Inquilab Logo

این آر سی کا کام ابھی ادھورا ہے ، مزید کام جاری ہے: ہیمنت بسوا شرما

Updated: December 26, 2020, 1:19 PM IST | Agency | Guwahati

حکومت آسام کے وزیر ہیمنت شرما کے مطابق وادی براک کے ہندوئوں کے ساتھ انصاف کیلئے یہ کام مکمل کیا جائیگا

Hemant Biswas Sharma.Picture :INN
ہیمنت بسوا شرما۔ تصویر:آئی این این

 حکومت آسام میں وزیر ہیمنت بسوا شرما نے دعویٰ کیا ہے کہ ریاست میں قومی شہری رجسٹر (این آر سی) کا کام ابھی ادھورا ہے اور وادی براک میں رہنے والے ہندوئوں کے ساتھ انصاف کرنے کی ضرورت ہے۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق شرما نے، جنہیں شمال مشرق میں بی جے پی کا مشکل کشا تصور کیا جاتا ہے،  نے الزام عائد کیا ہے کہ این آر سی کے سابق کنوینر پرتیک ہزیلا کی وجہ سے این آر سی کا کام پورا نہیں ہو سکا اور ہندو انصاف سے محروم رہ گئے۔ہیمنت بسوا شرما نے کریم گنج ضلع کی وادی براک میں ایک میٹنگ کے دوران کہا کہ ’’ہم نے وادی براک کے ہندوئوں کے ساتھ انصاف کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ پرتیک ہزیلا کی وجہ سے این آر سی کا کام اب بھی ادھورا ہے لیکن  اب  ہم تقریباً ۹۰؍  فیصد کام مکمل کر چکے ہیں۔ ہمیں ہندوؤں کو انصاف دلانے کے لئے ابھی کچھ اور کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘ انہوں نےمزید کہا کہ ماں بھارتی کو ماننے والے ہزاروں لوگ اب بھی حراستی کیمپوں میں سڑ رہے ہیں۔ انہیں وہاں سے نکالنے اور ان کا حق دلانے کی ضرورت ہے۔ اس کے لئے ہم جلد از جلد این آر سی کا کام مکمل کریں گے  اور اسے نافذ کریں گے۔
 خیال رہے کہ آسام این آر سی کی حتمی فہرست گزشتہ سال اگست میں جاری کی گئی تھی۔ تقریباً۳ء۳؍ کروڑ درخواست گزاروں میں سے۱۹ء۲۲؍لاکھ لوگوں کو اس فہرست سے باہر کر دیا گیا تھا۔ بی جے پی نے اس فہرست پر تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ اس میں کئی حقیقی شہریوں، خصوصی طور پر۱۹۷۱ء سے قبل بنگلہ دیش سے آئے پناہ گزینوں کو باہر کر دیا گیا ہے۔این آر سی کی فہرست جاری ہونے کے بعد بی جے پی کے شعلہ بیان رکن اسمبلی سلادتیہ دیو نے این ڈی ٹی وی سے بات چیت میں الزام عائد کیا تھا کہ این آر سی ہندوؤں کو باہر کرنے اور مسلمانوں کی مدد کرنے کی سازش کا حصہ تھی ۔ اسے ہر قیمت پر رد کیا جانا چاہئے لیکن اب معاملہ بالکل الٹ ہو چکا ہے۔ اب بی جے پی کی جانب سے اقلیتوں کو ڈرانے اور خوفزدہ کرنے کے لئے یہ کارڈ کھیلا جارہا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK