Inquilab Logo

نیتن یاہو اور ہٹلر میں کوئی فرق نہیں ہے: ترک صدر رجب طیب اردگان

Updated: December 29, 2023, 7:36 PM IST | Ankara

اسرائیل حماس جنگ ۸۴؍ ویں دن میں داخل ہوچکی ہے۔ غزہ میں نسل کشی جاری ہے، ایسے میں رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ ’’ نیتن یاہو اور ہٹلر میں کوئی فرق نہیں ہے۔ نازی جرمنی نے یہودیوں کے ساتھ جو کیا، آج وہی اسرائیل، غزہ کے عوام کے ساتھ کررہا ہے۔‘‘ نیتن یاہو نے اردگان پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’اردگان! ہمیں اخلاقیات کا درس نہ دیں۔‘‘

Recep Tayyip Erdogan and Benjamin Netanyahu, file photo. Photo: INN
رجب طیب اردگان اور بنجامن نیتن یاہو ، فائل فوٹو۔تصویر: آئی این این

ترک صدر رجب طیب اردگان نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نیتن یاہو کا موازنہ ایڈولف ہٹلر سے کیا ہے اور غزہ پر اسرائیل کی نسل کشی کی جنگ کو نازی جرمنی کی طرف سے یہودیوں کے قتل عام سے تشبیہ دی ہے۔ اردگان نے بدھ کو ترکی کے دارالحکومت انقرہ میں ایک ایوارڈ تقریب کے دوران کہا کہ ’’وہ ہٹلر کو برا بھلا کہتے ہیں۔ تم میں اور ہٹلر میں کیا فرق ہے؟ کیا تم ہمیں ہٹلر کی کمی محسوس ہونے دے رہے ہو؟ نیتن یاہو جو کچھ کررہے ہیں، کیا ہٹلر نے بالکل وہی نہیں کیا تھا؟ غور کریں تو بنجامن نیتن یاہو، ہٹلر سے زیادہ امیر ہے اور انہیں مغرب کی حمایت حاصل ہے۔ امریکہ کی طرف سے ہر قسم کی مدد ملتی ہے۔ اتنی معاونت ملنے پر انہوں نے کیا کیا؟ غزہ کے ۲۰؍ہزار سے زائد باشندوں کو قتل کردیا۔ ‘‘
دوسری جانب نیتن یاہو نے ترکی کی مبینہ حقوق کی خلاف ورزیوں کی اس کی تاریخ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے جواب دیا کہ ’’اردگان، جو کردوں کے خلاف نسل کشی کا ارتکاب کرتا ہے، جو اپنے اقتدار کی مخالفت کرنے والے صحافیوں کو قید کرنے کا عالمی ریکارڈ رکھتا ہے، وہ آخری شخص ہوگا جو ہمیں اخلاقیات کا درس دے گا۔‘‘ 
واضح رہے کہ رجب طیب اردگان نے نومبر میں اسرائیل کو ’’غیر محدود‘‘ مغربی حمایت کے ساتھ ’’دہشت گرد ملک‘‘ قرار دیا تھا۔
تاہم، ترکی نے اسرائیل کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات برقرار رکھے ہیں۔ غزہ میں ۲۱؍ ہزار سے زائد افراد ہلاک، ۵۵؍ہزار زخمی اور تقریباً ۳ء۲؍ ملین آبادی بے گھر ہو چکی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK