Inquilab Logo

پیٹرول پمپوں پر گاڑی والوں کی زبردست بھیڑ، ٹریفک جام ہوگیا

Updated: January 03, 2024, 9:22 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai

ٹرک ڈرائیوروں کو آج اپنے اپنے مقام پر پہنچ کر گاڑیاں بند کرنےکا پیغام دیا جارہا ہے۔ پریشانی میں اضافہ کا اندیشہ۔

Long queue of motorists to fill petrol. Photo: Anurag Ahir
پیٹرول بھروانے کیلئے گاڑی والوں کی طویل قطار۔ تصویر: انوراگ اہیر

سڑک حادثات کے معاملات میں ڈرائیوروں کیلئے سزا میں اضافہ کے خلاف ٹرک ڈرائیوروں کی جاری ہڑتال کا شہر ومضافات میں بھی کافی اثرنظرآیا۔ نجی گاڑیوںاور خاص طور پر موٹرسائیکل چلانے والوں کی پیٹرول پمپوں پر اتنی زیادہ بھیڑ ہوگئی کہ اس کی وجہ سے پیٹرول پمپ کے باہر سڑکوں پر ٹریفک جام ہوگیا۔
 منگل کو یہ بات پھیل گئی کہ ۳؍ جنوری سے پیٹرول پمپوں پر پیٹرول اور ڈیزل وغیرہ نہیں مل سکے گا جس کی وجہ سے بہت بڑی تعداد میں لوگ  گاڑیوں میں ایندھن بھروانے کیلئے پیٹرول پمپ پر پہنچ گئے۔ بھیڑ اتنی زیادہ تھی کہ گاڑیوں کی قطار سڑک پر پہنچ گئی تھی جس کے سبب بیشتر پیٹرول پمپوں کے باہر سڑک پر ٹریفک جام ہوگیا۔
 تلسی پائپ روڈ پر ماٹونگا کے پیٹرول پمپ کے قریب کوئی دیگر پمپ نہیں ہے جس کی وجہ سے یہاں پر اتنی زیادہ بھیڑ ہوگئی تھی کہ اس سڑک پر ماہم جانے والے راستے پر تقریباً ۷۰۰؍ میٹر تک ٹریفک جام ہوگیا تھا۔ آگری پاڑہ پر ۳؍ پیٹرول پمپ ہیں جن میں سے ایک پر صرف گیس بھرا جاتا ہے یہاں چار پہیہ گاڑیوں کی قطار تھی جبکہ پولیس اسٹیشن کے سامنے واقع پیٹرول پمپ پر اتنی زیادہ بھیڑ تھی کہ ٹریفک جام ہوگیا اور اس کے قریب واقع ایک دیگر پیٹرول پمپ پر ایندھن ختم ہوجانے کی وجہ سے اسے دن ہی میں بند کردینا پڑا  ۔ اسی طرح کی بھیڑ گرانٹ روڈ، ممبئی سینٹرل اور دیگر کئی پیٹرول پمپوں پر بھی نظر آئی۔
اس نمائندے نے جب پٹرول سپلائی کے تعلق سے ممبئی کے ایک پٹرول پمپ کے مالک سے گفتگو کی تو انہوں نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ’’منگل کی صبح تک تیل کی کمپنیاں ایندھن سپلائی کرنے کیلئے آرڈر قبول کررہی تھیں لیکن صبح کچھ تاخیر کے بعد ریفائنری کے باہر احتجاجی مظاہروں اور بھیڑ کے ذریعہ آئل ٹینکروں کو باہر نہ نکلنے دینے کی وجہ سے کمپنیوں نے ایندھن سپلائی بند کردی۔‘‘
دریں اثناء مالیگائوں کے ٹرک ڈرائیور ابوذر انصاری (۵۲) نے انقلاب سے گفتگو کے دوران بتایا کہ ’’ٹرانسپورٹ  لائن سے جڑے افراد میں یہ پیغام پھیل گیا ہے کہ تمام ڈرائیور اپنی گاڑیاں لے کر ۳؍ جنوری تک واپس اپنے اپنے مقام پر پہنچ جائیں اور اپنی گاڑیاں بند کردیں۔اگر کوئی ڈرائیور ایسے راستے پر پھنس گیا ہے جہاں راستہ روکوآندولن  کیا جارہا ہے تو وہ کچھ نہیں کرسکتا لیکن جو لوگ اپنے گھر پہنچ سکتے ہیں، وہ یہ پیغام   ملنے کے بعد اپنے گھروں کو پہنچ کر کام بند کردیں گے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ  وہ خود بھی بدھ کی صبح تک مالیگائوں پہنچ جائیں گے اور گاڑی بند کردیں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK