر ایک بند فلیٹ میں لگی ۔ آگ پھیلنے سے ساتویں منزل کے چاروں فلیٹوں کونقصان پہنچا۔ چھٹی منزل پر بند مکان کا گھریلو سامان،   دروازے اور کھڑکیاں وغیرہ   خاکستر ہو گئے۔ اس حادثہ میں  ۲۴؍ سالہ نوجوان زخمی ہوگیا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK