Inquilab Logo Happiest Places to Work

تِروپور کی ملبوسات برآمدات میں ۹۱ء۴؍ کمی، ۹۰؍ فیصد برآمدات امریکہ کو

Updated: June 08, 2026, 1:03 PM IST | Chennai

برآمدات پر منحصر یہاں  کی گارمنٹس اینڈ ٹیکسٹائل انڈسٹری کو پہلے امریکی ٹیرف کے مسائل نے اور پھرمغربی ایشیا کے بحران نے بری طرح متاثر کیا۔

Tiruppur is the country`s largest center for the manufacture of T-shirts, tracksuits and other such garments (knitwear). Photo: INN
تروپور ٹی شرٹ، ٹریک اور اس طرح  کے دیگر ملبوسات(نِٹ ویئر)کی تیاری کا ملک کا سب سےبڑا مرکز ہے۔ تصویر: آئی این این

ٹی شرٹ، ٹریک اور اس طرح  کے دیگر ملبوسات(نِٹ ویئر) تیار کرنےوالے ہندوستان کے سب سے بڑے مرکز تِروپورسے ایکسپورٹ میں  ۲۶-۲۰۲۵ء میں گزشتہ سال کے مقابلے میں ۴ء۹۱؍ فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔  تروپور نے مالی سال۲۶ء-۲۰۲۵ء میں ۴۲؍ ہزار ۵۴۴ء۴۰؍کروڑ روپے کی برآمدی آمدنی حاصل کی، جبکہ مالی سال۲۵-۲۰۲۴ءمیں یہ رقم۴۴؍ہزار ۷۴۷؍ کروڑ روپے تھی۔ اس طرح گزشتہ سال کے مقابلے میں برآمدات میں ۲؍ ہزار ۲۰۳؍ کروڑ کی کمی درج کی گئی ہے۔ 
ہندوستانی ملبوسات اور ٹیکسٹائل کی صنعت امریکہ کو ریڈی میڈ گارمنٹس برآمد کرنے والے ممالک میں تیسرے نمبر پر ہے۔ اپریل۲۰۲۵ء میں امریکہ نے ان مصنوعات پر۶۶؍ فیصد ٹیرف عائد کردیاتھا، بعد میں اس کے نفاذ کو۹۰؍ دن کے لیے مؤخر کر دیا گیا۔ ٹیرف سے متعلق غیر یقینی صورتحال کے باعث امریکی خریداروں کی جانب سے طلب میں کمی آئی، جس کا منفی اثر پوری صنعت کی کاروباری سرگرمیوں پر پڑا۔ 

یہ بھی پڑھئے: امریکی مویشیوں میں اسکرو ورم پائے جانے کے بعد کنیڈا نے ان پر پابندی لگائی

تروپور اپنی تقریباً۹۰؍فیصد سوتی ملبوسات کی برآمدات امریکہ کو کرتا ہے، جبکہ باقی۵؍ سے ۱۰؍فیصد برآمدات مصنوعی ریشوں سے تیار کردہ کپڑوں پر مشتمل ہوتی ہیں۔ مغربی ایشیا میں جاری طویل تنازع نے بھی اس شعبے کو متاثر کیا ہے، جس کے نتیجے میں روایتی بحری راستے متاثر ہوئے اور برآمد کنندگان کو امریکہ کیلئے اپنی ترسیلات ’کیپ آف گڈ ہوپ‘ کے طویل راستے سے بھیجنے پر مجبور ہونا پڑا۔ اس کے علاوہ قدرتی گیس اور خام تیل کی قیمتوں میں اضافے نے پیداوار اور نقل و حمل کے اخراجات میں اضافہ کر دیا ہے جبکہ اہم کیمیکلز اور پیکیجنگ کے مواد کی قلت نے بھی صنعت کے کام کاج پر دباؤ ڈالا ہے۔ 
تروپور ایکسپورٹرس اسوسی ایشن کے صدر کے ایم سبرامنین نے بتایا کہ ’’برآمدات میں کمی کی بنیادی وجہ امریکہ سے متعلق ٹیرف کے مسائل اور مغربی ایشیا کے جاری بحران سے پیدا ہونے والی رکاوٹیں ہیں، جنہوں نے عالمی تجارت اور بحری نقل و حمل کو متاثر کیا۔ ان مشکلات کے باوجود تروپور کی جانب سے۴۲؍ہزار ۵۰۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ کی برآمدات اس گارمنٹ صنعت کی مضبوطی اور لچک کو ظاہر کرتی ہیں۔ ‘‘ انہوں نے بتایا کہ اس کی وجہ یہ ہے کہ تروپور کے تاجروں   نے آزاد تجارتی معاہدوں کا مؤثر فائدہ اٹھانے، برآمدی آرڈرس پر مسلسل توجہ کے ذریعہ نقصان کو محدود رکھا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK