سوال پوچھنے میں امین پٹیل اول ، اسلم شیخ دوسرے اور جیوتی گائیکواڑ تیسرے مقام پر۔
امین پٹیل۔ تصویر: آئی این این
غیرسرکاری تنظیم پرجا فاؤنڈیشن نے منگل کو ممبئی پریس کلب میں منعقدہ پریس کانفرنس میں مہاراشٹر اسمبلی کی کارکردگی اور ممبئی کے ۳۳ ؍اراکین اسمبلی کے کام کاج پر اپنی تجزیاتی رپورٹ ۲۰۲۶ءپیش کی۔ اس رپورٹ میں ۲ ؍ سال سے قبل اسمبلی کی کارکردگی کا موازنہ کرتے ہوئے دعویٰ کیا گیا ہے کہ دیویندر فرنویس کی حکومت کی موجودہ ۱۵؍ویں اسمبلی کے اجلاس میں عوامی سوالات پوچھنے میں ۷۲؍ فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔ اسمبلی کی کارکردگی کا مجموعی اوسط اسکور جو ۱۲؍ویں اسمبلی میں ۶۱؍تھا وہ بھی کم ہو کر ۵۵ ؍پر آگیا۔
اس رپورٹ میں ممبئی کے ۳۳؍ اراکین اسمبلی میں سے کانگریس کے سینئر لیڈر اور رکن اسمبلی امین پٹیل کو سرفہرست جبکہ کانگریس کے ہی رکن اسمبلی اسلم پٹیل کو دوسرا اور جیوتی گائیکواڑ کو تیسرا مقام دیاگیا ہے۔
پرجا فاؤنڈیشن کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ( سی ای او) ملند مہسکے، پروجیکٹ منیجرآصف خان، اسسٹنٹ منیجر ایکناتھ پوار اور دیگر کے ہاتھوں رپورٹ کی اجراءکیا گیا۔ اس کے بعد آصف خان نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے سامنے رپورٹ پیش کی۔