Inquilab Logo

غزہ : بڑھتی ہلاکتوں کے سبب لاشیں رکھنے کی جگہ نہیں ، مردہ خانے بھرگئے

Updated: October 26, 2023, 11:36 PM IST | Agency | Gaza

اسرائیل کے مسلسل حملوں سے غزہ  میں تباہی مچی ہوئی ہے۔ ایک طرف بے قصور شہریوں کی ہلاکتیں بڑھتی جارہی ہیں  وہیں دوسری طرف رہائشی علاقے کھنڈر میں تبدیل ہوتے جا رہے ہیں۔

Dr. Yasir Ali of Al-Shifa hospital in Gaza shows the ice truck that holds the bodies. Photo: INN
غزہ کے الشفاء اسپتال کے ڈاکٹر یاسر علی آئس ٹرک دکھاتے ہوئے جس میں لاشیں رکھی گئی ہیں۔ تصویر:آئی این این

اسرائیل کے مسلسل حملوں سے غزہ  میں تباہی مچی ہوئی ہے۔ ایک طرف بے قصور شہریوں کی ہلاکتیں بڑھتی جارہی ہیں  وہیں دوسری طرف رہائشی علاقے کھنڈر میں تبدیل ہوتے جا رہے ہیں۔ ۸؍اکتوبر سے اب تک اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر ہلاکتیں  ہوئی ہیں۔  افراتفری اور ہاہاکار  کے سبب لاشوں کی شناخت میں تاخیر ہورہی ہے  اور ورثاء کے آنے تک لاشوں کو سنبھالے رکھنے کیلئے مردہ خانوں کے ذمہ دار اور انتظامیہ پریشان ہیں۔ حالات یہ ہیں  کہ کئی اسپتالوں میں مردہ خانے بھرجانے کے سبب ، ان اسپتالوں کے باہر عارضی خیمے لگائے گئے ہیں، جہاں لاشیں رکھی گئیں ہیں۔ 
 الجزیرہ کی ایک رپورٹ کے مطابق  ناکافی وسائل کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ یہاں متوفین کی لاشوں کو محفوظ رکھنے کیلئے مجبوراً آئسکریم ٹرک کا استعمال کیا جارہا ہے۔ الشفاء اسپتال کے ڈاکٹر یاسر علی نے الجزیرہ کے نمائندہ کو ایسے ہی ایک ٹرک کا دروازہ کھول کر بتایا۔ جس میں کئی لاشیں کفن میں لپٹی ہوئی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ’’ ہرگزرتے دن کے ساتھ اسپتال میں لاشیں بڑھتی جارہی ہیں، جنہیں  محفوظ  طریقے سے رکھنے کیلئے ہمارے پاس جگہ نہیں ہے۔ ہم نے مجبوراً آئس فیکٹری سے یہ ٹرک منگوائےاور اب ان میں بھی لاشیں رکھنے کی گنجائش نہیں بچی ہے۔ کئی جگہ پر ایک ایک خیمے میں ۲۰؍سے ۳۰؍ لاشیں رکھی گئی ہیں۔‘‘
 انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’ان ٹرکوں  میں بیشتر ایسی لاشیں ہیں جن کی شناخت نہیں ہوسکی ہے، اسرائیلی حملے میں ان متوفین کے جسم مسخ ہوگئے ہیں، انہیں شناخت کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ جلد از جلد ان کی شناخت ہوجائے اور انہیں باقاعدہ دفن کردیا جائے۔‘‘ڈاکٹر علی نے بے بس انداز میں کہا کہ’’غزہ بدترین تباہی کا سامنا کررہا ہے،اگر یہ جنگ یونہی چلتی رہے تو ہم متوفین کو دفنانے کے قابل نہیں رہیں گے۔ ‘‘ الشفاء اسپتال پر مبنی الجزیرہ کی ڈاکیومنٹری میں فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ کا بیان ہے کہ ’’غزہ کےتمام اسپتالوں میں استعداد سے زیادہ زخمی زیرعلاج ہیں، شہداء کی تعداد دن بہ دن بڑھتی جارہی ہے ، مردہ خانے لاشوں سے اٹ گئے ہیں۔ ‘‘

palestine Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK