ریاستی سطح پر عازمین کے کوٹے کی مناسبت سے ۱۲۸؍ حج ٹرینرس درکار ہوں گے، ایک حج ٹرینر پر۱۵۰؍ عازمین کو سفرِ حج سے متعلق ٹریننگ کی ذمہ داری ہوگی۔
EPAPER
Updated: August 30, 2026, 1:03 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai
ریاستی سطح پر عازمین کے کوٹے کی مناسبت سے ۱۲۸؍ حج ٹرینرس درکار ہوں گے، ایک حج ٹرینر پر۱۵۰؍ عازمین کو سفرِ حج سے متعلق ٹریننگ کی ذمہ داری ہوگی۔
ریاستی سطح پر حجاج کرام کے کوٹے کی مناسبت سے ۱۲۸؍حج ٹرینرس کی ضرورت ہوگی۔ ان کے انتخاب کے لئے پہلے مرحلے کے طور پرآج اتوار ۳۰؍ اگست کوحج کمیٹی آف انڈیا کے ذریعے کمپیوٹرٹسٹ لیاجائے گا، کامیاب ہونے والوں کونمبر دیا جائے گا۔ اس کےبعد ریاستی حج کمیٹی کے ذریعے انٹرویو لے کران کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ ایک حج ٹرینر پر۱۵۰؍ عازمین کو سفرِ حج سے متعلق ٹریننگ کی ذمہ داری ہوگی۔ ان ٹرینرس کی عمر ۲۵؍ سال سے ۶۰؍سال کے درمیان ہوگی۔
حج ٹرینرس کے لئے آن لائن درخواست دینے کی تاریخ ۱۱؍ اگست سے۲۳؍ اگست مقرر کی گئی تھی۔ ان درخواست دہندگان کا کمپیوٹر بیسڈ ٹسٹ ۳۰؍ اگست کو مرکزی حج کمیٹی کے ذریعے طے کیا گیا تھا جبکہ انٹرویو یکم تا ۹؍ستمبر ریاستی حج کمیٹی کو کرکے حج ٹرینرس کے انتخاب کو حتمی شکل دینی ہوگی۔ ان کی تعلیم، تجربات، کسی قسم کا مجرمانہ ریکارڈ نہ ہواور دیگر تفصیلات بھی انہیں مہیا کرانی ہوں گی۔
یہ بھی پڑھئے: اسمبلی میں عوام کے سوالات پوچھنے میں ۷۲؍ فیصد کمی
ریاستی حج کمیٹی کے ذریعے بتایا گیا کہ اس کا مقصد یہ ہےکہ عازمین کو سفر ِ حج، مقامات ِمقدسہ اور سفر کے دوران کس طرح کی احتیاط برتنی ہوگی، کسی ضرورت پرکس طرح حج انسپکٹر یا متعلقہ شعبے میں رابطہ قائم کرنا ہوگا، خدانخواستہ کسی ناگہانی کی صورت میں وہ کس سے مدد لیں، طبیعت خراب ہوجائے یا کوئی اور مسئلہ درپیش آجائے توکیا کریں، وغیرہ معلومات دی جائے گی تاکہ وہ اطمینان سے حج کرنے کےساتھ دیگر عازمین کی بھی مدد کرسکیں اور ان کیلئے بھی سہولت کا ذریعہ بن سکیں۔